محمد کولمبس خاں۔ مہدی آباد سے تحریر کرتے ہیں:
الفضل بطور روحانی خوراک
خاکسارکو روزانہ الفضل آن لائین جس کا لنک مکرم ڈاکٹر نصیر احمد طاہر صاحب کے ذریعہ روزانہ فوراً مل جاتا ہے اور اسے پڑھ کرہی سونے کے لئے جانا ہوتا ہے۔ اس احسان باری تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ اللہ تعالیٰ محترم ڈاکٹر صاحب کو بھی جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین
الفضل کے ذریعہ روزانہ ہماری تربیت کے لئے، اسلام کی تعلیم پر مبنی قرآن و حدیث ملفوظات حضرت مسیح موعود علیہ السلام، خلفاء کے ارشادات اور پیارے آقا سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ کے تازہ فرمان کے ذریعہ، روحانی خوراک باقاعدگی سے فراہم ہو جاتی ہے۔ جزاکم اللّٰہ احسن الجزاء۔ اللہ تعالیٰ آپ کی اِس احسن خدمت کو قبول فرمائے اور اپنے فضلوں سے نوازتا رہے۔ آمین
’’الفضل‘‘ کی وساطت سے دنیا بھر میں جماعت پر ہونے والے اللہ تعالیٰ کے احسانات سے آگہی بھی ملتی ہے جو ازدیادِ ایمان کا باعث ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو خلافت کے کڑے کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین
موٴرخہ 6؍اکتوبر 2022ء کے الفضل میں ایک علمی مضمون بابت ریزونینس Resonance عزیزہ فرحت سلطانہ بھٹی کا شائع ہوا ہے جس میں انہوں نے جدید سائنسی تحقیق سے انسان کی روحانی کیفیات پر دلیل قائم کی ہے۔ پتہ چلتا ہے کہ مضمون نگار نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی کتاب ’’الہام، عقل، علم اور سچائی‘‘ کا گہرائی سے مطالعہ کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ اِن کے علم میں برکت ڈالے اور ترقیات سے نوازے۔ آمین