• 9 مئی, 2025

سال نو کے آغاز پر دنیا بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس (قسط اوّل)

سال نو کے آغاز پر دنیا بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس
قسط اوّل

مسجد بیت الرحمان ویلنسیا۔ سپین میں سال نو 2022ء کا آغاز اور نوافل

مکرم کلیم احمد نمائندہ الفضل آن لائن ویلنسیا۔ سپین تحریر کرتے ہیں:
دنیا میں مختلف طریقوں سے نئے سال کی آمد کو منایا جاتا ہے کہیں لوگ آتش بازی رقص وسرور کی محافل کے ساتھ نئے سال میں داخل ہوتے ہیں اور کہیں انگور کھا کر شور شرابے کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا جاتاہے۔ لیکن دنیا میں ایک جماعت ایسی ہے جو اپنے محبوب قائد و اما م کی ہدایت کی روشنی میں مناتےہیں۔ ہر مرد وزن ، چھوٹے بڑے علی الصبح اٹھ کر خدائے واحد کی عبادت کے لیے مسجد کا رخ کرتے ہیں اور خدا کے حضور سجدہ ریز ہو جاتے ہیں۔ اور اس طرح دعاؤں کے ساتھ خدا کے حضور سجدہ ریز ہوتے ہوئے نئے سال میں داخل ہوتے ہیں۔ یہ منظر کتنا جداگانہ منفرد اور دلفریب ہے کہ دنیا کے برعکس لہوو لہب سے منہ موڑ کر یہ عبادالرحمان اپنے رب کے حضور نہ صرف اپنے لیے کناں ہوتے ہیں بلکہ سب دنیا کے لیے خیر وعافیت و سلامتی کی خدا سے بھیک مانگ رہے ہوتے ہیں۔حضور انور ایدہ اللہ کے ارشادکے مطابق یکم جنوری 2022ء کو صبح مسجد بیت الرحمان ویلنسیا میں نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ پچھلے سال وبائی مرض کی وجہ سے مسجد میں نماز تہجد نہ ہو سکی تھی۔ اس سال مسجد میں نماز پڑھنے کا موقع ملا۔ الحمد للہ۔ نماز تہجد 6 بجے سے 7 بجے ہوئی۔ اس کے بعد نماز فجر پڑھی گئی اور نماز کے بعد درس ہوا جس میں حضوانور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات پڑھ کر سنائے گئےجس میں بتایا گیا تھا کہ ایک مومن کو کسی طرح سال گزارنا چاہیے اور ہمیشہ اپنی اصلاح کی فکر کرنی چاہئے۔ تہجد اور نماز میں 33خدام اور انصار شامل ہوئے۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد گاؤں میں ایک گھنٹہ تک وقار عمل کیاگیا۔ گاؤں کی گلیاں اور پارک کی صفائی کی گئی۔وقار عمل کے بعد ناشتہ کیا گیا اور پھر خدام نےمل کر گیم میں حصہ لیا۔

جزائر فجی میں سال نو 2022ء کا آغاز اور نوافل

مکرم طارق احمد رشید۔مربی سلسلہ جزائر فجی تحریر کرتے ہیں:
الحمدُللّٰہ ثم الحمدُللّٰہ! کہ جزائر فجی کی جماعتوں نے امسال بھی اپنے پیارے امام کی خواہش اور آواز پر لبیک کہتے ہوئے حسب ارشاد سال نو2022ء کا آغاز نوافل اور نماز تہجد باجماعت سے کیا ۔ گو کہ فجی کے بعض جزائر میں کرونا کی تیسری لہر بڑی تیزی سے پھیلنے سے ملک میں حکومت کی طرف سے صبح 4 بجے تک کرفیو ہوتا ہے۔ اس لئے مساجد میں تو باجماعت نماز تہجد کا انعقاد نہیں ہو سکا لیکن خدا کے فضل سے انفرادی طور پر بھی اور بعض گھروں میں باجماعت نماز تہجد بھی ادا کی گئی ۔ خدا کے فضل سے احباب جماعت فجی کا خلافت سے محبت اور اخلاص کا یہی جذبہ ہمیں حضور پر نور کے جلسہ قادیان کےاختتامی خطاب کو سننے کے حوالے سے بھی نظر آیا۔ جس کے لئے نہ صرف اس پروگرام کو نظام کے تحت جماعتوں میں سرکولیٹ کیا گیا تھا بلکہ رات 10 بجے سے پروگرام کے براہ راست آغاز تک ایک دوسرے کو یادہانی کے میسجز اور کالز بھی کئے گئے، جس کے بعد احباب جماعت نے خلافت سے محبت اور عشق کا اظہار کرتے ہوئے حضور پر نور کے ساتھ دعا میں شرکت کی توفیق پائی ۔ اور یوں فجی میں خدا کے فضل سے خطبات جمعہ کے ساتھ ساتھ قادیان جلسہ اور سال نو کے حوالے سے حضور انور کی نصائح اور دعاؤں کی طرف توجہ دلانے کے مخصوص الفاظ اور وڈیو زکو بھی الیکٹرونک میڈیا کے ذریعہ ایک دوسرے تک پہنچایا جا تا رہا ،خدا کرے کہ ہم ان نصائح کو اپنی زندگیوں میں بھی عملی رنگ دینے والے ہوں ۔آمین ۔

