قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَ لِکُلٍّ وِّجْھَۃٌ ہو مُوَلِّیْھَا فَاسْتَبِقُوا الْخَیْرٰتِ
(البقرہ: 149)
اور ہر ایک کے لئے ایک مطمحِ نظر ہے جس کی طرف وہ منہ پھیرتا ہے۔ پس نیکیوں میں ایک دوسرے پر سبقت لے جاؤ۔
اپریل 1944ء کو حضرت مصلح موعودؓ کو الہام ہوا۔
’’اگر تم پچاس فیصدی عورتوں کی اصلاح کرلو تو اسلام کو ترقی حاصل ہو جائے گی‘‘
(الفضل 29؍اپریل 1944ء صفحہ3)
الحمدللّٰہ! لجنہ اماء اللہ کینیڈا خلافت کی اطاعت میں خدمت دین کے جذبے سے سرشار اپنی گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ اپنے آقا کی ہدایات پر عمل پیرا ہو کر اس تنظیم کے بنیادی مقصد کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس مضمون میں لجنہ اماء اللہ کینیڈا کی مختصر کارگزاری پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کینیڈا میں لجنہ اماء اللہ کا قیام 1963ء میں 7 لجنہ مجالس کے ساتھ ہوا۔ 1984ء میں 9 مجالس قائم کی گئیں جن میں 286 ممبرات تھیں۔ 2003ء میں 34 مجالس تھیں جن میں لجنہ کی 4705 ممبرات اور 1016 ناصرات تھیں۔ الحمدللّٰہ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 2022ء میں 18 ریجن میں 111 مجالس ہیں جن میں 12912 ممبرات اور 2317 ناصرات ہیں۔
خدا تعالیٰ نے عورت کا خمیر ہی قربانی اور اطاعت سے اٹھایا ہے اور اسی عورت کو جب ایمان کی دولت نصیب ہو جاتی ہے تو وہ ہر مشکل، ہر تکلیف کا دعا اور بلند ہمتی سے مقابلہ کرتی ہے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے 1992ء میں جرمنی میں لجنہ سے خطاب کے موقع پر فرمایا۔ ’’میں نے اپنے دور میں جو تحریکیں کی ہیں، اُن کے نتیجے میں مَیں جانتا ہوں کہ اتنی عظیم الشان قربانیاں احمدی خواتین نے کی ہیں، اور خاموشی کے ساتھ کی ہیں، بعض دفعہ ان کے خط پڑھتے ہوئے آنکھوں میں آنسو آجایا کرتے تھے۔‘‘
لجنہ کینیڈا بھی خلافت کی ہر تحریک پر لبیک کہتی نظر آتی ہے۔ تمام مالی تحریکات چاہے وہ لازمی چندہ جات کی شکل میں ہوں، تعمیر مساجد کی تحریک ہویا تحریک جدید اور وقف جدید کی تحریک ہو، مریم شادی فنڈ ہو یا یتامٰی فنڈ، نظام وصیت میں شمولیت کی تحریک ہو یا تحریک وقف نو ہوخلافت احمدیہ جوبلی کے لیے دعاؤں کی تحریک ہو یا تعلیم القرآن کے متعلق تحریک ہو، نومبائعات کے ساتھ رابطے زندہ کرنے کی تحریک ہو یا وقف عارضی کی تحریک ہو فیشن کی اندھا دھند تقلید کی بجائے سادگی اپنانے کی تحریک، اعلیٰ تعلیم کے حصول کی تحریک ہویا انٹرنیٹ کے مضر پہلوؤں سے بچنے کی تحریک، لجنہ کینیڈا ہر تحریک پر لبیک کہتے ہوئےاس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی کوشش کرتی ہے۔ الحمدللّٰہ علیٰ ذلک
خلافت خامسہ کے بابرکت دور میں
لجنہ کینیڈا کی خدمات کی ایک جھلک
اگرچہ لجنہ کینیڈا نےاپنے عاجزانہ آغاز کے وقت سے ہی لجنہ نے مقامی اور ملکی سطح پر اپنےپروگرام منعقد کئے۔ ان پروگرامز کے ذریعے مجالس کو خلافت کی راہنمائی فراہم کی گئی۔ مقامی پروگراموں کے علاوہ ٹیلی کانفرنس کے ذریعے ملک گیر پروگراموں کا انعقاد بھی شروع ہوا۔ جس میں قرآن پاک کی کلاسز اور ریفریشر کورسز شامل ہیں تاکہ ممبرات کو بر وقت خلافت کی راہنمائی مل سکے۔
سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصرہ العزیز 2004ء، 2005ء، 2008ء، 2012ء، 2013ء اور 2016ء کو کینیڈا میں رونق افروز ہوئے۔ آپ اقدس نے ہر مرتبہ از راہ شفقت لجنہ اماء للہ کینیڈا کو اپنی قیمتی نصائح سے نوازا۔
2016ء کے دورہ کینیڈا میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے چھ خطبات جمعہ ارشاد فرمائے۔ اسی طرح آپ نے جلسہ سالانہ پر دو خطاب کیے جن میں سے ایک خطاب لجنہ کینیڈا سے تھا۔ حضور انورکے ایک ماہ کے پیس ویلج کینیڈا میں قیام کے دوران ہزاروں عشاق خلافت نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتداء میں نمازیں ادا کیں اور بہت سے خاندانوں نے اپنے آقا سے شرف ملاقات حاصل کر کے برکات سمیٹیں۔ اس دورے میں آپ نے تین مساجد بیت العافیت (اسکاربرو) محمود مسجد (ریجائنا) اور بیت الامان (لائڈ منسٹر) کا افتتاح کیا۔ نیز آپ نے مختلف شہروں میں پیس سمپوزیمز سے بھی خطابات فرمائے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ وزیر اعظم کینیڈا کے دعوت پر آٹوا تشریف لے گئے اور پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔
