• 26 اپریل, 2024

حمد باری تعالیٰ

چاند سورج اور زمیں میں فاصلے رکھتا ہے کون
کہکشاں میں کہکشاں کے سلسلے رکھتا ہے کون
حسن والے کس کی شہہ پر ناز کرتے ہیں یہاں
عاشقوں کے بستروں پر رتجگے رکھتا ہے کون
کون کہتا ہے کہ آؤ کامیابی کی طرف
ہر کسی کے واسطے یوں در کھلے رکھتا ہے کون
آسماں پر چاند سورج اور زمیں پر تیرا حسن
آئینے کے روبرو یہ آئینے رکھتا ہے کون
کون ہے جو کاٹتا ہے ظالموں کی شاہ رگ
غمزدوں کی چوکھٹوں پر قہقہے رکھتا ہے کون
باپ سے یہ کون کہتا ہے کہ بن جا سائباں
ماں کے دل میں شیر جیسے حوصلے رکھتا ہے کون
اک نگہہ سے کون کر دیتا ہے ذرے کو گہر
میرے مرشد کی دعا میں معجزے رکھتا ہے کون
کون کہتا ہے مبارک آج یہ لکھ دے غزل
خوبصورت شاعروں سے رابطے رکھتا ہے کون

(مبارک صدیقی۔لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