• 26 اپریل, 2024

پگمی مارموزیٹ

پگمی مارموزیٹ
Pygmy marmoset

یہ خوبصورت ننھا منا جانور دنیا کا سب سے چھوٹا بندر مانا جاتا ہے۔اس کا وزن صرف اور صرف 100 گرام تک ہوتا ہے۔ نسلی اعتبار سے یہ بندروں کی قسم New world monkeys سے تعلق رکھتا ہے۔

مقام و مسکن

اس ننھے بندر کا تعلق دریائے ایمازون کے نواحی برساتی جنگلات سے ہے۔ یہ بندر برازیل ، بولیویا، کولمبیاء، ایکواڈور، گیانا، وینزویلا، پیرو اور سرینام میں پایا جاتا ہے۔

جسمانی ساخت

پگمی مارموزیٹ کے جسم کی لمبائی 12 سینٹی میٹر تک جبکہ اس کی دم 172 ملی میٹر تک لمبی ہوسکتی ہے۔

یہ بندر چھلانگ لگانے میں ماہر ہے۔ اپنے چھوٹے جسم کے باوجود ایک درخت سے دوسرے پر 5 میٹر طویل چھلانگ لگا سکتا ہے۔

اس ننھے بندر کی اوسط عمر 12 سال تک ہوتی ہے۔

خوراک

پگمی مارموزیٹ کی خوراک بنیادی طور پر درختوں کی چھال سے بہنے والے شیرہ، گم یا چیڑ پر مشتمل ہوتی ہے۔ اپنی پروٹین کی ضروریات یہ بندر کیڑے مکوڑے اور کیچوے کھا کر پوری کرتے ہیں کبھی کبھار انہیں چھوٹے پرندے اور چھپکلیاں کھاتے بھی دیکھا گیا ہے۔ ہر گروپ کا اپنے مخصوص علاقے میں رہتا ہے۔ جب ان کے علاقہ سے میں موجود درختوں سے گوند نکلنا کم ہو جاتا ہے اور گروپ کی خوراک کے ناکافی ہو تو یہ دوسرے درختوں کی طرف ہجرت کر جاتا ہے۔ اگر پہلے سے ان درختوں پر پگمی مارموزیٹ کا کوئی گروپ قابض ہو تو وہ نئے آنے والوں کو اپنے علاقے میں داخل ہونے سے روکتے ہیں۔ یوں ان کے درمیان تازہ گوند والے درختوں کے حصول کے لیے لڑائی ہوتی ہے اور پگمی مارموزیٹ کا فاتح گروپ ان درختوں پر اپنا قبضہ جما لیتا ہے۔

رہن سہن

یہ ایک خاندانی بندر ہے جو 2 سے 9 کے گروہ میں رہتا ہے۔ خاندان کی تقسیم میں 1 نر 1 مادہ اور دیگر بچے ہوتے ہیں۔ بعض اوقات خاندان میں ایک اضافی جونیئر نر کو بھی رہنے کی اجازت ہوتی ہے تاہم وہ سینیئر نر کے ماتحت ہی رہتا ہے۔ گروپ میں ایک جونیئر مادہ بھی موجود ہوتی ہے۔

بریڈنگ

پگمی مارموزیٹ بندروں میں بریڈنگ کا کوئی مخصوص سیزن نہیں۔ مادہ پگمی مارموزیٹ اوسطاً سال میں 2 مرتبہ بچوں کو جنم دیتی ہے۔ ہر مرتبہ 1 یا پھر 2 بچوں کی پیدائش ہوسکتی ہے۔ ان بندروں میں جیسٹیشن پیریڈ 134 دن طویل ہوتا ہے۔

بطور پالتو جانور

پگمی مارموزیٹ اچھے پالتو جانور ثابت ہوتے ہیں۔ تاہم انہیں بطور پالتو جانور رکھنے سے متعلق مختلف ممالک میں قوانین بھی مختلف ہیں۔ مارکیٹ میں یہ فی بندر 1000 سے 4000 امریکی ڈالرز تک فروخت ہوتے ہیں۔ لیکن اخلاقی اعتبار سے ایسے کسی بھی نایاب اور جنگلی جانور کو پالتو بنانا ایک غلط عمل ہے۔

خطرات

بدقسمتی سے گزشتہ کئی سال سے ایمازون جنگلات کی کٹائی اور جنگلات میں لگنے والی آگ کے علاوہ سمگلنگ اور شکار برائے فروخت نے پگمی مارموزیٹ کی آبادی کو شدید ترین نقصان سے دو چار کر دیا ہے۔

قدرتی ماحول سانپ اور قوی الجثہ ہارپی عقاب بھی پگمی مارموزیٹ کو شکار کرکے کھاتے ہیں تاہم اپنے چھوٹے قد اور پھرتیلے جسم کی وجہ سے یہ ننھے بندر اپنے شکاریوں سے اکثر بھاگ کر چھپ جاتے ہیں۔

٭…٭…٭

(مرسلہ: مدثر ظفر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 جنوری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 جنوری 2021