• 27 اپریل, 2024

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 11)

سیّدنا امیر المؤ منین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورہ امریکہ 2022ء
6؍اکتوبر 2022ء بروز جمعرات
قسط 11

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح چھ بجکر دس منٹ پر ‘‘مسجد بیت الاکرام’’ تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضور انور اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔

صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مختلف ممالک سے موصول ہونے والی ڈاک، فیکسز، ای میلز اور رپورٹس ملاحظہ فرمائیں اور اس تمام ڈاک، خطوط اور رپورٹس پر اپنے دست مبارک سے ہدایات سے نوازا۔ یہاں امریکہ سے بھی روزانہ بڑی تعداد میں احباب جماعت کے خطوط موصول ہو رہے ہیں۔ حضور انور یہ خطوط بھی ملاحظہ فرماتے ہیں اور ہدایات عطا فرماتے ہیں۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایک بجکر تیس منٹ پر ‘‘مسجد بیت الاکرام’’ میں تشریف لا کر نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

فیملیز ملاقاتیں

پروگرام کے مطابق چھ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دفتر تشریف لائے اور فیملیز ملاقاتوں کا پروگرام شروع ہوا۔ آج شام کے اس سیشن میں 24 فیملیز اور دو گروپس افغانی اور مارشلیز نے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ ملاقات کرنے والوں کی مجموعی تعداد 192 تھی۔ آج ملاقات کرنے والے یہ احباب، فیملیز DALLASکی مقامی جماعت کے علاوہ امریکہ کی مختلف جماعتوںKENTUCKY,CHICAGO, BAYPOINT, FORT WORTH, TULSA, ALABAMA, GEORGIA, LOS ANGELES, HOUSTON, LAS VEGAS اور SACRAMENTOسے آئے تھے۔

آج بھی بعض فیملیز اور احباب بڑے طویل سفر کر کے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کے لئے پہنچے تھے۔ شکاگو سے آنے والے 904 میل، لاس ویگاس سے آنے والے 1221 میل، لاس اینجلیز سے آنے والے احباب اور فیملیز 1433 میل کا سفر طے کر کے پہنچے تھے۔ جبکہ BAY POINTسے آنے والے احباب اور فیملیز 1712 میل کا طویل سفر طے کر کے اپنے پیارے آقا سے ملاقات کے لئے پہنچی تھیں۔

آج پاکستان سے آنے والے بعض احباب نے بھی ملاقات کی سعادت پائی۔

ان ملاقات کرنے والے سبھی احباب اور فیملیز نے اپنے پیارے آقا کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔ حضور انور نے ازراہ شفقت تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطا فرمائیں۔

آج بھی ان ملاقات کرنے والوں میں بڑی تعداد ایسے لوگوں کی تھی جو اپنی زندگی میں پہلی بار حضور انور سے مل رہے تھے۔ کتنے ہی خوش نصیب، خوش قسمت یہ لوگ تھے جن کو خلیفۃ المسیح کے قرب کی یہ چند ساعتیں نصیب ہوئیں۔ یہی چند لمحات ان کی ساری زندگی کا سرمایہ ہیں۔ ان کی نسلیں بھی اور ان کے وہ بچے بھی جو والدین کے ساتھ آئے تھے بڑے ہو کر اس وقت کو یاد کریں گے۔

تاثرات

• ڈیلس (Dallas)جماعت کے ایک ممبر طاہر وڑائچ صاحب ملاقات کر کے دفتر سے باہر آئے تو ان کی آنکھوں میں آنسو تھے کہنے لگے کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں بیان کر سکوں۔ مجھے جو دلی سکون ملا ہے میرے دل کو جو اطمینان حاصل ہوا ہے میں اس کو بیان نہیں کر سکتا۔ میں نے اپنے پیارے آقا سے اپنے لئےدعاؤں کی درخواست کی۔ مجھے اب اور کیا چاہئے مجھے تو سب کچھ مل گیا ہے۔