آغاز سال نو 2022ء جماعت احمدیہ مسلم ملا ئشیا

مکرم فواد احمد ناصر۔نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن ملائشیا لکھتے ہیں :
امسال خدا تعالیٰ کے فضل کے ساتھ اور پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد اور جماعتی روایات کے مطابق جماعت احمدیہ مسلم ملائشیا کو سال 2022ء کے آغاز میں تمام جماعتوں میں نماز تہجد باجماعت، نماز فجربا جماعت تمام مشن ہاؤس،نماز سنٹرز اورانفرادی طور پر گھروں میں بھی ادا کرنے کی توفیق ملی ہے، نماز تہجد کے بعد نماز فجر باجماعت اور نیشنل شعبہ تربیت کے زیر اہتمام تمام جماعتوں میں مرکزی مشن ہاؤس سے درس آن لائن شعبہ تربیت نیشنل کے یوٹیوب چینل پر مکرم مشینری انچارج صاحب نے ارشاد فرمایا۔تمام مشن ہاؤسز میں اور نماز سنٹرز اور گھروں میں احباب کو لائیو سننے کی توفیق ملی۔

اسی طرح مکرم نیشنل امیر صاحب ملائشیا کا سال نو کے آغاز کےلیے خصوصی پیغام بھی لائیو نشر کیا گیا، جس سے تمام احباب جماعت نے بھر پور استفادہ کیا۔ اللہ تعالی آئندہ بھی ہمیں ہمیشہ خلیفہ وقت کے تمام ارشادات پر عمل کرنے کی کما حقہ توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین

آغازسال نو 2022ء جماعت احمدیہ گیمبیا

مکرم سعید الحسن ۔گیمبیا تحریر کرتے ہیں :
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت اور امام وقت کی مثال دل اور دھڑکن کی سی ہے ۔جب بھی امام وقت کچھ ارشاد فرمائیں جماعت فورا ہی دیدہ و دل بچھا دیتی ہے۔ نئے سال کی آمد کے موقع پر 31دسمبر 2021ء کو حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ میں ارشاد فرمایا کہ نئے سال کا أغاز نماز تہجد سے ہو۔ ہر احمدی تہجد پڑھے اور اسے روز پڑھنا لازمی کر لیں۔ دعاؤں میں دن گزاریں۔ اللہ کے فضل وکرم سے گیمبیا میں پوری شان سے حضور انور کی ہدایات پر عمل کا پروگرام بنایاگیا۔ چنانچہ مندرجہ ذیل پروگرام تشکیل دیئے گئے اور ان پر عمل بھی کیا گیا۔

سارے ملک میں احمدی تہجد باجماعت پڑھیں گے جو مساجد اور سنٹرز میں آسکیں آجائیں اور جو دور ہیں فیملی ممبرز کو اکٹھا کر کے تہجد باجماعت کا اہتمام کریں۔

نفلی روزے کا اہتمام کیا جائے۔ ہر احمدی مرد وزن روزہ رکھے۔

سارے ملک کے ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں بکروں کی قربانیاں کی جائیں اور تمام ممبران جماعت اپنی اپنی حیثیت کے مطابق صدقہ دیں۔ چاہے بکروں کی قربانی ہو یا اس سے کم۔

حضور ایدہ اللہ کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط لکھے جائیں۔

ہر فرد اپنا وقت دعاؤں میں گزارے۔

اللہ کے فضل سے ان تمام پروگرامز پر جماعت نے پوری طرح عمل کیا اور ثابت کیا کہ امام وقت اور جماعت ایک چیز کے دو نام ہیں۔

جماعت احمدیہ کینیا میں سالِ نو کا آغاز

مکرم احمدعدنان ہاشمی نمائندہ الفضل آن لائن کینیا۔مشرقی افریقہ تحریر کرتے ہیں :
اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی رہنمائی کے ماتحت جماعتِ احمدیہ کینیا کو ناکورو، ممباسہ نیز ویسٹرن اے ریجنز کی 18جماعتوں میں نمازِ تہجد، نمازِفجر، دروس القرآن، وقارِ عمل اور دیگر دوسری تربیتی و تبلیغی خدمات سرانجام دینے کی توفیق ملی، جن میں کل 351احبابِ جماعت اور 46مہمانان نے شرکت کی توفیق پائی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک

یکم جنوری، 2022ء کا آغاز ان جماعتوں میں بفضل للہ تعالیٰ نمازِ تہجد، نمازِفجر، درس القرآن، نیز وقارِ عمل سے ہوا ۔ وقارِ عمل کے لئےاحباب وخواتین نے Covid۔19 کی موجودہ صورتِ حال کی وجہ سے مساجد کے کمپاؤنڈز میں وقارِ عمل کرنے کی توفیق پائی۔ مساجد اور ان کے ارد گرد کےاحاطوں میں وقارِ عمل کیے گئے۔اسکے علاوہ ویسٹرن ریجن اے میں گذشتہ سال کے آخری عشرہ کی تعطیلات میں تربیتی کلاسز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ان کلاسز کے اختتام پہ ان مندرجہ بالا خدمات کے بعد ایک تربیتی پروگرام تمام معلم سنٹرز میں ترتیب دیا گیا جس میں ’’خلافتِ احمدیہ کی نعمت اور نئے سال کے روحانی عزائم‘‘ کے عنوان سے تربیتی جلسہ جات منعقد کیے گئے۔ ان جلسہ جات میں خلافتِ احمدیہ حقہ کی اہمیت، برکات اور فضائل کے حوالے سے تقاریر ہوئیں اور نئے سال کے لئے حضورِ انور خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں نئے سال کے نیک عزائم نیز دعاؤں کی تحریک کی گئ۔ ان جلسہ جات کے آخر پہ نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے بچوں اور بچیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح 3معلمین سنٹرز میں غیر احمدی و غیر مسلم مہمانان کو بھی مدعو کیا گیا تھا جنہیں تبلیغ کی توفیق ملی۔ الحمد للّٰہ ثم الحمد للّٰہ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان پروگرامز کے دور رس نتائج نکالے اور احبابِ جماعت کے علم و عمل کی قوت کو بڑھائے نیز سلسلہ احمدیہ اور خلافتِ حقہ سے سچا اخلاص و وفا کا تعلق بنا دے۔ آمین ثم آمین۔

آغاز سال نو2022ء واہتمام نماز تہجد و دعائیہ تحریکات ۔آئیوری کوسٹ

مکرم عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں :
پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ مورخہ 31دسمبر 2021ء میں احباب جماعت کو سال نو 2022ء کے موقع پرجہاں خصوصی طور پر نماز تہجد باجماعت یا انفرادی کے التزام کی ہدایت فرمائی تو وہیں تمام احباب جماعت کو دعائیہ تحریک بھی فرمائی۔چنانچہ جماعت آئیوری کوسٹ،مغربی افریقہ کو پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ان امور کی بجاآوری کی سعادت نصیب ہوئی۔آئیوری کوسٹ کے تقریباً تمام ریجنز میں یکم جنوری کی صبح باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔نہ صرف مبلغین کرام بلکہ کئی ایک مقامات پر لوکل معلمین کرام نے بھی باقاعدہ طور پر نماز تہجد کا اہتمام کروایا جس میں مقامی احباب کرام نے شرکت کی اور سال نو کا آغاز نماز تہجد کے ذریعے کرنے کی سعادت پائی۔جن مقامات پر باجماعت تہجد کا اہتمام نہ کروایا جا سکا وہاں پر بھی احباب کرام نے انفرادی طور پر اپنے اپنے گھروں میں تہجد کا اہتمام کیا۔نماز کے بعد کئی ایک مقامات پر درس کا ہدایت کے مطابق احباب جماعت کو دعائیہ تحریک پر عمل کرتے ہوئے ان درود شریف، استغفار و دیگر دو دعائیں کو دہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا نیز احباب جماعت کو اپنی روزمرہ کے امور نے ان دعاؤں کو بطور عادت پڑھنے کی نصیحت کی گئی۔ بعد از نماز فجر کئی مقامات پر احباب جماعت کے لئےناشتہ کا اہتمام کیاگیا جب کہ بعض مقامات پر مسجد و دیگر مقامات کی بذریعہ وقار عمل صفائی کا اہتمام کیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعائیہ تحریکات نیز تحریری و آڈیو خطبہ جمعہ 31 دسمبر بذریعہ سوشل میڈیا مثلاً واٹس ایپ ان علاقوں کے احباب جماعت تک پہنچانے کا اہتمام بھی کیا گیا جہاں فی الو قت خطبہ جمعہ سننے کےلئے ایم ٹی اے کی باقاعدہ سہولت میسر نہیں۔ کئی ایک مقامات پر مبلغین کرام نے 31 دسمبر کا خطبہ جمعہ میں پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی گزشتہ ہدایات کے مطابق احباب جماعت کو نیا سال منانے کے طریق کار سے آگاہ کیا۔ احباب جماعت نے نئے سال کے آغاز پر انفاق فی سبیل اللہ کر کے بھی جماعتی روایات کو قائم کیا تو وہیں کئی مقامات پر مبلغین کرام نے انفرادی طور پر احباب جماعت سے ملاقات کر کے نئے سال کی مبارک باد کے ساتھ ساتھ پیارے آقا کا پیغام بھی انہیں پہنچایا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ احباب جماعت آئیوری کوسٹ کو خلیفہ وقت کی ہدایات مطابق نہ صرف پہلے روز بلکہ مستقلاً نماز تہجد کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے والے ہوں نیز ساتھ ہی ساتھ دعائیہ تحریک کے مطابق شب وروز ان دعاؤں کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے والے ہوں۔ آمین ثم آمین

