• 25 اپریل, 2024

عید الاضحیہ سے قبل مسجد بیت الاحد جاپان میں مثالی وقار عمل

اللہ تعالیٰ نے خانہء کعبہ کی تعمیر کے وقت حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہم السلام کو یہ تاکید فرمائی تھی کہ میرے گھر کو طواف کرنے والوں، اعتکاف بجا لانے والوں اور رکوع وسجود کرنے والوں کے لئے پاک و صاف کرو۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا :

وَ عَہِدۡنَاۤ اِلٰۤی اِبۡرٰہٖمَ وَ اِسۡمٰعِیۡلَ اَنۡ طَہِّرَا بَیۡتِیَ لِلطَّآئِفِیۡنَ وَ الۡعٰکِفِیۡنَ وَ الرُّکَّعِ السُّجُوۡدِ۔

(البقرہ: 126)

گویا اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں یہ بات نہایت پسندیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے والے مخلصین کے لئے مساجد کو پاک اور مصفیٰ رکھا جائے۔

عید الاضحیہ کا تہوار حضرت ابراہیم اور آپ کی آل کی عظیم الشان قربانیوں کی یادگار ہے۔ عید کے بابرکت موقع کی مناسبت سے مؤرخہ 17جولائی 2021ء کو جماعت احمدیہ مسلمہ ناگویا کے بچوں، نوجوانوں اور بڑوں نے نہایت اخلاص و محبت سے گیارہ گھنٹے طویل ایک مثالی وقار عمل کے ذریعہ مسجد بیت الاحد کی تزئین و صفائی مکمل کی۔ مسجد کے ہال میں بچھے ہوئے قالینوں کو جدید مشینوں کے ذریعہ شیمپو کر کے، گرم پانی کی بھاپ سے صاف کیا گیا۔ مسجد کے واشرومز اور وضوء خانہ کی صفائی کی گئی۔ مسجد کی بیرونی دیواروں کو پانی سے دھویا گیا۔ مسجد کے بیرونی حصہ میں لگی ہوئی گھاس کی تراش خراش کے بعد تزئین وآرائش کی گئی۔

صبح دس بجے سے رات نو بجے تک جاری رہنے والا گیارہ گھنٹہ طویل وقار عمل نیشنل سیکرٹری جائیداد مکرم اطہر ڈار صاحب کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ اس وقار عمل میں حصہ لینے والے مخلصین کے اسماء درج ذیل ہیں مکرم ناصر بھٹی صاحب، مکرم مرزا حامد بیگ صاحب، مکرم حافظ محمد امجد عارف صاحب، مکرم عبد الوحید بٹ صاحب، مکرم محمد اقبال آصف صاحب، مکرم عدنان ارشد صاحب، مکرم عمر ڈار صاحب، مکرم مرزا معظم بیگ صاحب، مکرم اسامہ تنویرصاحب، مکرم عالیان احمد صاحب، مکرم اذہان احمد صاحب، مکرمہ عائزہ رئیس صاحبہ اور خاکسار طلعت محمود احمد اسی طرح مکرم انیس رئیس صاحب مبلغ انچارج جاپان بھی احباب کے ساتھ مسلسل وقار عمل میں شریک رہے، نیز ان کی اہلیہ محترمہ فائزہ رئیس صاحبہ نے وقار عمل کرنے والے احباب کی ضیافت کا اہتمام کیا، اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔

مسجد کے ہال کی صفائی کے لئے جاپانی کمپنی سے ایک تخمینہ لیا گیا تو یہ تخمینہ چار ہزار ڈالرز سے زائد تھا، لیکن احباب جماعت نے نہایت محبت واخلاص سےوقار عمل میں حصہ لے کر نہ صرف یہ کہ خطیر رقم بچائی بلکہ مسجد کی پاکیزگی اور صفائی میں حصہ لے کر اللہ تعالیٰ کے اجر وثواب کے مستحق ٹھہرے۔ اللہ تعالیٰ ان سب احباب کو جزائے خیر عطافرمائے اور ان کے ایمان اور اخلاص میں بے پناہ برکت بخشے۔ آمین

(رپورٹ: طلعت محمود احمد۔ صدر جماعت ناگویا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 اگست 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 اگست 2021