• ایک دوست اواب منظور باجوہ صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضور انور کے چہرہ مبارک پر ایک الٰہی نور ہے جسے آپ ٹی وی پر اس طرح نہیں دیکھ سکتے۔ آپ اس نور کو صرف ذاتی طور پر دیکھ سکتے ہیں۔

• جماعت Bay Pointسے ایک دوست فرید احمد صاحب 1712 میل کا طویل ترین سفر کر کے اپنے آقا سے ملاقات کے لئے آئے تھے۔ جب ان سے ملاقات کا احوال دریافت کیا تو رونے لگ گئے، بات ہی نہیں کر سکتے تھے بس یہ کہتے کہتے چلے گئے کہ اس چہرہ میں سچائی ہے، اس چہرہ میں تقوی ہے، اس چہرہ میں نور ہے۔

• ایک دوست شریف Olekesh Ajala صاحب جماعت ڈیلس سے آئے تھے۔ کہنے لگے کہ مجھے فخر ہے کہ میں امریکہ آ کر اپنے خلیفہ سے ملا ہوں۔ میں بہت خوش قسمت ہوں۔ مجھے پتہ ہے کہ میرے ملک کے زیادہ تر لوگوں کو یہ موقع کبھی نہیں ملے گا۔

• Alabamaجماعت سے آنے والے ایک دوست حماد احمد خان صاحب نے کہا کہ میں راحت اور خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ ان کی بیٹی ساتھ تھی وہ shock میں تھی اور ایک بات بھی نہ کر سکی۔ اللہ تعالی نے کتنی عظیم سعادت عطا فرمائی تھی۔

• جماعت Dallas سے ایک دوست Suliat Opeyemi صاحب ملاقات کرکے دفتر سے باہر آئے تو کہنے لگے میں کیا کہوں۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے اپنی جماعت سے اور خلیفہ سے عزّت بخشی ہے۔ ہمارے جانے سے قبل ہی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو پتہ چل گیا تھا کہ ہم نائجیریا سے آئے ہیں اور ہم یوروبا Yoruba ہیں۔ ہم نے کوئی لفظ ہی نہیں کہا تھا۔ لیکن حضور کو سب معلوم تھا۔ حضور کو یہ بھی معلوم تھا کہ ہم افریقہ میں کہاں سے، کس جگہ سے ہیں۔

• ایک نوجوان رضوان احمد خان جب ملاقات کرکے باہر آئے تو ان سے بات ہی نہیں ہو رہی تھی۔ ان کی رونے والی حالت تھی۔ کہنے لگے کہ میں نے حضور سے پوچھا کہ میں خدا کے بارہ میں اپنے شک کو کیسے دور کروں اس پر حضور انور نے فرمایا دل سے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں اور اللہ تعالیٰ سےاپنے وجود کو ظاہر کرنے کی دعا کریں۔

• ایک صاحب جری اللہ خان صاحب جماعت ڈیلس Dallasسے آئے تھے اپنے تا ثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہنے لگے کہ خلافت احمدیہ میری زندگی میں اللہ تعالیٰ کی ہستی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ آج یہ میری زندگی کی بہترین ملاقات تھی۔ میں اپنے بچوں کے ساتھ تھااور میرے بچوں نے ہی اکثر بات کی۔ میں بس چاہتا ہوں کہ میرے بچے خلافت اور خدا کے قریب ہو جائیں۔

• ایک خاتون عائشہ مبشر صاحبہ جماعت Kentucky سے آئی تھیں ملاقات کرکے باہر آئیں تو رونے لگ گئیں۔ کہنے لگیں کہ بیان کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ حضور انور نے میری فیملی کے بارے میں پوچھا۔ میرے بچوں کے لئے دعا کی۔ میں تو دعائیں لے کر آئی ہوں۔

• جماعت Houston سے آنے والے ایک دوست شاہ غالب صاحب نے کہا میری اپنے روحانی والد سے ملاقات ہوئی۔ مجھے اور کیا چاہئے۔ خلیفہٴ وقت کی صحبت سے دل تسکین سے بھر جاتا اور دل منوّر ہو جاتا ہے۔