اسی دورے میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ویسڑن کینیڈا کا دورہ بھی کیا جن شہروں میں آپ تشریف لے کر گئے ان میں سسکاٹون، ریجائنا، لائڈ منسٹر اور کیلگری بھی شامل ہیں۔ ہر جگہ اللہ تعالیٰ کے فضل سےآپ اقدس کو حکو مت کی طرف سے خصوصی پروٹوکول ملا اور شہروں کے اعلیٰ عہدے داران بھی آپ سے ملاقات کا شرف حاصل کرنے کے لیے جوق در جوق آئے۔ پیارے آقا نے ازراہ شفقت لجنہ اماء اللہ کینیڈا کی مجلس عاملہ سے میٹنگ کے کام کو مزید بہتر کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ تین اسٹوڈنٹ کلاسز ٹورانٹو، سسکاٹون اور کیلگری میں ہوئیں جن میں طالبات نے پیارے آقا سے دینی معاملات کے متعلق سوالات بھی کیے اور اپنے تعلیمی میدان میں پیش آنے والی مشکلات کے حل بھی دریافت کیے۔ اسی طرح دو واقفات نو کلاسز بھی منعقد کی گئیں جن میں سے ایک ٹورانٹو اور دوسری کیلگری میں ہوئی۔ پیارے آقا نے نو مبائعات اور سیریا سے آنے والوں خاندانوں کو بھی شرف ملاقات بخشا۔
خلافت کی راہنمائی میں لجنہ کینیڈا نے ہرشعبہ میں ترقی حاصل کی۔ مالی قربانیوں علاوہ شعبہ تبلیغ کو فعال کیا گیا اس کے تحت غیر ازجماعت لوگوں کو پیغام حق پہنچایا گیا۔ پردہ اور اسلامی تعلیمات کے موضوع پر مضامین اور مختلف اخبارات میں ایڈیٹرز کے نام خطوط لکھے گئے۔
لجنہ کینیڈا دعوت الی اللہ میں بھی اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی بھر پور کوشش کر رہی ہیں۔ اپنی ہمسائیوں اور ملنے جلنے والیوں، دفترمیں ساتھ کام کرنےوالیوں سے جماعت کا تعارف کرانا، لٹریچر دینا، پمفلٹ تقسیم کرنا، آڈیو وڈیو کیسٹس دینا، امن سیمینارز کرانا، لائبریریوں اور اسکولوں میں کتب اور بروشرز رکھوانا، سیرت النبیﷺ کے جلسے کرا کر ان میں غیر از جماعت بہنوں کو مدعو کرنا، بک سٹال اور نمائشیں منعقد کر کے جماعت کا نہ صرف تعارف کروایا بلکہ اسلام نے عورت کو جو حقوق دیے ہیں ان کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔ ان سب پروگراموں میں لجنہ اماء اللہ کینیڈا جب اپنے روایتی پردے کے ساتھ حصہ لیتی ہیں تو یہ بھی تبلیغ کا ایک بڑا حصہ ہوتا ہے کہ احمدی مسلمان عورت پردے میں رہتے ہوئے بھی سب کام سرانجام دے سکتی ہے۔کووڈ کے دنوں میں بذریعہ زوم تبلیغ سیمپوزیم مختلف مذاہب کی نمائندہ خواتین کے ساتھ کیے گئے۔
کووڈ کی وبا کے دوران، جب In person سرگرمیاں منعقد نہیں کی جا سکتی تھیں، تو لجنہ اماء اللہ کینیڈا نے حضور انورسے راہنمائی کی درخواست کی کہ کیا پروگرام virtually منعقد کیے جا سکتے ہیں؟ سیّدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت راہنمائی فرمائی کہ پروگرام ہو سکتے ہیں تاہم صرف آڈیو فیچر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے یہ بھی ہدایت کی کہ اجتماع virtually نہ کئے جائیں۔
الحمدللّٰہ، کووڈ کے مشکل وقت میں لجنہ کینیڈا مجلس عاملہ کی میٹنگز، ناصرات کلاسز، تعلیم کلاسز، جنرل باڈی میٹنگز، لوکل سطح پر علمی ریلیاں، بین المذاہب سمپوزیم اور علمی ریلیز Virtually منعقد کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ زوم کے ذریعے ملکی سطح پر لجنہ اور ناصرات کے لیے ریفریشر کورسز اور تعلیم و تربیت ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔
کووڈ کے بعد، لوکل، ریجنل پروگراموں کے علاوہ لجنہ کینیڈا کو 2022ء میں مجلس شوریٰ اور سالانہ اجتماع کو وسیع پیمانہ پر کرنے کی توفیق ملی جس میں 5500 سے زائد لجنہ نے شمولیت کی۔ الحمد للّٰہ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے نومبر کے اوائل میں لجنہ اماء اللہ کی عہدیداران کا ریفریشر کورس منعقد ہوا اور 4 دن کے اندر اندر 111 مجالس کی 1905ء عہدیداران کو In Person اور Zoom کے میٹنگز کے ذریعہ سے خلافت کی راہنمائی کے ساتھ دیگرتربیتی ہدایات بھی پہنچائی گئیں۔
سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے 2020ء میں لجنہ اماءاللہ کینیڈا کی نیشنل مجلس عاملہ کو آن لائن ملاقات کا شرف بخشا اور یہ دنیا بھر میں ONLINE ہونے والی عاملہ ملاقاتوں میں سب سے پہلی ملاقات ہے۔ دسمبر 2021ء میں حضور انور نے عرب بہنوں کو بھی ملاقات کا شرف بخشا۔
2007ء سے کینیڈین گورنمنٹ نے ماہ اکتوبر کو خصوصًا اسلامی ثقافت کے مہینہ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت الحمد للّٰہ لجنہ اپنے اپنے شہروں میں اس کے تحت نمائشوں کا انعقاد کرتی ہے۔ جہاں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے ان کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے جاتے ہیں۔
لجنہ اماء اللہ کینیڈا ہر سہ ماہی میں اپنا رسالہ ’’النساء‘‘ شائع کرتی ہے۔ یہ اردو اور انگلش دونوں زبانوں میں شائع ہوتا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی بابرکت خلافت کے دس سال مکمل ہونے شعبہ اشاعت نے ایک خصوصی نمبر شائع کرنے کی سعادت پائی تھی۔
اس موقع پر حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خصوصی پیغام میں فرمایا:
’’یہ مجلہ جو آپ شائع کر رہی ہیں اس میں خلافت کے متعلق مختلف مضامین بھی ہیں اور نظمیں بھی ہیں۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے اقتباسات بھی ہیں اور خلفائے احمدیت کے حوالے بھی دیے گئے ہیں۔ اسی طرح میرے بعض خطبات بھی اس میں شامل ہیں۔ ان سب کا فائدہ تبھی ہو گا جب آپ ان دس سالوں کو ایک سنگِ میل سمجھتے ہوئے آئندہ کے لیے بہتر سے بہتر پروگرام بنائیں کہ کس طرح ہم خلیفہ وقت کی سلطان نصیر بن سکتی ہیں۔ تاکہ جہاں ہم اللہ تعالیٰ کے حق ادا کر رہی ہوں وہاں ہم جماعتی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرنے والی ہوں۔ یاد رکھیں کہ لجنہ اماء اللہ ایک ایسی تنظیم ہے جس کے ساتھ نسلوں کی تربیت وابستہ ہے۔ آپ کی گودوں میں پلنے والے آئندہ کے لیے جماعت کا سرمایہ بننے والے ہیں۔ پس اس بات کو یاد رکھیں کہ دنیا داری کے اس ماحول میں نہ خود دنیا میں گم ہوں اور نہ اپنے بچوں کو ضرورت سے زیادہ دنیا میں پڑنے کی اجازت دیں اور یہ اس وقت ہی ہو سکتا ہے جب آپ اپنے نیک نمونے بھی قائم کر رہی ہوں اور بچوں کی تربیت میں بھی بھرپور کوشش کر رہی ہوں۔ اللہ کرے کہ لجنہ کینیڈا سے جو مجھے توقعات وابستہ ہیں وہ ان کا حق ادا کرنے والی بھی ہوں اور اسی طرح خلافت احمدیہ کی مددگار بننے کا حق بھی ادا کرنے والی ہوں۔ آمین‘‘
(شائع کردہ النساء 2013ء – 2014ء)
لجنہ اماء اللہ کینیڈا کو دس صحابیات رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و سوانح پر مبنی کتب کا انگلش میں ترجمہ کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔
حضور انور ایّدہ تعالیٰ کی کتاب ’’پردہ‘‘ کا انگلش ترجمہ اور اس کا کور پیچ بنانے کی سعادت بھی شعبہ اشاعت کینیڈا کے حصے میں آئی۔ الحمدللّٰہ
بک کلب
اس کے ذریعہ سے سیّدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیه الصلاۃ والسلام یا جماعت کی ایک کتاب کا انتخاب کر کے اسے پڑھا جاتا ہے۔
الفضل آن لائن کے ایک مستقل سلسلے حدیقۃ النساء جو لجنہ سے متعلق ہے اس کی ذمہ داری بھی مکرم ایڈیٹر صاحب الفضل آن لائن نے لجنہ کینیڈا کے سپرد کی ہے۔ الحمد للّٰہ
نئے شعبہ جات کے قیام اور ترقی میں پہلا قدم 2004ء میں ایم ٹی اے اور سمعی و بصری کے شعبے کا قیام ہوا۔ ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے تحت ممبرات لجنہ اماء اللہ نہایت مستعدی سے باقاعدہ ایم ٹی اے اسٹوڈیو کینیڈا میں اپنے فرائض ادا کررہی ہیں اور متعدد معلوماتی پروگرام تیار کرنے کی توفیق پارہی ہیں۔
