• 3 مئی, 2025

ورچوئل تبلیغ پروگرام

ورچوئل تبلیغ پروگرام
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت عادل ومنصف

موجودہ عالمی سیاسی اور مذہبی صورتحال کافی نازک اور پیچیدہ ہے۔ وہ اقوام اور مذاہب جن کا کوئی امام و پیشوا نہیں اُن کی کیفیت قابل رحم ہے مگر ہمارے نبی و اُمیؐ ہمارے لئے عدل و انصاف کا وہ نمونہ چھوڑگئے ہیں جس کو اقوام عالم کیلئے پیش کرنا ضروری ہے۔ لہذٰا جماعت احمدیہ گلاسگو نے ایک آن لائن انگریزی پروگرام کا انعقاد کیا جس میں ثابت کیا گیا کہ ازل سے لیکر ابد تک جس نے عدل انصاف کرکے دکھایا وہ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ اور کوئی نہیں۔ مورخہ25 اکتوبر 2020ء بروز اتوار شام ساڑھے چھ بجے اس پروگرام کو سوشل میڈیا(YouTube, Facebook, Twitter, Instagram) پر لائیو نشرکیا گیا جس کو 1200 سے زائد احباب نے دُنیا میں دیکھا اور سُنا۔

ایک ماہ قبل اس پروگرام کے انتظامات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ممبران کے ذمہ حاضری، تعلیمی اداروں اور فوج اور پولیس وغیرہ کی دعوت، تکنیکی معاملات، سوشل میڈیا، سیاستدانوں تک رسائی، مختلف مذہبی تنظیموں کو دعوت وغیرہ جیسے کام تھے۔ اس کمیٹی کی میٹنگز ہوئیں اور اس سارے پروگرام کو آن لائن منعقد کرنے کیلئے دعاؤں کے ساتھ معاملات طے پائے۔ الحمدُللہ

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم احمد اووزو کونیڈو صاحب سیکٹری تبلیغ جماعت گلاسگو نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا۔ مکرم مولانا رواح الدین عارف خان صاحب مربی سلسلہ گلاسگو نے انگریزی میں ایک جامع تقریر کی جس کا موضوع تھا «ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت عادل ومنصف»۔ سامعین میں چونکہ غیر مسلم بھی شامل تھے جن کیلئے مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو کا ایک ویڈیو تعارف اور اس کی مختصر تاریخ پیش کی گئی اور دکھایا گیا کہ ہماری جماعت کس طرح مقامی طور پر فلاحی کام کررہی ہے اور اساکٹش معاشرے کا ایک اہم حصہّ ہے۔ مکرم محمد ابراہیم اخلف صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ برطانیہ نے اپنی تقریر میں تاریخ اسلام کے کچھ واقعات کا احاطہ کیا جس میں یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بحیثیت عادل ومنصف انتہائی مشکل حالات میں اپنا کامل نمونہ کیسے پیش کیا۔

چرچ آف اسکاٹ لینڈ سے ریورنٹ پیٹر گل نے بھی خطاب کیاجن کا تعلق پاکستان سے ہے جو ہمارے اکثر پروگرامز میں شامل ہوتے رہتے ہیں۔ وہ مربی سلسلہ عارف خان صاحب کی تقریر سے بہت متاثر ہوئے جس میں ذکر تھا کہ کیسے ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عیسائیوں اور یہودیوں کے ساتھ عدل وانصاف کے معاہدے کئے اور اُن کی حفاظت میں جنگیں بھی لڑیں۔ اس کے بعد ایک مختصر خطاب برطانیہ کی ممبر پارلیمنٹ

Rt. Hon Alison Thewliss MP کا تھا جنہوں نے آج کے پروگرام سے پیغمبرِ اسلام کی سیرت وسوانح کے عدل وانصاف کے پہلو کے متعلق غور سے سُنا اور کہا کہ کاش تمام سیاسی جماعتیں اس نمونے کے ساتھ چلتے ہوئے عالمی انصاف کے قائم کرنے میں کردار ادا کرسکیں۔

اس کے بعد حاضرین کی طرف سے کافی سوالات آج کے موضوع کے حوالے سے بھجوائے گئے تھے جن کے جوابات مربی سلسلہ اور سیکرٹری صاحب تبلیغ برطانیہ نے پیش کئے۔ یہ دلچسپ سلسلہ ابھی جاری تھا کہ وقت کی کمی کی وجہ سے اس کو ختم کردیا گیا۔

آخر میں مکرم عبدالصمد خان صاحب صدر جماعت احمدیہ گلاسگو نے تمام مقررین ، حاضرین اور پروگرام کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بہت محنت سے اس آن لائن پروگرام کو نشر کیا اور ساری جماعت نے گھر بیٹھے سنا۔ دُعا کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

تقریباً دو گھنٹے کے اس پروگرام کو نہایت دلجمعی سے سُنا گیا اور اس پروگرام کو سوشل میڈیا پر بعد میں بھی نشر کیا جاتا رہا۔ بعض مقررین اور حاضرین نے بھی سوشل میڈیا پر اس پروگرام کے بارہ میں اظہار پسندیدگی کیا جس سے تبلیغ کے شاندار مواقع میسر آئے، الحمدُللہ

٭…٭…٭

(رپورٹ: ارشد محمود خاں۔ گلاسگو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 نومبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 نومبر 2020