• طوبیٰ ملک صا حبہ جماعت Dallas سے آئی تھیں۔ یہ جب باہر آئیں تو ان کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے۔ کہنے لگیں میرے پاس کوئی الفاظ نہیں ہیں۔ آج یہ میری زندگی کا سب سے خوبصورت لمحہ ہے اور خدا تعالیٰ کے محبوب بندہ سے میری ملاقات ہوئی ہے۔

• نصرت ملک صاحبہ بھی جماعت Dallas سے ملاقات کے لئے آئی تھیں۔ یہ بھی رو رہی تھیں کہنے لگیں حضور انور ہماری اس جماعت سے بہت محبت کرتے ہیں۔ اتنی دور سے آکر ہمیں وقت عطا فرما رہے ہیں۔ ہم کتنے خوش نصیب ہیں۔

افغانی گروپ کی ملاقات

افغانستان سے آنے والی خواتین اور بچیوں پر مشتمل ایک گروپ نے حضور انور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ ملاقات کے دوران ان خواتین اور بچیوں نے اپنی مقامی پشتو زبان میں خوش الحانی کے ساتھ ایک نظم پیش کی۔ اس نظم کا اردو ترجمہ درج ذیل ہے:

حضور تشریف لائے اور روشنی چاند جیسی ہو گئی
ہم دن گن رہے تھے اور دن خوشیوں والے آگئے
آنکھیں شمع کی طرح ایمان و اخلاص سے بھر گئیں
ہر ایک کے لئے دعا تیز بارش جیسی ہو گئی
ہم خلیفہ کے ہو گئے اور خلیفہ ہمارا ہو گیا
ایسی اپنائیت ہماری اور ہمارے آقا کے دلوں کی ہو گئی

مارشل آئی لینڈز کے احباب کی ملاقات

آج ساوتھ پینک کے جزائر ملک مارشل آئی لینڈ Marshal Islands سے تعلق رکھنے والے احمدی احباب کے گروپ نے بھی ملاقات کی سعادت پائی۔ یہ گروپ سات افراد پر مشتمل تھاجن میں چار مرد حضرات دو خواتین اور ایک بچہ شامل تھا۔

مارشلیز قوم سے تعلق رکھنے والے یہ لوگ Arkansas سٹیٹ کے شہر Springdale میں آباد ہیں۔ یہ 330 میل کا سفر طے کرکے ملاقات کے لئے Dallas پہنچے تھے۔

ملاقات کے بعد ان سبھی احباب نے اس بات کا اظہار کیا کہ ہمارے دل کی دھڑکن تیز ہو گئی تھی اور ہمارے لئے بولنا مشکل ہو گیا تھا۔

• ایک دوست Luke Zackious صاحب کہنے لگے کہ آج کی ملاقات میں جو ہمیں حضور کا قرب حاصل ہوا ہے۔ یہ میرے لئے ایک خاص لمحہ تھا۔

• ایک خادم Romeo Tanson نے کہا یہ میری حضور انور سے دوسری مرتبہ ملاقات تھی اور میرے لئے ایک خاص یاد ہے۔ یہ ملاقات مجھے ہمیشہ یاد رہے گی۔ میں جب بھی کبھی ڈیلس آؤں گا تو خاص طور پر یہ ملاقات مجھے یاد آیا کرے گی۔

• ایک خاتونJenila John صاحبہ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں جیسے ہی حضور انور کے دفتر گئی تو صرف حضور انور کے چہرہ کو ہی دیکھتی رہی کہ کتنا نورانی چہرہ ہے۔

ملاقاتوں کا یہ پروگرام ساڑھے آٹھ بجے تک جاری رہا بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت الاکرام میں تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھائی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔

اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَ بَارِکْ لَنَا فِیْ عُمُرِہٖ وَ اَمْرِہٖ

(کمپوزڈ بائی:فائقہ بشری۔ بحرین)

(رپورٹ: عبدالماجد طاہر۔ ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد برطانیہ)

پچھلا پڑھیں

دعا کی اہمیت

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 12)