آغازسال نو 2022ء جماعت احمدیہ
کونگو برازیل

مکرم سعید احمد مبلغ سلسلہ ونمائندہ الفضل آن لائن کونگو برازیل تحریر کرتے ہیں:
بفضلِ اللہ تعالیٰ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد مبارک کی روشنی میں ہماری چند ایک جماعتوں کے علاوہ پورے ملک میں نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی۔ نماز فجر کے بعد قرآن کریم کا درس دیا گیا۔ اور پھر مسجد میں موجود تمام احباب نے تلاوت قرآن کریم کی۔ بعد ازاں ہر ایک نے اپنی استطاعت کے مطابق صدقہ ادا کیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خطبہ جمعہ میں بیان فرمودہ دعائیں لکھ کر وٹس ایپ میں شیئر کیں اور تمام احباب کو انکو باربار پڑھنے کی تلقین کی۔ اکثر احباب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط لکھنے کی توفیق پائی۔ مکرم سعید احمد نیشنل صدر و مشنری انچارج کو نیشنل ٹی وی کونگو کے ایک لائیو پروگرام میں نئے سال کے منانے کے حوالے سے اپنا موقف بیان کرنے کی توفیق ملی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو صحت والی فعال لمبی زندگی عطا فرمائے۔ ہر دن چڑھے مبارک ہر شب بخیر گزرے۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ نیا سال جماعت احمدیہ کے لئے نئی فتوحات کے دروازے کھولنے والا ثابت ہو۔ آمین

آغازسال نو 2022ء جماعت احمدیہ جاپان

مکرم انیس رئیس ۔جاپان سے تحریر کرتے ہیں :
یُوں تو ہر سال جماعت احمدیہ جاپان نئے سال کا آغاز نماز ِتہجد اور دعاؤں سے کرتی ہے ،لیکن سال 2021ء کا اختتام غیر معمولی طور پر خیر وبرکت کا باعث تھا۔ 31دسمبر 2021ء جمعۃ المبارک کا دن تھا اورجاپان میں نئے سال کی تعطیلات کی وجہ سے احباب و خواتین اور بچوں کی حاضری غیر معمولی تھی ۔مسجد بیت الاحد جاپان میں احمدی احباب وخواتین کے علاوہ بعض غیر از جماعت مسلمان احباب بھی نما زجمعہ میں شریک ہوئے۔ نماز جمعہ کے بعد ایک احمدی دوست مرزا حامد بیگ صاحب نے تمام احباب جماعت کی ضیافت کا اہتمام کیا۔

جماعت احمدیہ جاپان کے شعبہ تربیت کی طرف سے پروگرام تھا کہ دونوں جماعتوں میں سالِ نو کا آغاز نماز تہجد سے کیا جائے گا، لیکن حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کے دعاؤں اور تہجد کی تازہ تحریک احباب جماعت تک پہنچانے کا انتظام کیا گیا اور احباب سے درخواست کی گئی کہ حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی تحریک پر لبیک کہتے ہوئے نماز تہجد اور دعاؤں سے نئے سال میں داخل ہوں ۔مسجد بیت الاحد جاپان سے دور اور مسافت پر بسنے والے احباب نے مسجد میں ہی رات قیام کرتے ہوئے نماز تہجد میں شمولیت کی توفیق پائی۔ مسجد بیت الاحد میں ادا کی جانے والی اجتماعی نماز تہجد کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں جماعت احمدیہ ناگویا کے سب سے کم عمر بچے سید آفان احمد (بعمر تین ماہ) سے لے کر سب سے معمر احمدی محترمہ بلقیس بیگم سمیت کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ٹوکیو میں نماز تہجد مکرم حزقیل احمد مربی سلسلہ نے پڑھائی جبکہ مسجد بیت الاحد جاپان میں مکرم حافظ محمد امجد عارف نے نماز تہجد پڑھائی ۔نماز فجر کی ادائیگی کے بعد خاکسار نے احباب جماعت کی خدمت میں نئے سال کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے خطبہ جمعہ میں تحریک فرمودہ دعاؤں کو دوبارہ دہرایا تاکہ احباب جماعت کو یہ دعائیں ذہن نشین ہوسکیں ۔نماز فجر کے بعد مکرم مظفر احمد قادیانی سیکر ٹری ضیافت جماعت احمدیہ جاپان کی طرف سے احباب جماعت کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا ۔جاپان میں نیا سال دنیا بھر سے منفرد انداز سے اور روایتی طریق سے منایا جاتا ہے۔ جاپانی قوم کی اکثریت رات بارہ بجے شنتو مت کے معابد میں دعا کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہتی ہے۔ اسی طرح نئے سال کے موقع پر مبارک بادی کارڈز بھیجنا صدیوں سے جاپانی تہذیب و ثقافت کا حصہ ہے۔ان مبارک بادی کارڈز کے ذریعہ سے عزیز و اقارب اور جن لوگوں سے آئندہ سال تعلق رکھنا مقصود ہو انہیں دعائیں دی جاتی ہیں اور نئے سال میں بھی دوستی اور تعلق کا عزم نو باندھا جاتا ہے۔ جماعت احمدیہ جاپان کی طرف سے بھی ہر سال جاپانی شہنشاہ سمیت، وزیر اعظم جاپان، گورنرز، مئیرز اور کثیر تعداد میں ان احباب کو مبارک بادی کارڈز بھجوائے جاتے ہیں جنہیں جماعت کا تعارف کروانا مقصود ہو۔ امسال بھی جماعت احمدیہ جاپان کی طرف سے پانچ سو کارڈز بذریعہ پوسٹ ارسال کئے گئے جبکہ مجلس خدام الاحمدیہ جاپان کے ممبران نے مسجد بیت الاحد کے نواح میں واقع ایک سو گھرانوں کو مبارک بادی کارڈز دیتے ہوئے جماعت کا تعارف کروایا گیا اور ان کے تعاون پر جماعت کی طرف سے اظہار تشکر کیا گیا۔

