• 29 اپریل, 2024

ایم ٹی اے کی برکات

إِن نَّشَأْ نُنَزِّلْ عَلَيْهِم مِّنَ السَّمَاءِ آيَةً فَظَلَّتْ أَعْنَاقُهُمْ لَهَا خَاضِعِينَ

(الشعراء:4)

یعنی اگر ہم چاہیں تو آسمان سے ان پر ایک ایسانشان اُتاردیں کہ اس کے سامنے ان کی گر دنیں جھکی کی جھکی رہ جائیں۔

اس آیت سے استدلال کرتے ہوئے حضرت امام جعفر صادقؒ فرماتے ہیں:۔
’’ایک منادی آسمان سے آواز دے گا جسے ایک نوجوان لڑکی پردے میں رہتے ہوئے بھی سنے گی اور اہل مشرق ومغرب بھی سنیں گے‘‘۔

(بحارالانوارجز52 صفحہ 285 ازشیخ محمد باقر مجلسی داراحیاء التراث العربی۔ بیروت)

آنحضرت ﷺ نے حضرت علیؓ کو مخاطب کرتے ہوئے امام مہدی کے متعلق فرمایا:۔
’’پھر ایک ایسی ندا آئے گی جو دور سے اسی طرح انسان سنے گا جیسے وہ نزدیک کی آواز سنتا ہے‘‘۔

(امام مہدی الز مان از محمد علی دخیل ۔ ترجمہ سید صفدر حسین نجفی صفحہ 86 – مصباح الهدیٰ لاہور)

امام مہدی ومسیح موعودؑ

دنیا جانتی ہے کہ اس زمانہ میں صرف جماعت احمد یہ ہی وہ جماعت ہے جس کے بانی حضرت مرزا غلام احمد ؑقادیانی کا دعویٰ ہے کہ وہ وہی امام مہدی اور مسیح ہیں جن کے ظہور کی پیش گوئیاں قرآن کریم اور نبی کریم ﷺ نے فرمائی تھیں۔

MTA کی نعمت

ضروری تھا کہ خدا تعالیٰ اس آخری زمانہ میں ایسے وسائل اور ذرائع عطا فرما تا کہ امت واحدہ بنانے کے سامان پیدا ہو جاتے سو خدا تعالیٰ نے اپنا وعدہ پورا کیا اور اپنے مہدی کی جماعت کو MTA کی نعمت سے نوازا۔ کتنے مبارک تھے وہ دن جب امام مہدی کی قائم کردہ جماعت احمدیہ کو اپنے چوتھے امام حضرت مرزا طاہر احمؒد کے بابرکت دور میں جولائی 1992ء میں جلسہ سالانہ برطانیہ براہ راست ٹیلیویژن پر دکھانے کی توفیق ملی اور پھر 7 جنوری 1994ء سے باقاعدہ ایم ٹی اے کے نام سے روزانہ سروس کا آغاز کر دیا گیا۔ اور 1996ء سے ایم ٹی اے چوبیس گھنٹے کی نشریات لندن سے ساری دنیا میں تقریباً ایک درجن زبانوں میں جاری ہیں۔

MTA کی نشریات

ان نشریات میں تلاوت قرآن کریم ترجمہ تفسیر، احادیث نبویہ کے تراجم وتشریح حضرت امام جماعت احمدیہ کے خطبات جمعہ مجالس سوال و جواب ، سیرت کے پروگرام، سائنسی پروگرام، زبانیں سیکھنے کے پروگرام صحت سے متعلق پروگرام، کھانے پکانے کے بارے میں پروگرام، گیمز کے پروگرام تفریحی مقامات کی سیر کے پروگرام وغیرہ شامل ہیں۔

MTA کی آواز شہر شہر گاؤں گاؤں

پہلے تو ذرائع اور وسائل ایسے نہیں تھے خلیفہ وقت جو بات کر رہا ہوتا تھا وہ اس جگہ پر موجود مجمع تک یا جس جلسے سےوہ خطاب کیا جا رہا ہوتا تھا اس تک محدود ہوتی ۔ لیکن آج ایم ٹی اے کے بابرکت انعام اور انتظام کی وجہ سے یہ آواز اب ہر شہر، ہر گاؤں ، ہر گھر میں لاکھوں احمدیوں کے کانوں تک پہنچ جاتی ہے۔ آنحضورﷺ کی یہ پیش گوئی پوری ہوئی کہ :
’’پھر ایک ایسی ندا آئے گی جو دور سے اسی طرح انسان سنے گا جیسے وہ نزدیک کی آواز سنتا ہے۔‘‘

