• 21 جولائی, 2025

آج کی دعا

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ کَسَانِیْ مَا اُوَارِیْ بِہٖ عَوْرَتِیْ وَاَتَجَمَّلُ بِہٖ فِیْ حَیَاتِیْ وَرَزَقَنِیْہِ مِنْ غَیْرِحَوْلٍ مِّنِّیْ وَلَا قُوَّۃٍ

(ابو داؤد کتاب اللباس)

ترجمہ: تمام تعریفیں اللہ کے لئے ہیں جس نے مجھے وہ لباس پہنایا، جس سے میں اپنی ستر پوشی کروں اور اپنی زندگی میں اس سے زینت اور خوبصورتی حاصل کروں۔ اور اس خدا نے مجھے یہ میری کسی قوت اور طاقت کے بغیر عطا فرمایا۔

یہ پیارے رسول حضرت محمدﷺ کی نیا کپڑا پہننے کی دعا ہے۔

حضرت عمرؓ نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ:
«جو شخص نیا لباس پہنتے وقت پرانا کپڑا صدقہ کرے اور یہ دعا پڑھے تو زندگی اور موت دونوں صورتوں میں اللہ تعالیٰ اس کو اپنی حفظ و امان میں لے لیتا ہے، اور اس کی پردہ پوشی کرتا ہے اور اس کے گنا ہ کو معاف کر دیتا ہے۔»

آپﷺ کے اخلاق وعادات میں بہت سادگی تھی۔ آپﷺ سادہ لباس پہنتے تھے اور حسبِ ضرورت اس میں پیوند وغیرہ لگا کر بھی پہن لیتے تھے۔ نیا کپڑا پہننے پر دو رکعت نماز ادا کرتے تھے اور پرانا کپڑا کسی ضرورت مند کو دے دیتے تھے۔ سفید کپڑے کو پسند فرماتے تھے۔ جمعہ کے روز کلاہ کے اوپر پگڑی پہنتے تھے۔ جمعہ کے دن، عیدوں کے موقعہ پر اور وفود کی آمد پر عمدہ کپڑے اور خاص طور پر ایک سرخ قباء پہنتے تھے۔

(ترمذی)

حضرت انس بن مالک ؓ بیان کرتے ہیں کہ نبئ کریم ﷺ اون کے موٹے کپڑے پہنتے تھے۔ چمڑے کے سادہ جوتے استعمال کرتے تھے۔ لمبی آستین والا کرتا آپﷺ پسند فرماتے تھے۔

(ابنِ ماجہ)

(مرسلہ: قدسیہ محمود سردار)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 نومبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 نومبر 2020