• 24 اپریل, 2024

آج کی دعا

وَ زَکَرِیَّاۤ اِذۡ نَادٰی رَبَّہٗ رَبِّ لَا تَذَرۡنِیۡ فَرۡدًا وَّ اَنۡتَ خَیۡرُ الۡوٰرِثِیۡنَ ﴿ۚۖ۹۰﴾

(سورۃ الانبیاء:90)

ترجمہ:اور زکریا (کا بھی ذکر کر) جب اس نے اپنے ربّ کو پکارا کہ اے میرے ربّ! مجھے اکیلا نہ چھوڑ اور تُو سب وارثوں سے بہتر ہے۔

یہ حضرت زکریاؑ کی پاکیزہ اور صالح اولاد کے حصول کی پیاری دعا ہے ۔

اللہ تعالیٰ نے آپ کی دعا کو قبولیت بخشی اور آپ کو نیک، پرہیزگار اور نرم دل بیٹے حضرت یحییٰ ؑسے نوازا۔ جو اپنے والدین سے حسنِ سلوک کرنے والے تھے۔

ہمارے پیارے امام سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اس دعا کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرماتے ہیں:
’’اب یہ دعا ایسی ہے کہ ہم میں سے ہر ایک کو کرنی چا ہئے اور ہر ایک کا دل چاہتاہے کہ کرے اور صالح اولاد ہو اور پھربچوں کی پیدائش کے وقت بھی اور پیدائش کے بعد بھی ہمیشہ بچوں کے نیک صالح اور دیندار ہونے کی دعائیں کرتے رہنا چاہئے کیونکہ والدین کی دعائیں بچوں کے حق میں پوری ہوتی ہیں ۔ اور یہی ہمیں اللہ تعالیٰ کی تعلیم اور نصیحت ہے۔یہاں مَیں ضمناً ذکر کردوں ۔ گو ضمناً ہے مگر میرے نزدیک اس کا ایک حصہ ہی ہے کہ اگروالدین کی دعا اپنے بچوں کے لئے اچھے رنگ میں پوری ہوتی ہے تووہاں ایسے بچے جو والدین کے اطاعت گزار نہ ہوں ان کے حق میں برے رنگ میں بھی پوری ہو سکتی ہے۔تو ماں باپ کی ایسی دعا سے ڈرنا بھی چاہئے‘‘۔

(خطبہ جمعہ 4؍ جولائی 2003ء)

حضرت مسیحِ موعودؑ کو دو بار یہ دعا الہام ہوئی ۔آپؑ اولاد کے حق میں دعاکرتے ہوئے فرماتے ہیں

اے میری جان کے جانی اے شاہِ دوجہانی
کر ایسی مہربانی ان کا نہ ہووے ثانی
دے بخت جاودانی اور فیضِ آسمانی
یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ
میری دعائیں ساری کریو قبول باری
میں جاؤں تیرے واری کرتو مدد ہماری
ہم تیرے در پہ آئے لے کر امید بھاری
یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ

(مرسلہ: مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 جنوری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 جنوری 2021