2008ء میں لجنہ اماءاللہ کینیڈا نے جماعت کے تعاون سے ایک آن لائن رپورٹنگ پورٹل شروع کیا جس سے عہدیدارات گھر بیٹھے اپنی کارگردگی کی رپورٹ کمپیوٹر کے ذریعہ جمع کرواتی ہیں۔ اس سے قبل صدرات اور عہدیدرات کی ماہانہ رپورٹیں ہاتھ سے لکھ یا ٹائپ کرکے مرکزی دفتر کو پہنچائی جاتی تھیں۔
2019ء میں، جماعت کے تعاون سے، لجنہ اماء اللہ کینیڈا ایک ویب ڈومین قائم کرنے میں کامیاب ہوئی جس کے تحت لجنہ کی تمام عہدیدارات اپنی آفیشل ای میل Lajna.ca کے اکاؤنٹ کو استعمال کر سکتی ہیں۔ اس طرح ایک عہدیدار کی دوسرے عہدیداروں کے ساتھ اور لجنہ ممبرات سے خط و کتابت آسان ہو گئی ہے۔
2019ء میں سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت آئی ٹی انچارج کی تقرری کی اجازت دی۔ نتیجةً لجنہ اماءاللہ کینیڈا رپورٹنگ پورٹل، Lajna.ca ای میل اکاؤنٹس، ویب سائٹ اور زوم کے ذریعے virtual میٹنگز نیز ایپ ڈویلپمنٹ کے لیے لجنہ کی بڑھتی ہوئی آئی ٹی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مخصوص ٹیمیں قائم کی گئی ہیں۔ COVID -19 کے دوران لجنہ کے پروگراموں کو Zoom کے ذریعہ سے منظّم طور پر منعقد کرنے میں مدد ملی۔
2010ء میں عائشہ اکیڈمی کا قیام عمل میں آیا اور 2012ء میں بچیوں کے لئے قرآنِ کریم حفظ کرنے کے اسکول کا آغاز ہوا۔
2018ء میں میں حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کی دعاؤں، شفقت اورراہ نمائی کے ساتھ شعبہ امورِ طالبات کا آغاز ہوا جس کے باعث سکول، کالج اور یونیورسٹی کی طالبات اور بچیوں کی بہتر راہنمائی کے لئے متعدد پروگراموں اور ورکشاپس کا انعقاد ہوتا ہے۔
2018ء ہی میں خلافت کی دعاؤں، شفقت اورراہ نمائی کے ساتھ سوشل میڈیا کے شعبہ کا آغا ز ہوا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 2009ء میں سیّدنا حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کی راہنمائی سے گریڈ 8 تا 12 کی طالبات کے لیے پہلا سالانہ تعلیم و تربیت کیمپ ریجنل سطح پر منعقد ہوا۔ اب ہر سال ان کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ جس میں اللہ تعالیٰ اور خلافت سے محبت، اعلیٰ اخلاق، تعلیم، سوشل میڈیا اور حالات حاضرہ کے بارہ میں آگاہی دی جاتی ہے۔
دسمبر 2013ء میں، ریجنل سطح پر گریڈ 12 سے یونیورسٹی اور کالج کے طالبات کے لیے پہلا سالانہ لجنہ ونٹر کیمپ منعقد کیا گیا جس میں ان کو قرآن و سنت کی رو شنی میں اخلا قی و تربیتی تعلیم کے ساتھ ساتھ شادی بیاہ کے معاملات کے بارے میں رہنمائی کی گئی۔ اب یہ کیمپس اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر سال منعقد ہو رہے ہیں۔
لجنہ کے ساتھ ساتھ ناصرات کی بھی تعلیمی اور تربیتی workshops شروع کی گئیں ہیں۔ پہلی ناصرات ورکشاپ 2009ء – 2010ء میں منعقد ہوئی۔ یہ Interactive اجلاس تھا اور ناصرات کے سوالات کے جوابات دیے گئے۔ یہ پروگرام بھی ہر سال منعقد ہوتے ہیں۔ الحمدللّٰہ
اگست 2020ء میں سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے Virtual ملاقات کے دوران نیشنل سکریٹری تربیت کو ہدایت دی کہ وہ ایک سروے کریں اور لجنہ و ناصرات کے سوالات کے جواب دیں۔ اس راہنمائی پر عمل کرتے ہوئے ’’Ask Us Anything‘‘ سروے 2020ء میں شروع کیا گیا تھا تاکہ ممبرات کسی بھی موضوع پر اپنے سوالات پوچھ سکیں۔ سوالات کے اکھٹے ہونے کے بعد ان کو تربیت کے آئندہ پروگراموں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا گیا۔ تاکہ ان سوالوں کے جواب پورے کینیڈا میں پہنچ جائیں۔
سیّدنا حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کی راہنمائی اور اجازت سے تربیت ڈیپارٹمنٹ نے ’’Ask Lajna‘‘ پروگرام شروع کیا جس میں ایک Confidential ای میل سروس بنائی گئی اور سوالات کے جوابات قرآن پاک، احادیث، کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کی دی گئی ہدایات سے دیے جاتے ہیں۔ 2021ء میں ٹیلی کانفرنس کے ذریعے ایک لائیو ’’Ask Lajna‘‘ سیشن کا انعقاد کیا گیا جہاں تمام یونیورسٹی، کالج اور ہائی اسکول کی طا لبات ایک پینل سے اپنے سوالات کے جوابات حاصل کرنے کے لیے کال کر سکتی تھیں۔ بعد ازاں 2021ء میں حضور انور کی راہنمائی کے ساتھ Ask Lajna YouTube چینل کا آغاز ہوا جہاں لجنہ اور ناصرات کے سوالات کے جوابات خلفاء کی ویڈیو کلپس کے ذریعہ سے دیے جاتے ہیں۔ اس چینل پر اب تک 743 subscribers اور 35,500سے زائد views ہو چکے ہیں۔ الحمدللّٰہ
