• 26 اپریل, 2024

ماہ مبارک

ماہ مبارک
(کلام حافظ سلیم احمد اٹاوی)

مبارک ماہ جس میں حق تعالیٰ کا کلام آیا
مسلمانو! مبارک ہو وہی ماہ صیام آیا

فلک پر دیکھ کر جس کو زباں سے مرحبا نکلا
زمیں پر رحمت حق لے کے وہ عالی مقام آیا

تھا جس کا انتظار اک سال سے سب بادہ خواروں کو
خدا کا شکر ہے، یارو کہ گردش میں وہ جام آیا

جو سر تن سے جدا کرتا ہے رجس و فسق و باطل کو
وہ اپنے ہاتھ میں پھر لے کر تیغ بے نیام آیا

زمین پر روزہ رکھ کر اقتداء کرتے ہیں جس کی ہم
ہلال نو کی صورت میں فلک پر وہ امام آیا

امیروں پر غریبوں پر نوازش اور کرم کرنے
خدا کی رحمت خاص آئی اس کا لطف عام آیا

جو بھوکوں اور پیاسوں پر ترس کھاتے نہیں ان سے
مہ نو صورت خنجر ہے لینے انتقام آیا

قیامت تک رہے گی جس کی دنیا میں ضیاء باری
وہ نور آخری لے کر مرا ماہ تمام آیا

نہ کیوں بھیجوں درود اس ذات عالی پر میں اے حافظ!
رسول پاک کی جانب سے ہے جس کو سلام آیا

(روزنامہ الفضل قادیان مورخہ 19؍جنوری 1933ء)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطبہ جمعۃ المبارک فرمودہ مؤرخہ 8؍اپریل 2022ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