گنی کناکری میں احمدیہ مسلم جماعت کی نئے سال 2022ء کی ابتداء

مکرم طاہر محمود عابدؔ۔ نمائندہ الفضل آن لائن گنی کناکری لکھتے ہیں :
خدا تعالیٰ کے فضل اور اس کے خاص رحم کے ساتھ کرّہ ارض پر اس وقت صرف ایک جماعت ہے جو ایک امام کی متبع ہے اور اس کی آواز پر اپنا تن من دھن سب کچھ نثار کرنے کیلئے تیار رہتی ہے۔ 2021ء کا سال اس لحاظ سے بابرکت رہا کہ سال کا آخری دن جمعۃ المبارک کا دن تھا اس دن کی برکت سے چا ر اکناف عالم نے حضرت امیر المؤمنین خلیفۃالمسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست ایم ٹی اے کی برکت سے سنا اور ہمیشہ کی طرح اللہ تعالیٰ کے اس نمائندہ خاص نے جماعت احمدیہ کو خصوصاً اور عالم اسلام کو عموماً نئے سال میں داخل ہونے اور نئے سال کی برکات حاصل کرنے کا طریقہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں بیان فرمایا اور خصوصی دعاؤں کے پڑھنے کی تلقین فرمائی جن میں آنحضرت ﷺ کی ذات بابرکات پر درود بھیجنے کے علاوہ دو قرآنی دعائیں بکثرت پڑھنے کی تلقین فرمائی اور فرمایا کی نئے سال کی ابتداء نماز تہجد باجماعت یا انفرادی طور پر اد اکی جائے اور دن کی ابتداء صدقہ و خیرات سے کی جائے۔

الحمد للہ! تمام عالم احمدیت کی طرح گنی کی جماعت ہائے احمدیہ نے پیارے کی کی آواز پر لبّیک کہتے ہوئے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد نئے سال میں حضور اقدس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے مطابق درود کا ورد شروع کردیا اور فوری طور پر ایک سرکلر تیار کرکے جماعتوں میں بھجوا دیا گیا جن میں وہ دعائیں جن کے پڑھنے کا حضور انور نے ارشاد فرمایا تھا لکھ دی گئیں اور اسی طرح نماز تہجد کی ادائیگی کی طرف بھی توجہ دلائی گئی۔

الحمد للہ! ملک کے چار ریجنز کی 20جماعتوں سے آنے والی رپورٹس کے مطابق جہاں ممکن تھا مساجد میں نماز تہجد ادا کی گئی اور 85فی صد احباب جماعت نے گھروں میں نماز تہجد ادا کی اور ہر احمدی نے اپنی توفیق کے مطابق صدقہ وخیرات بھی دیا اور اللہ تعالیٰ کے حضور نئے سال میں اسلام احمدیت کی ترقی، خلافت کے استحکام اور خلیفہ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی درازئ عمر و صحت و سلامتی کیلئے اور اسلام احمدیت کی ترقی کیلئے حضور انور کے جاری فرمودہ تمام منصوبوں کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور اسی طرح گنی میں جماعت کی ترقی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کے دور ہونے کیلئے بھی دعائیں کی گئیں اور دنیا میں پھیلی بد امنی اور بیماری کے خاتمہ کیلئے بھی دعائیں کی گئیں۔ اور کچھ احباب جماعت نے اس دن روزہ بھی رکھا۔ الحمد للہ علیٰ ذلک۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سال کو اسلام احمدیت کی ترقی کا پیش خیمہ بنا دے اور ساری دنیا حضرت مسیح موعود ؑ کی اتباع میں حضرت محمد ﷺ کے جھنڈے تلے جمع ہو کر سلامتی میں داخل ہو جائے۔ آمین اللھم آمین

بیلجئیم میں تہجد اور دعاؤں کی تحریک پر والہانہ لبیک

مکرم چوہدری طاہر احمدگِل ۔نمائندہ الفضل لندن آن لائن بیلجئیم تحریر کرتے ہیں :
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سال نو کے آغاز پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے تہجد اور دعاؤں کی تحریک پر جماعت احمدیہ بیلجئیم کے افراد نے لبیک کہتے ہوئے کثیر تعداد اجتماعی نماز تہجد کے پروگرام میں شامل ہوئی۔

مکرم امیر صاحب جماعت بیلجیئم نے احباب جماعت کو ایک پیغام کے ذریعےتوجہ دلائی کہ تمام نماز سنٹرز میں اجتماعی نماز تہجد کا اہتمام کیا جائے۔ نماز فجر کے بعد درس اور ناشتے کا بھی اہتمام کیا جائے۔ اس پروگرام میں اللہ کے فضل سے کثیر تعداد میں احباب جماعت شامل ہوئے۔ جس میں بچے جوان اور بوڑھے سب بڑی تعداد میں شامل ہوئے۔ اس سے پہلے اتنی بڑی تعداد اجتماعی نماز تہجد میں دیکھنے کو نہیں ملی۔ یہ خلافت کے ساتھ محبت وفا اورکامل اطاعت کا نمونہ ہے۔

