• 29 جولائی, 2025

مطالعہ کتب ایک مفید صحبت

آج کل ہر گھرانہ ہر خاندان اور والدین اپنے بچوں کے لئے پریشان ہیں اور ذہنی طور پر تفکرات میں مبتلا ہیں۔ ہر ایک کی زبان پر ایک ہی لفظ ہے کہ کرونا نے زندگی اجیرن کردی ہے۔ حقیقت میں کوئی ابتلا کوئی آزمائش اور بیماری اپنی ہی کارستانیوں کی وجہ سے آتی ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ایک فقرے کا مفہوم یہ ہے جب بھی تم تکلیف اٹھاؤ گے اپنے ہاتھوں سے اٹھاؤ گے۔ اور کسی بزرگ نے خوب کہا ہے کے ہر ابتلاء اور آفت میں ایک پنہاں خزانہ محفوظ ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں فرماتا ہے جب مومنوں سے کوئی خطا ہوتی ہے تو وہ استغفار کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کی آنکھوں کو کھول دیتا ہے اور وہ اپنی غلطی پر آتے ہیں۔

ان دنوں کو ہم اس رنگ میں اپنے لیے استعمال کر سکتے ہیں کہ اپنی اصلاح کی طرف توجہ کریںاور اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ تعلق جوڑیں اور خدا تعالیٰ کے ساتھ ذاتی قربت پیدا کر سکتے ہیں جو خدا تعالیٰ کے احکام ہے ان پر غور و فکر کریں اپنے ذاتی اورگھریلو مسائل پر غور و فکر کرنے کا موقع اللہ تعالیٰ نے دیا ہے۔ اسی طرح خدا تعالیٰ کی عبادت دل جمی سے کریں اور مسلم کی یہ حدیث کہ میرے لئے مسجد بنا دی گئی یا سجدہ گاہ بنا دی گئی ہے اس کا ایک عالمی ظہور ہوا ہے لوگوں نے مسجدوں کے علاوہ گھروں کو اپنی عبادت گاہ بنا لیا اور دنیا کے ہر گھر میں ایک عبادت گاہ بن گئی۔ والدین اپنے بچوں کے لئے بن گئے اور بچے ان کی آنکھوں کے سامنے تربیت میں پروان چڑھنے لگ گئے وہ دوریاں جو شیطان نے ماں باپ اور بچوں کے درمیان پیدا کی تھیں اللہ تعالیٰ نے ان کو دوبارہ ملا کر ان کی زندگی میں سکون پیدا کر دیا تو یہ ایک ابتلاء بہت ساری خوشیوں کا باعث بھی بنا ہے۔ ان دنوں میں بجائے اس کے کہ ہم ٹی وی پروگرام اور انٹرنیٹ کے تماشائی بن جائیں ہمیں کتابوںکی طرف بھی رخ کرنا چاہیےکتاب آپ کا بہت ہی مفید ساتھی ہے آپ کی اصلاح خاموشی سے کرتا ہے آپ کو علم و حکمت کی باتیں ہر محفل میں بتاتا ہے آپ کے لیے علم کے دروازے کھولنا ہے۔ مفید کتب آپ کو کبھی دھوکا نہیں دیتیں اور ہمیشہ آپ کی زندگی کو سنوار دیتی ہیں۔ کلام اللہ احادیث مبارکہ کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام اورخلفائے احمدیت کی کتابیں آپ کی روحانی پیاس کو بجھاتی ہیں اور مفیدروحانی صحبت بھی عطا کرتی ہیں۔ اگر کسی کی خواہش ہے کہ وہ جانےکہ خدا تعالیٰ کس طرح کام کرتا ہے اوراس کا انداز گفتگو کیاہے تو وہ قرآن کریم کو پڑھ لے۔ اگر کسی کی خواہش ہو کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی محفل میں بیٹھے تو وہ احادیث مبارکہ کا مطالعہ کر کے دیکھ لے۔ اگر کسی کی خواہش ہو کہ وہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی محفل سے لطف اندوزہو تو ملفوظات کا مطالعہ کرے اگر وہ چاہتا ہے کہ دیکھے کہ امام علیہ السلام کا انداز تحریر کیا تھا تو حضور اقدسؑ کی کتابوں کا مطالعہ کر کے دیکھ لے اسے انداز تحریر بھی مل جائے گا اور مخالفین کے منہ دلائل کے ذریعہ سے کس طرح بند کیے جاتے ہیں اس کا علم اور تجربہ بھی ہو جائے گا اور وہ اللہ تعالیٰ کی محبت کے جام بھی پئے گا اور محمد صلی اللہ وسلم کی ذات کا عاشق بھی ہو جائے گااسی طرح خلفائے کرام کی کتابوں کا مطالعہ کرنے سے جدید دور کے اعتراضات کے جواب کا بھی مواد اسے مل جائے گا۔ اور اس کے ایمان کا درخت ہمیشہ سرسبز اور ثمر آور رہے گا۔ دوران مطالعہ وہ روحانی کیفیات کا مشاہدہ کرے گا کبھی اس کے آنسو خدا کی محبت میں نہیں گے اور کبھی رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں ڈوب کر درود شریف پڑھے گا ۔کبھی صحابہ اکرام رضوان اللہ علیھم کی محبت اور قربانیوں کا مزہ اٹھائے گا اور ان جیسا بننے کی کوشش کرے گا کبھی حضرت مسیح موعود علیہ السلام جری اللّٰہ فی حلل الانبیاء کا اندازِ مبارزہ اور آپ کی تحریریں اس کو دین کی فدایت کا درس دیں گی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الاوّلؓ کی کتب سے اسے توکل اللہ کی مثالیں ملیں گی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے انداز بیان اور انداز تحریر سے خدا تعالیٰ کی قدرت اور اس کی تاثیرات جلوہ گر ہوں گی۔ اسی طرح دوسرے خلفائے کرام کی کتب اس کے اندر خلافت کی محبت گرمی پیدا کر دیں گی۔ وہ خلافت کا فدائی بن جائے گا اور پھر خلافت کا سلطان نصیر بھی بن جائے گا۔ جب ان وجودوں کی کتب کا کوئی مطالعہ کرتا ہے تو بعض اوقات اللہ تعالیٰ اس کی ملاقات خوابوں میں ان وجودوں سے کرا بھی دیتا ہے اور اس شخص سے بڑا خوش قسمت کون ہو سکتا ہے جو ان بزرگوں سے خوابوں میں بھی ملاقات کر لے اور ان کے نقش کو ان کے چہروں کے نور کو خود مشاہدہ کرلے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس بات کی توفیق دے۔ آمین

(محمد داؤد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ یوگنڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 جولائی 2021