MTA کے ذریعہ الہام کا پورا ہونا

ہندوستان کی ایک گمنام بستی ’’قادیان‘‘ سے اٹھنے والی حضرت مسیح موعودؑ کی آواز آج ایم ٹی اے نے تمام دنیا میں پہنچا دی ہے۔ خدا تعالیٰ کا حضرت مسیح موعودؑ سے کیا ہوا وعدہ کہ ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘‘ ایک شان سے پورا ہوتا ہوا آج ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں ۔

MTA کے ذریعہ دعوت الیٰ اللہ

MTA کے پروگرام ساری دنیا میں جہاں افراد جماعت کی تربیت کیلئے بے انتہا مفید ثابت ہورہے ہیں و ہاں دعوت الیٰ اللہ کیلئے بھی غیر معمولی طور پر مؤثر ثابت ہورہے ہیں ۔ اس وقت ایم ٹی اے کے چینلز نہ صرف اپنوں کی تربیت کا کام کررہے ہیں بلکہ مخالفین اسلام کا دلائل سے منہ بند کر رہے ہیں۔

MTA بطورغلبہ کا ایک ہتھیار

ایم ٹی اے کو الله تعالیٰ نے غلبہ عطا فرمانے کیلئے ایک ہتھیار کے طور پر مہیا فرمایا ہے۔ بہت ساری سعید روحیں MTA کی بدولت جماعت کی طرف کھنچی چلی آرہی ہیں ۔ آج دنیا کا کوئی ملک ایسانہیں ہے جہاں مسیح محمدی کاپیغام نہیں پہنچ رہا۔

دنیا میں درود پھیلانے کا ذریعہ

جب ایم ٹی اے کے ذریعے درود پڑھا جاتا ہے تو دنیا کے ملکوں کی فضاؤں میں وہ درود پھیل رہا ہوتا ہے۔

MTA جماعت اور خلافت کے تعلق کا ذریعہ

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ الله نے فرمایا:
’’الله تعالیٰ کا احسان ہے کہ اس زمانہ میں فاصلوں کی دُوری کے باوجود الله تعالیٰ نے MTA کے ذریعہ سے جماعت اورخلافت کے تعلق کو جوڑ دیا ہے ۔ اس لئے میرے خطبات اور پروگراموں کوسُنا کریں‘‘۔

(خطبہ جمعہ 27ستمبر2013ء)

MTA دینی علمی اور روحانی ترقی کا ذریعہ

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ نے فرمایا:
’’پس میں یاد دہانی کروا رہا ہوں، اس طرف بہت توجہ کر یں، اپنے گھروں کو اس انعام سے فائدہ اٹھانے والا بنائیں جواللہ تعالیٰ نے ہماری تربیت کیلئے ہمارے علمی اور روحانی اضافے کیلئے ہمیں دیا ہے تا کہ ہماری نسلیں احمدیت پر قائم رہنے والی ہوں ۔ پس ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ اپنے آپ کو ایم ٹی اے سے جوڑیں ۔ اب خطبات کے علاوہ اور بھی بہت سے لائیو (Live) پروگرام آرہے ہیں جو علمی ، روحانی اور دینی ترقی کا باعث ہیں۔‘‘

(خطبہ جمعہ 18 ۔اکتوبر 2013ء)

MTA افراد جماعت کی ترقی کا ذریعہ

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ نے آسٹریلیا میں اپنے خطبہ میں فرمایا:
جماعت لاکھوں ڈالر ہر سال خرچ کرتی ہے اس پر اس لئے کہ جماعت کے افراد کی تربیت ہو۔ اگر افراد جماعت اس سے بھر پور فائدہ نہیں اٹھائیں گے تو اپنے آپ کو محروم کریں گے۔ غیر تو اس سے اب بھر پور فائدہ اٹھارہے ہیں۔ اور جماعت کی سچائی ان پر واضح ہورہی ہے اور اللہ تعالی کی توحید اور اسلام کی حقانیت کا انہیں پتا چل رہا ہے اور ادراک ہورہا ہے۔ پس یہاں کے رہنے والے احمدیوں کو بھی اور دنیا کے رہنے والے احمدیوں کوبھی MTA سے بھر پور استفادہ کرنا چاہئے۔ ایم ٹی اے کی ایک اور برکت بھی ہے کہ یہ جماعت کو خلافت کی برکات سے جوڑنے کا بھی بہت بڑا ذریعہ ہے۔ پس اس سےفائدہ اٹھانا چاہئے ۔

(خطبہ جمعہ 18 ۔اکتوبر 2013ء)

الله تعالیٰ ہم سب کو ایم ٹی اے کی برکات سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ (آمین)

(قمرالدین)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 اکتوبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 اکتوبر 2020