آغازسال نو 2022ء جماعت احمدیہ ماریشس

مکرم مجیب احمد ۔مبلغ انچارج ماریشس تحریر کرتے ہیں :
حضور انور ایدہ اللہ تعالی کی ہدایات کی روشنی میں ماریشس میں مندرجہ ذیل پرگرا م ترتیب پائے۔ الحمد للہ۔ ماریشس میں کرونا بیماری کے زیادہ پھیلنے کی وجہ سے لوگوں کے اکھٹے ہونے پر پابندی ہے، مساجد میں بھی صرف 10 لوگ فاصلے کیساتھ ایک وقت میں آسکتے ہیں۔ ماریشس میں کل 18 جماعتیں ہیں۔ 15 مساجد ہیں۔ 4 سنٹرل مبلغ ا ور4 لوکل مبلغ ہیں۔ اس وجہ سےامسال جماعت احمدیہ ماریشس نے تمام احمدی گھروں میں جہاں تک ممکن ہو باجماعت نماز تہجد اور انفرادی تہجد ادا کرنے کی کوشش کی گئی اور اس کے بعد مبلغین نے آن لائن دروس دیئے۔ پھر دس جماعتوں کی مجالس خدام الاحمدیہ نے یکم جنوری کو وقار عمل کے ذریعے سڑکوں اور گلیوں کی صفائی کی گئی۔

مکرم مبارک احمد منیر۔ بورکینا فاسو لکھتے ہیں :
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کے مطابق نئے سال کے شروع ہونے پر برکینا فاسو کی 94 جماعتوں میں تہجد کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شمولیت اختیار کی۔

نئے سال کے استقبال میں نماز تہجد کا خاص اہتمام جماعت کبابیر

مکرم شمس الدین مالاباری۔ جماعت کبابیر لکھتے ہیں :
سیدنا حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے ارشاد مبارک پر فوری تعمیل کرکے کبابیر میں مسجد سیدنا محمود میں سال نو کی پہلی رات چار بج کر چالیس منٹ پر باقاعدہ نماز تہجد با جماعت ادا کرنے کا اہتمام ہوا۔ باوجود بارش ہونے کے احباب ذوق وشوق کے ساتھ نماز میں تشریف لائے۔ گھروں سے بھی اطلاع ملی کہ بہت سے خواتین اور مسجد میں آنے سے قاصر دوست اپنے اپنے گھروں میں نماز تہجد ادا کی۔ حضور انور ایدہ اللہ کے بیان فرمودہ دعاؤں کو نماز تہجد کے دوران قیام اعتدال میں بلند آواز سے دہرائی گئیں۔ ممبران مجلس خدام الاحدیہ کی حاضری زیادہ اچھی رہی۔ الحمد للّٰہ۔ ویسٹ بینک کے احمدیوں کی طرف سے نماز تہجد ادا کرنے کی اطلاع مل گئی ہے۔ اللہ تعالی یہ سال اسلام احمدیت کے حق میں اور ہماری روحانی و عملی زندگی میں ہر لحاظ سے مبارک فرمائے۔ آمین۔

آغازسال نو 2022ء جماعت احمدیہ انڈونیشیا

الحمد للہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ انڈونیشیا میں نیا سال کا استقبال کرنے کے لئے خلیفۂ وقت کی ہدایت کی تکمیل کرتے ہوئے متعدد جماعتوں میں باجماعت تہجد ادا کرنے کی توفیق ملی ہے اسی طرح جماعت احمدیہ انڈونیشیا کے مرکز میں جہاں خاکسار مقیم ہے باجماعت تہجد ادا کرنے کا انتظام ہے جو احباب جماعت نے اللہ کے فضل سے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔

آغازسال نو 2022ء جماعت احمدیہ آسٹریلیا:

مکرم انجم قیصرانی۔ نمائندہ الفضل آن لائن پرتھ آسٹریلیا لکھتے ہیں۔
حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے، آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں بھی تہجد کا انتظام مسجد ناصر میں کیا گیا۔ جس میں افراد جماعت نے شرکت کی اور دعاؤں سے سال کا آغاز کیا۔ تہجد اور فجر کے بعد مربی کامران صاحب نے درس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے فرمان پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلائی کہ افراد جماعت درودشریف، استغفار اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی بیان فرمودہ دوعائیں ہر وقت اور نمازوں میں جاری رکھیں۔

اللہ تعالیٰ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کو صحت و تندرستی والی لمبی عمر عطا فرمائے اور آپ کی خلافت میں اسلام اور جماعت کی بےپناہ ترقیات دیکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

