• 27 جولائی, 2025

آج کی دعا

لَا تَایۡـَٔسُوۡا مِنۡ رَّوۡحِ اللّٰہِ ؕ اِنَّہٗ لَا یَایۡـَٔسُ مِنۡ رَّوۡحِ اللّٰہِ اِلَّا الۡقَوۡمُ الۡکٰفِرُوۡنَ

(سورۃ یوسف:88)

ترجمہ:اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو۔ یقیناً اللہ کی رحمت سے کوئی مایوس نہیں ہوتا مگر کافر لوگ۔

ان فقرات سے حضرت یعقوب ؑ کا خدا تعالیٰ کی رحمت پریقین کا اظہار ہوتاہے ۔ آپ نے ایسی پیاری بات کی طرف توجہ دلائی ہے کہ خدا تعالیٰ نے اپنی کتاب قرآن کریم میں ان فقرات کو ہمیشہ کے لئے محفوظ کر لیا ہے۔ اپنے بیٹے حضرت یوسفؑ کی جدائی کا غم آپ کبھی نہ بھولے تھے۔ جب آپؑ کے بیٹوں نے اپنے بھائی بنیامین کے بارے میں بتا یا کہ کیسے اس کو بادشاہ نے چوری کے الزام میں روک لیا ہے تو آپؑ کو تو چونکہ پہلے ہی حضرت یوسفؑ کے واقعہ اور بنیامین کے نیک ہونے کاعلم تھا اور یہ بھی علم تھا کہ بیٹا چوری نہیں کرسکتا۔ آپؑ نے اپنے ان اطلاع دینے والے بیٹوں سے کہا کہ جاؤ اور انہیں ڈھونڈو ساتھ ہی آپؑ نے مندرجہ بالا نصیحت کی۔

حضرت مسیحِ موعودؑ کو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس نہ ہونے کی یہ دعا لَا تَایۡـَٔسُوۡا مِنۡ رَّوۡحِ اللّٰہِ دو مرتبہ الہام ہوئی

(19اکتوبر 1892، اور 18مارچ 1905)

آپؑ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس نہ ہونے کا درس دیتے ہوئے اور بنی نوع انسان کی ہدایت کے لیے دعا کرتے ہوئے اپنے منظوم کلام میں فرماتے ہیں :

اک کرم کر پھیر دے لوگوں کو فرقان کی طرف
نیز دے توفیق تا وہ کچھ کریں سوچ اور بچار
ہم نے یہ مانا کہ ان کے دل ہیں پتھر ہوگئے
پھر بھی پتھر سے نکل سکتی ہے دین داری کی نار
کیسے ہی وہ سخت دل ہوں ہم نہیں ہیں نا امید
آیت لَا تَایۡـَٔسُوۡا رکھتی ہے دل کو اُستوار
پیشہ ہے رونا ہمارا پیش رب ذوالمِنَن
یہ شجر آخر کبھی اس نہر سے لائیں گے بار

(مرسلہ:مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 فروری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 فروری 2021