2014ء سے لجنہ اماءااللہ کے شعبہ خدمت خلق کے تحت جماعت کے ساتھ مل کر 1005 نئے آنے والے خاندانوں کو آباد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی ہے جن میں شہدا کے خاندان اور دیگر ممالک سے آنے والے مہاجرین شامل ہیں۔ آبادکاری کی کوششوں میں خاندانوں کو رہنے کے لیے جگہیں تلاش کرنے میں مدد کرنا، گھروں کو فرنیچر اور دیگر ضروریات سے آراستہ کرنا، گروسری میں مدد کرنا اور سرکاری خدمات اور شناختی کارڈ حاصل کرنا، اسکول میں داخلے، نیز نئے آنے والوں کو مشورہ دینا اور جو لوگ ہجرت سے وابستہ مشکلات کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھے،ان سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کینیڈا میں سالانہ بین المذاہب سمپوزیم کا انعقاد ہوتا ہے۔ یہ سمپوزیم 1980ء کی دہائی کے آخر میں چھوٹے پیمانے پر منعقد کیے گئے تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ پروگرام ملکی سطح پرمسجد بیت الاسلام میں اور ریجنل سطح پر کینیڈا بھر میں منعقد ہوئے۔ 2012ء میں، پہلا فرانسیسی بین المذاہب سمپوزیم Lajna نے مونٹریال، کیوبیک میں منعقد کیا تھا۔ لجنہ اماء اللہ نے ریجنل اور لوکل سطحوں پر کینیڈا بھر میں مزید بین المذاہب پروگراموں کو منظم کرنا شروع کیا۔ 2017ء میں، لجنہ اماء اللہ نے اپنی پہلی قومی Peace Conference منعقد کی، جس کا موضوع سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ’’اکیسویں صدی میں مذہب کا کردار‘‘ عطا کیا۔ 2021ء میں، کووڈ وبائی مرض کے باوجود زوم کے ذریعے پورے کینیڈا کے ریجن میں 17 بین المذاہب سمپوزیم منعقد ہوئے۔ الحمد للّٰہ
لجنہ کینیڈا پر اللہ تعالیٰ کے افضال کے تحت چند ایک مالی تحریکات کا مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔
تحریک جدید: سال 2003ء میں لجنہ اماء اللہ کینیڈا نے 123،213 ڈالر کی قربانی پیش کی۔ 2022ء میں 1،437،305 ملین ڈالر کی قربانی پیش کرنے کی توفیق پائی۔ 19 سالوں میں قربانی میں 1,314,093 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔ الحمدللّٰہ
2003ء میں شاملین کی تعداد 4879تھی جبکہ 2022ء میں تعداد 15,383 تک پہنچ گئی۔ یوں قربانی کرنے والی 10,504 ممبرات کا اضافہ ہوا الحمدللّٰہ۔ اس میں لجنہ، ناصرات اورسات سال سے کم عمر بچیاں بھی شامل ہوئیں۔ الحمدللّٰہ
صف اول دوم اور سوم میں شامل ہونے والی ممبرات کی قربانی میں اضافہ ہوا۔ گزشتہ بارہ سالوں میں کل تعداد 204 سے بڑھ کر 1045 ممبرات تک جا پہنچی۔ الحمدللّٰہ
1۔ ایک بہن نے دو ہزار ڈالر چندہ تحریک جدید میں دیا۔ جس کی وجہ سے اُس کے بہت سارے اہم مسائل حل ہوتے چلے گئے۔ الحمدللّٰہ۔ اس میں سے ایک مسئلہ اس کی بیٹی کی Pregnancy میں Complications تھیں۔ تین مہینے بعد ڈاکٹر نے بتایا کہ اس کے جڑواں بچوں میں سے ایک بچے کے دماغ میں Fluid ہے۔ اگر اس بچے کو ضائع کرواتی ہے تو دوسرا بچہ بھی ضائع ہو سکتا ہے اور ماں کی جان کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے اور ضائع نہیں کرتی تو بچہ Abnormal پیدا ہوگا۔ اس بہن نے بیٹی کو بھی دعا کر نے کو کہا اور حضور انور کو بھی دعا کے لیے خط لکھا۔ ڈاکٹر نے کہا اگر یہ بچے کسی طرح 4 مہینے گزار لیں گے تو معجزہ ہوگا۔ اس وقت پوزیشن ایسی ہو گئی تھی کہ کسی بھی وقت Pre mature بچے پیدا ہو سکتے تھے۔ آٹھ مہینے تک Pregnancy رہی اور تقریباً ڈیڑھ ماہ پہلے خداتعالیٰ حضور انور کی دعاؤں کے طفیل اسے دو صحت مند بیٹے عطا فرمائے۔ الحمد للّٰہ ثم الحمد للّٰہ