مکرم مرزا مبارک احمد نصرت ۔نمائندہ الفضل کوئنیز لینڈ ۔آسٹریلیا لکھتے ہیں :
حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے مطابق ممبران جماعت لوگن مسجد جماعت احمدیہ لوگن مسجد مسرور میں نئے سال کا آغاز نماز تہجد و دعاؤں سے کیا گیا ۔جس میں خدام و اطفال کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،بعد از نماز عصر گیمز کا بھی پروگرام رکھا گیا اس میں بھی خدام و اطفال کی کثیر تعداد نے شمولیت کی ۔نماز مغرب کے بعدلوکل مربی صاحب کے ساتھ ایک مجلس سوال و جواب منقعد کی گئی اور نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد حاضرین کے لئے رات کے کھانے میں اہتمام کے ساتھ بار بی کیو کا انتظام کیا گیا ۔مسجد مسرور میں کم از کم تیس منٹ کی ڈرائیو سے لوگ نماز تہجد میں شمولیت کے لئے ایک رات قبل ہی مسجد میں ٹہرنے کے لئے تشریف لائے تھے ۔جنہیں کرونا وبا کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے رات رکنے کی اجازت دی گئی ۔تقریبا پچاس سے ساٹھ تک افراد نے نماز تہجد مسجد مسرور میں ادا کی۔ مکرم مربی صاحب نے نماز تہجد و نماز فجر پڑھائی اور بعد ازاں درس قرآن کریم کا بھی اہتمام کیا گیا ۔اور جو دوست مجبوری یا دوری کے باعث مسجد نہیں پہنچ پائے انہوں نے اپنے گھروں میں اس کا اہتمام کیا ۔اسی طرح مسجد مبارک برسبین شہر میں بھی نماز تہجد کا اتمام کیا گیا جس میں لجنہ ،خدام ،اطفال و انصار نے بھرپور شمولیت کی ۔یہاں بھی کرونا وبا کے حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے صرف انہی کو شمولیت کی اجازت دی گئی تھی جن کو ڈبل ویکسین لگ چکی ہے ۔باقی افراد نے اپنے اپنے گھروں میں نماز تہجد کا اہتمام کرتے ہوئے نئے سال کا آغاز خلیفۃ المسیح کی ہدایات کے مطابق دعاؤں سے کیا ۔مجموعی طور پر اس پروگرام میں زیادہ سے زیادہ افرادنے شمولیت اختیار کی ۔

نئے سال کا آغاز جماعت احمدیہ سری لنکا

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کے ارشار کے مطابق جماعت احمدیہ سری لنکا نے بھی نئے سال کا آغاز باجماعت نماز تہجد کی ادائگی کے ساتھ کیا ہے۔ اِس کیلئے تمام مساجد میں انتظام کیا گیا۔ نماز فجر اور درس کا بھی انتظام کیا گیا۔ مربیانِ کرام نے اِس کام کو سر انجام دیا۔ جماعت احمدیہ کولمبو میں مشنری انچارج مکرم اے بی مشتاق احمد نے اسلام کے تعلیم کے مطابق نئے سال کے آغاز کے بارہ میں مزید تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی کہ خلیفۂ وقت کی ہدایات کے مطابق پوری کوشش کرنی چاہئے کہ روزانہ نماز تہجد کی ادائیگی کی طرف توجہ دیں۔

کولمبو جماعت میں درس کا پروگرام یوٹیوب کے ذریعہ لائو نشر کیا گیا تھا۔ اِس کے ذریعہ جو لوگ شامل نہ ہو سکے اُنہوں نے فائدہ اُٹھایا۔ نیز لجنہ و ناصرات کیلئے یہ بہت فائدہ ہوا۔ کیونکہ کووِڈ کی پابندی کی وجہ سے لجنہ و ناصرات شامل نہیں ہوئیں۔ اِس پروگرام کے بعد ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا۔

جن لوگوں کو صبح سفر کرنا مشکل ہیں اُنہوں نے 31دسمبر کے رات کو مسجد میں آ کر قیام کیا۔ تاکہ وہ بھی اِن برکات سے سال کا آغاز کر سکے۔

آغاز سال نو 2022ء جماعت احمدیہ
شمالی مقدونیہ

مکرم وسیم احمد سروعہ ۔مربی سلسلہ شمالی مقدونیہ لکھتے ہیں :
الحمد للہ! تمام عالم احمدیت کی طرح شمالی مقدونیہ کی جماعت نے بھی نئے سال کا آغاز حضور اقدس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے مطابق مورخہ یکم جنوری کو مشن ہاؤس ’’بیت الاحد‘‘ میں اجتماعی نماز تہجد کی ادائیگی سے کیا جس میں لجنہ بھی شامل ہوئیں۔ نماز تہجد و فجر کی ادائیگی کے بعد درس قرآن کریم کا بھی اہتمام کیا گیانیز خلافت کی اہمیت وبرکات کا تذکرہ کیا گیا۔ اس کے بعد مشن ہاؤس میں احباب کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا اس پروگرام میں دس احباب شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم میں عبادت کا زوق و شوق پیدا فرمائے تا ہم اس کا فضل حاصل کرنے والے ہوں۔

آغازسال نو 2022ء جماعت احمدیہ ہالینڈ

مکرم حامد کریم۔ نمائندہ الفضل، ہالینڈ لکھتے ہیں :
ہالینڈ کی چار مساجد میں اللہ کے فضل سے یکم جنوری کو نماز تہجد و فجر باجماعت ادا کی گئیں ۔اسکے بعد درس قرآن کریم کا اہتمام کیا گیا ۔اس پروگرام میں شمولیت کرنے والوں کی مجموعی تعداد 79ہے ۔

