• 25 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ مالٹا کی خدمت خلق

مالٹا میں عیسائی چر چ کے زیر انتظام معذور افراد کے لئے قائم ایک فلاحی ادارہ Dar tal-Providenza نے عطیات جمع کرنے کے لئے ایک آن لائن چیرٹی ایونٹ کا انعقاد کیا۔ اس ادارہ کی انتظامیہ نے جماعت کو کھانے اور مشروبات کا انتظام کرنے اور عطیات کے لئے موصول ہونے والی ٹیلیفون کالز کا جواب دینے کے لئے تعاون کی درخواست کی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے ساتھ جماعت احمدیہ مالٹا نے اس چیرٹی ایونٹ میں بھرپور تعاون کیااور تمام حاضرین اور رضاکاروں کے لئے نہایت لذیذ کھانے اور ٹھنڈے مشروبات کا انتظام کیا۔ تمام کھانا افرادِ جماعت نے اپنے گھروں میں تیار کیا۔

یہ پروگرام دن 12 بجے سے لے کر رات 12 بجے تک جاری رہا۔اس دوران 8 افرادِ جماعت نے بڑی مستعدی اور اخلاص کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دی۔ خدام نے جماعت کے نام والی شرٹس پہن رکھی تھیں جن پر جماعت کا Logo، خدام الاحمدیہ اور جماعت کا ماٹو نمایاں طور پر پرنٹ تھا۔ جو مستقل تبلیغ کا ذریعہ ثابت ہوئیں اور تمام شاملین اور مہمانوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کراتی رہیں۔

اس کے علاوہ مکرم ہارون احمد خان صاحب، صدر مجلس خدام الاحمدیہ مالٹا اور مبلغ سلسلہ مالٹا نے ٹیلیفون کالز کا جواب دینے میں بھی تعاون کیا۔ مبلغ سلسلہ کو دو مختلف وقتوں میں ٹیلیفون کالز کے جواب دینے کا موقع ملا اور دونوں بار Presenters نے مبلغ سلسلہ سے تاثرات بھی لئے جن میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلامی تعلیمات پیش کرنے کی توفیق ملی جس کا تمام حاضرین پر گہرا اثر ہوا جس کا انتظامیہ نے بعد میں اظہار بھی کیا اور جماعت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جو تعلیمات آپ نے بیان کی ہیں وہ آج کے دن کی بہترین باتیں ہیں۔ ایسا کیوں نہ ہوتا۔ اللہ تعالیٰ کے کلام پاک اور حضرت خاتم النبیین ﷺ کے منہ کی باتیں بیان ہوئی تھیں جو لاریب سب دوسری باتوں سے اعلیٰ و افضل اور ارفع ہیں اور لازوال روحانی تاثیر رکھتی ہیں۔

آخر پر مبلغ سلسلہ کی تجویز پر ایک دعائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی تاکہ تمام عطیہ دہندگان اور بیماروں کی شفاء یابی کے لئے دعا کی جائے۔ اس دعائیہ تقریب میں اس ادارہ کے سربراہ مکرم پادری مارٹن میکالف صاحب اور مبلغ سلسلہ احمدیہ مالٹا نے دعائیں پیش کیں۔ مبلغ سلسلہ نے مالٹی زبان میں دعائیں کرنے کے بعد سورۃ الفاتحہ اور حدیث نبوی ﷺ میں بیان بیماری سے شفاء یابی کی دعا اَللّٰھُمَّ اَذْھِبِ الْبَاْسَ وَاشْفِ اَنْتَ الشَّافِیْ ۔۔۔ خوش الحانی سے پیش کیں۔ یہ لمحات اس 12 گھنٹوں کے طویل پروگرام کا نقطہ اروج تھا اور ان دعاؤں کا سحر سب پر طاری تھا اور سب مکمل خاموشی کے ساتھ ان دعاؤں میں شامل ہوئے۔ انگریزی محاورہ ’’Steal the show‘‘ ان لمحات پر صادق آتا ہے۔ یقیناً ان چند لمحات نے سب حاضرین پر گہرا اثر کیا۔

اس ادارہ کے سربراہ نے اس موقع پر بڑی فراخدلی سے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور خاتون میزبان نے بھی جماعت احمدیہ کی خدمات کو نہایت اچھے الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہنے لگیں کہ میرے لئے یہ بہت ہی جذباتی لمحات تھے اور ہم سب جماعت احمدیہ کی تجویز اور ان کی شمولیت پر ان کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔

صدر مملکت مالٹا مکرم ڈاکٹر جارج ویلا صاحب اور ان کی اہلیہ بھی پروگرام میں شرکت کرنے کے لئے آئے اور اس موقع پر انہیں جماعت کی خدمات کا بتانے کا موقع ملا۔ اس موقع پر صدر مملکت اور ان کی اہلیہ نے جماعتی ٹیم کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔

یہ 12 گھنٹوں پر مشتمل چیرٹی ایونٹ مالٹا کے تمام ٹیلیویژن اور ریڈیو چینلز پر لائیو نشر ہوا۔ اس طرح گھر گھر میں جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے صدقے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ جماعت کی عملی تبلیغ کا ذریعہ ثابت ہوااور ملک بھر میں جماعت احمدیہ کے وسیع تعارف کا باعث بنا اور ہماری توقعا ت سے بہت بڑھ کر خداتعالیٰ نے فضل و احسان فرمایا۔ فَالْحَمْدُلِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔

اس پروگرام میں مکرم ہارون احمد خان صاحب، صدر مجلس خدام الاحمدیہ مالٹا، مکرم رؤف بابر صاحب، معتمد مجلس خدام الاحمدیہ، مکرم ناصر محمود صاحب، مہتمم وقار عمل، مکرم حسن بشیر صاحب، معاون صدر، مکرم جری اللہ صاحب، مکرم صداقت مجوکہ صاحب اور عزیزم نعمان عاطف صاحب (واقف نو) نے خصوصی تعاون کیا۔ اسی طرح تین خاندانوں نے کھانا تیار کرکے دیا۔ فَجَزَاھُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآءِ فِیْ الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ۔

(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ مالٹا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 اگست 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 اگست 2021