2۔ لجنہ اماءاللہ کینیڈا کی ایک صدر مجلس کہتی ہیں کہ ’’ایک اجلاس میں تحریک جدید کے بجٹ کو جلد از جلد پورا کرنے کی طرف توجہ دلائی گئی۔ اجلاس کے بعد میں نے اپنی سیکرٹری سے مجلس کی نادہندگان ممبرات کے بقایا جات کے ٹوٹل کے بابت دریافت کیا جو کہ 325 ڈالرز تھا۔ میں نے سوچا کہ میں اپنی طرف سے مزید 325 ڈالرز ادا کر دیتی ہوں لیکن نادہندگان کے نام سے نہیں تاکہ تربیت اور پردہ پوشی بھی رہے۔میرے بینک اکاؤنٹ کی صورتحال مائنس تین ڈالرز اور کچھ سینٹ تھے۔ اگلے دن جب روٹین کے مطابق میں نے اپنا اکاؤنٹ چیک کیا تو میری حیرت کی انتہاء نہ رہی کہ اکاؤنٹ میں رقم مائنس تین ڈالرز سے تین ہزار ڈالرز سے بھی کچھ اوپر تھی۔ اِس رقم کی ادائیگی کافی عرصے سے pending تھی اور اِس کے ملنے کی بھی کوئی صورت نہیں تھی۔بس خدا تعالیٰ کے فضل و کرم اور تحریک جدید کے چندے کی ادائیگی کی برکت سے ہی میرے پیسوں میں بھی برکت پڑگئی۔ الحمدللّٰہ ثم الحمدللّٰہ
3۔ ایک بہن نے 5000 ڈالرز کا وعدہ کیا۔ ان کے حالات مالی لحاظ سے کچھ سالوں سے تنگ بھی تھے. اور وہ Job بھی نہیں کرتی تھیں لیکن انہوں نے اللہ تعالیٰ پر توکل کرتے ہوئے وعدہ پیش کر دیا۔ ایک دن ان کے میاں شام کو جب گھر آئے تو کہنے لگے کہ نیشنل سیکرٹری صاحب تحریک جدید نے مجھے تحریک کی ہے کہ میں 5000 ڈالرز کی ادائیگی کروں لہٰذا اِس سال مَیں 5000 ڈالرز کی ادائیگی کرونگا ان شاء اللّٰہ۔ تو اس بہن نے ان کو کہا کہ ٹھیک ہے اللہ تعالیٰ آپ کو اِس ادائیگی کی توفیق دے لیکن اِس سال میرا وعدہ بھی 5000 ڈالرز کا ہے، آپ کو دونوں ادا کرنے پڑیں گے۔ الحمد للّٰہ دونوں وعدے محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے ادا ہوگئے۔ اِن وعدوں کی ادائیگی کرتے ہوئے ان کے میاں نے یہ نیت کی تھی کہ اللہ تعالیٰ ان کے مالی مسائل دور کر دے اور انہیں نیک اور صالح اولاد سے نوازے۔ اللہ تعالیٰ کا ایسا کرم ہوا کہ وہ مالی مسائل بھی ختم ہوئے اور اللہ تعالیٰ نے انھیں شادی کے 16 سال بعد ایک خوبصورت اور صحت مند بیٹا بھی عطا فرما یا۔ الحمدللّٰہ
وقف جدید
اللہ تعالیٰ کے فضل اور خلافت کی برکات سے لجنہ اماء اللہ کینیڈا وقف جدید کی قربانیوں میں بتدریج آگے بڑھ رہی ہے۔ ہر سال قربانی کرنے والی ممبرات کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صفِ اوّل دوم اور سوم میں شامل ہونے والے شامل ہونے والی ممبرات کی 2003ء میں 400 تھی۔ 2022ء میں الحمدللّٰہ 2852 ہو گئی ہے۔ 2003ء کے سال میں کل شاملین کی تعداد 4,948 اور ادائیگی 99,747.34 ڈالر تھی۔ الحمد للّٰہ یہ تعداد 2022ء میں 17141 ہو گئی ہے اور ادائیگی 1,180,000 ڈالر ہو گئی ہے۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذلک
تعمیر مساجد کے لئے قربانیاں
الحمد للّٰہ کینیڈا کی ہر مسجد نماز سینٹرز اور جماعتی عمارات کی تعمیر میں لجنہ ممبرز کو خدا تعالیٰ کے فضل سے خدا کی راہ میں قربانی کرنے کی توفیق عطا ہوئی اور لجنہ اماء اللہ کینیڈا نے مساجد کی تعمیر کے لیئے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر مالی قربانی پیش کی ہے۔
بیت الاسلام
1992ء میں بیت الاسلام، کی تعمیر کے لیے گراں قدرقربانیاں پیش کیں۔ اس وقت کے حالات کے تحت لجنہ کی نمایاں قربانی اپنے زیورات کو پیش کرنے کے نتیجہ میں ہوئی اور 1.4 ملین ڈالر سے زائد رقم اللہ کے حضور پیش کی۔ اس مسجد کا افتتاح حضرت خلیفتہ المسیح الرابعؒ نے اکتوبر 1992ء میں کیا۔
بیت العافیت
2008ء میں خلافت جوبلی کے موقع پر بیت العافیت اسکاربرو کلیۃً لجنہ اماء اللہ کینیڈا کے ایثار و قربانی سے تعمیر ہوئی۔ الحمدللّٰہ لجنہ نے 1.3 ملین ڈالر سے زائد رقم کی قربانی پیش کی۔
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےموٴرخہ گیارہ اکتوبر 2016ء کو بیت العافیت اسکاربوروکا افتتاح کیا۔ اسکاربورو، صوبہ اونٹاریو، کینیڈا میں ہے۔ یہ مسجد لجنہ اماء اللہ کینیڈا کی مالی قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مکمل طور پر لجنہ اماء اللہ کینیڈا نے اس منصوبے کا خرچ ادا کیا۔ مسجد کے افتتاح کےموقع پر خطاب کرتے ہوئے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ’’صرف اس مسجد کو بنانا اور مطمئن رہنا کافی نہیں ہے۔ بلکہ اب یہ آپ کا فرض ہے کہ اس مسجد کو ہر وقت آبادرکھیں۔‘‘