آغازسال نو 2022ء جماعت احمدیہ بینن

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز نے خطبہ جمعہ بیان فرمودہ مورخہ 31دسمبر 2021ء کے آخر پر تمام جماعت کو نمازِ تہجد کا خاص اہتمام کرنے کا ارشاد فرمایا ۔چنانچہ جہاں ایک طرف دنیا اپنے اپنے اندازمیں 2021ء کو الوداع کر کے 2022عیسوی میں داخل ہورہی تھی،کہیں جشنِ چراغاں تھا تو کہیں آتش بازیوں سے رنگین آسمان۔ اکثر جگہوں پر ناعاقبت اندیش،بد مست انسانوں کا ہجوم ہر بے حیائی کو خود پر حلال سمجھے ہوئے اپنی اپنی حیثیت کے مطابق اور بعض صورتوں میں اپنی چادر سے پاؤں کوسوں باہر نکالے ہوئے لہو ولعب میں ایسے غرق تھے کہ گویا گناہ بھی کارِ ثواب ہو۔وہاں ایک طرف ایک ایسی قوم بھی تھی جو اپنی قدیم روایات کو قائم رکھتے ہوئے اپنے پیارے آقا کے ارشاد پر لبیک کہتے ہوئے اپنے نفوس کے آرام کو بھلائے ہوئے اپنے خالق، اپنے رب، اپنے مولا کے حضور سجدہ ریز تھے ۔کیسا عجب نظارہ تھا، اک جانب شیطان اور شیطانی آلات اپنے تمام حربوں سے لیس خلقِ خدا کو گمراہ کرنے میں ایڑی چوٹی کا زور لگائے ہوئے تھا تو دوسری طرف یہ عاشقانِ خدا اسی مخلوق کی بھلائی کے لئے اپنے امام کی قیادت میں مختلف براعظموں میں، مختلف ملکوں میں، مختلف شہروں میں، مختلف قصبوں، دیہاتوں اور جنگلوں میں اپنے اپنے اوقات کے مطابق زار زار رو کر دعائیں مانگ رہے تھے۔ یہ عالمی اتحاد جماعت احمدیہ کا ہی طرہ امتیاز تھا جو دیگر عبادت گزاروں سے اس قوم کو ممتاز بناتا تھا۔

بینن جماعت نے بھی حضرت خلیفۃ المسیح کی آواز پر لبیک کہا اور ملک بھر کی 216 جماعتوں میں اجتماعی و انفرادی نمازِ تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ جن میں احباب نے مساجد میں باجماعت بھی ادا کی اور انفرادی طور پر گھروں میں بھی ادا کی۔ اور اللہ تعالیٰ سے احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی سربلندی اور غلبہ کے لئے، خلیفۂ وقت کی صحت و سلامتی کے لئے اور نئے سال کا تمام جماعت کے لئے خدا کی رضا کے حصول کا ذریعہ بننے کے لئے دعا کی۔ اللہ تعالیٰ اس سال پہلے سے بڑھ کر ہم سب پر اپنے نعمتوں اور افضال کی بارش کرے۔ جماعت احمدیہ بینن کی طرف تمام دنیا کے احمدیوں کو نیا سال مبارک ہو۔

آغازسال نو 2022ء جماعت احمدیہ تنزانیہ

مکرم ڈاکٹر فضل الرحمن بشیر لکھتے ہیں۔
سیدنا حضرت امیرالمؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورضہ 31 دسمبر 2021ء کو اپنے خطبہ جمعہ میں دنیا بھر میں پھیلے احباب جماعت کو نئے سال کے آغاز پر خصوصی دعاؤں، استغفار اور صدقات کی طرف توجہ دلائی۔ حضور نے باجماعت تہجد کی ادائیگی پر بھی زور دیا۔

حضرت اقدس کے اس ارشاد پر افراد جماعت احمدیہ نے اطاعت و فرمانبرداری کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا اور حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایت پر من و عن عمل کرتے ہوئے رب رحیم و کریم کے حضور عاجزانہ دعاؤں سے نئے سال کا آغاز کیا۔

تنزانیہ میں حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ کے فورا بعد امیر صاحب تنزانیہ کی طرف سے انگریزی اور سواحیلی زبان میں ایک سرکلر تیار کروا کر ملک کی تمام جماعتوں میں بھجوایا جس میں حضور انور کے ارشاد پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام جماعتوں نے اس پر فوری رد عمل دکھایا اور اپنے اپنے علاقوں میں باجماعت تہجد اور صدقات کا انتظام کیا۔ مسلسل دعائیں کی جارہی ہیں کہ اللہ تعالیٰ جماعت کو ہر فتنہ اور آزمائش میں سُرخُرو کرے اور دشمنوں کے تمام گندے اور ناپاک منصوبے خاک میں ملا دے۔ اس نئے سال میں اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کو عظیم الشان ترقیات سے نوازے اور اپنی برکتوں اور رحمتوں کے دروازے جماعت پر کھولے آمین۔

(ترتیب و پروف: در ثمین احمد آصف۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطبہ جمعہ بیان فرمودہ 07؍جنوری 2022ء

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 جنوری 2022