بیت النور
2008ء بیت النور کیلگری کی تعمیر کے لئے 1.7 ملین ڈالر کی گراں قدرقربانی پیش کی۔
بیت الرحمان
2013ء میں بیت الرحمان وینکور کی تعمیر کے لئے لجنہ کینیڈا نے 1.62 ملین ڈالر کی گراں قدرقربانیاں پیش کیں۔
مسجد محمود
2016ء میں رجائنا کی مسجد محمود کی تعمیر کے لیےکل خرچ کا تیسرا حصہ جن دو لوگوں نے ادا کیا ان میں سے ایک ڈاکٹر صبیحہ جاوید اہلیہ ڈاکٹر شمس الحق طیب شہید صاحبہ ہیں۔
سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد محمود کے افتتاح کے موقع پر فرمایا:
’’الحمد للّٰہ جماعت احمدیہ ریجائنا (Regina) کو بھی اللہ تعالیٰ نے مسجد بنانے کی توفیق عطا فرمائی۔ ماشاء اللّٰہ بڑی خوبصورت مسجد ہے۔ اس وقت جو یہاں جماعت کی تعداد ہے وہ ارد گرد کے قریبی علاقوں سمیت تقریباً 160 لوگ ہیں اور مسجد کی گنجائش جو بتائی گئی ہے اس کے مطابق مسجد کے ہالوں سمیت اس میں چار سو افرادنماز پڑھ سکتے ہیں اور اگر ضرورت ہو تو کامن ایریا (common area) میں بھی مزیدسو (100) افراد کی گنجائش نکل سکتی ہے۔ گویا کہ اس وقت جو جماعت کی تعداد ہے اس کے لحاظ سے یہ مسجد موجودہ ضرورت سے تین گنا بڑی ہے۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ اس کے اخراجات بھی مقامی جماعت نے ہی ادا کئے ہیں یا ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے بلکہ نقد رقم کے لحاظ سے جو کُل خرچ ہوا ہےاس کا بھی تقریباً تیسرا حصہ دو افرادنے ادا کرنے کی ذمہ داری لی ہے جن میں سے ایک ہمارے ڈاکٹر شمس الحق شہید کی بیوہ ہیں۔ یقیناً ایک دنیا دار اس کا اندازہ نہیں لگا سکتا کیونکہ اسے نہیں پتا کہ قربانی کیا ہوتی ہے اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی جماعت نے قربانیوں کے کیا معیارقائم کئے ہیں۔ جان، مال، وقت کو قربان کرنے کی جو مثالیں ملتی ہیں وہ بھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی جماعت میں ہی ملتی ہیں۔ اس مسجد کی تعمیر زیادہ تر رضاکارانہ طور پر ہوئی اور مجلس ریجائنا کی لجنہ ممبرات نے سات ماہ تک رضاکاران کے لیے کھانے تیار کر کے دئیے جو ایک اور نمایاں قربانی ہے۔‘‘
بیت الامان (لائڈ منسٹر)
2016ء میں تعمیرہوئی۔ لجنہ کینیڈا نے اس کے لئے بھی گراں قدر قربانیاں پیش کیں۔
بیت الفتوح لندن
2017ء میں مسجد کی توسیع تعمیر کے لیے بھی لجنہ کینیڈا کو محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے پانچ لاکھ ڈالرز اپنے آقا کی خدمت اقدس میں پیش کرنے کی توفیق ملی۔
مسجد مبارک بریمپٹن: اس مسجد کی تعمیر کے لئے بھی محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ کینیڈا کو تقریباً ایک ملین ڈالر پیش کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ
جامعہ احمدیہ کینیڈا کے قیام کے لئے 2003ء میں پہلی عمارت کے خریدنے میں قربانی پیش کی اور جامعہ احمدیہ کینیڈا کے لیے 2022ء میں دوسری عمارت خریدنے میں-/3,256,190$ کی قربانی پیش کی۔ الحمدللّٰہ
ایوان طاہر
مسجد بیت الاسلام کے ساتھ اس کمپلیکس کے لئے لجنہ کینیڈا نے 2008ء تا 2012ء تک تقریباً دو ملین ڈالر قربانیاں پیش کیں۔
افریقہ ماڈل ولیج
سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی اور اجازت سے لجنہ کینیڈا نے ایک ولیج بنانے کے لئے 75000 ڈالر پیش کیے۔
یتامیٰ فنڈ
لجنہ کینیڈا اس تحریک کی ابتدا سے ہی اس فنڈ میں باقاعدگی سے حصہ لیتی ہیں اور اب تک آٹھ لاکھ ڈالر سے زائد رقم اس بابرکت تحریک میں پیش کرچکی ہیں۔
مریم شادی فنڈ
لجنہ کینیڈا اس تحریک کی بھی ابتدا سے ہی اس فنڈ میں باقاعدگی سے حصہ لیتی ہیں اور اب تک نو لاکھ ڈالر سے زائد رقم اس بابرکت تحریک میں پیش کرچکی ہیں۔
ہیومینٹی فرسٹ کےتوسط سے لجنہ اماء للہ کینیڈا مختلف ہنگامی حا لات اور وباؤں کے شکار انسانوں کی مدد کرتی ہے۔ لاکھوں ڈالر کے علاوه ہر ماه grocery items اور basic needs کی مجوزہ اشیا اکٹھا کر کے Humanity First کے Food Bank کوپہنچا تی ہے۔
وقف عارضی
لجنہ کینیڈا Jamaica اور Belize میں بھی خدمت دین کی غرض سے گئیں۔ جہاں جا کر انہوں نے احمدی اور غیر احمدی سب کو دین اسلام کی بنیادی تعلیم سے روشناس کیا۔ Physical اور Mental health پر سیمینارز اور میڈیکل کیمپس لگائے۔
ان دونوں ممالک میں کمپیوٹرز اور سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں اور خواتین کو کمپیوٹر اور سلائی کا ہنر بھی سکھایا گیا۔ پچھلے پانچ سال میں تین سے چار لجنہ ممبرات ان دونوں ممالک میں جلسہ سا لانہ پرگئیں اور دو لجنہ ممبرات بیلیز میں سیمینارز اور میڈیکل کیمپس لگانے کےلئے گئیں۔
لجنہ دفاتر کا قیام
لجنہ کی مالی قربانیوں سے لجنہ کے لیے ایک دفتر ’’بیت مریم‘‘ خریدا گیا اور 16؍جنوری 2001ء کو اس دفتر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ گھر لجنہ کے دفتر کے طورپر استعمال ہوتا ہے۔
بیت مریم۔ دفتر لجنہ اماء اللہ کینیڈا
بیتِ نصرت بھی لجنہ اماء اللہ کینیڈا کی ایک property ہے۔ جس کا افتتاح حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت 2008ء کے دورہ کینیڈا کے موقعہ پر فرمایا تھا۔
اجتماعات کی تاریخ
حضرت مصلح موعودؓ نے 1956ء میں لجنہ اماء اللہ کو ایسا تحفہ دے دیا، جو اس تنظیم کے لئے سب سے قیمتی اور نادر ثابت ہوا۔ وہ ’’لجنہ اماء اللہ کا سالانہ اجتماع‘‘ ہے۔ کینیڈا میں خلافتِ ثالثہ کے دور میں لجنہ اور ناصرات کا پہلا سالانہ اجتماع 1978ء میں منعقد ہوا اور اس کے بعد ویسڑن کینیڈا کیلگری کا پہلا اجتماع 1979ء میں ہوا۔ بعد ازاں یہ اجتماعات مسلسل منعقد ہوتے رہے ما سوا 2020ء اور 2021ء کے اجتماعات کے جو COVID-19 کی وجہ سے منعقد نہ ہوسکے۔ الحمدللّٰہ 2022ء میں لجنہ کا اجتماع انٹر نیشنل سینٹر کے وسیع ہال میں منعقد ہوا اور لجنہ و ناصرات کی حاضری پانچ ہزار سے زائد رہی۔ الحمدللّٰہ
کینیڈا میں ہر سال اجتماع کا ایک نصاب مقرر کیا جاتا ہے۔ جس میں اُردو، انگلش، اور اب عربی مقابلہ جات بھی شامل ہوتے ہیں۔ جن کی تیاری کروانا سیکرٹری تعلیم کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ پہلے لوکل لیول پران اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ پھر ریجنل لیول پر وہ ممبرات جن کی پہلی پوزیشن آتی ہے ان کے درمیان مقابلہ جات ہوتے ہیں اور جو ممبرات ان اجتماعات میں پہلا انعام حاصل کرتی ہیں وہ نیشنل اجتماع پر مقابلہ جات میں حصہ لیتی ہیں۔
ہر ریجن کے اجتماع میں نیشنل صدراورنیشنل عاملہ کی ممبرات میں سے کوئی نمائندہ ان اجتماعات میں شرکت کر کے ان کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ ہر سال ان اجتماعات کا ایک خاص موضوع ہوتا ہے جس پر دورانِ اجتماع وقتا ًفوقتاً اس موضوع کی اہمیت پر روشنی ڈالی جاتی ہے تاکہ شاملین اجتماع اس موضوع کو بخوبی سمجھ سکیں۔ کینیڈا کا نیشنل اجتماع ٹورانٹو میں منعقد ہوتا ہے۔ جہاں ملک بھر سے لجنہ شمولیت اختیار کر کے اپنی علمی تشنگی بجھاتی ہیں۔ اجتماع میں علمی مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ تر بیتی موضوعات پر سیمینار، تبلیغی نمائش، نمائش برائے صنعت دستکاری، اور کھیلوں کے مقابلہ جات بھی ہوتے ہیں۔
لجنہ سلیبس کے ٹیسٹ سال میں دو مر تبہ ہوتے ہیں۔ لجنہ اماء اللہ کینیڈا ہر آن خلافت احمدیہ کےجھنڈے تلے متحد ہو کر ہر وہ کام جس سے خلیفہ وقت کی خوشنودی حاصل ہو وہ خوشی سے کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ ہر سال کی آمدہ رپورٹس کا جائزہ لینے سے یہ بات واضح ہے کہ ہر مجلس اپنی اپنی سطح پر نیکیوں میں قدم آگے بڑھانے کی مستقل سعی کر رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ خلافت کی اطاعت میں لجنہ اماء اللہ کینیڈا کو مقبول خدمت دین کی توفیق دیتا چلا جائے اور حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہمیشہ ہم سے راضی رہیں۔ آمین اللّٰھم آمین
(صدف علیم مع ممبرات نیشنل عاملہ باتعاون لجنہ سیکشن لندن)