خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 29 مئی 2022 بروز اتوار جماعت احمدیہ Ewell کو جلسہ یومِ خلافت و عید ملن پارٹی منعقد کرنے کا موقع ملا۔ COVID 19 کے بعد یہ پہلا پروگرام In Person منعقد کیا گیا۔
پروگرام کے لئے ایک پرائیویٹ ہال بُک کرایا گیا جس میں مرد و خواتین کے بیٹھنے کے لئے علیحدہ علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔
اس پروگرام میں مکرم و محترم نثار احمد آرچرڈ صاحب نیشنل سیکریٹری تربیت یوکے نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ایجنڈا کے مطابق پروگرام کا آغاز ایک طفل کی قرآنِ کریم کی تلاوت سے ہوا۔
پھر ایک اور طفل نے تلاوت کردہ آیات کا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔ اسکے بعد یومِ خلافت کی مناسبت سے ایک طفل نے خوش الحانی سے نظم پڑھی۔
یومِ خلافت کی مناسبت سے مکرم و محترم نثار احمد آرچرڈ صاحب نے نہایت ہی مؤثر انداز میں ’’اِطاعتِ خلافت‘‘ کے موضوع پر جامع تقریر کی۔
بعد ازاں مکرم صدر صاحب Ewell جماعت نے ’’خلافت‘‘ کے موضوع پر تقریر فرمائی۔ اس کے بعد مکرم سیکریٹری صاحب تربیت Ewell جماعت نے ’’خلافت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر اُردو میں تقریر کی۔
اِس پروگرام کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ اِس میں اُن تمام انصار، خدام، اطفال، لجنہ اور ناصرات جنہوں نے رمضان المبارک میں قرآنِ کریم کی تلاوت کا ایک دور مکمل کیا تھا انعام کے طور پر حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنه کی کتاب ’’دیباچہ تفسیر القرآن‘‘ دی گئی۔
تقسیمِ انعامات کے بعد محفلِ سوال وجواب منعقد ہوئی جس میں محترم نثار احمد آرچرڈ صاحب اور محترم صدر صاحب Ewell جماعت نے تمام سوالات کے تفصیلی جوابات دئیے۔
دُعا کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں 130 احبابِ جماعت نے شرکت کی۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ
اسی طرح مرکزی ہدایت کے مطابق جماعت احمدیہ Ewell نے موٴرخہ 3 جون 2022ء کو ’’ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی‘‘ کی تقریب کے سلسلہ میں مقامی کرکٹ گراونڈ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔ جس میں غیر از جماعت احباب کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی۔
چنانچہ اس پروگرام میں نہ صرف احبابِ جماعت بلکہ غیر از جماعت خواتین و حضرات نے بھی بطور مہمانان شرکت کی۔
اس موقع پر تمام مہمانان کی خدمت میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی کتاب ’’A Gift for the Queen‘‘ تحفتاً پیش کی گئی۔
پروگرام کو دلچسپ اور Interactive بنانے کے لئے باہمی دلچسپی کی دیگر سرگرمیوں کا بھی انعقاد کرایا گیا جس میں باسکٹ بال شوٹ آوٹ کے مقابلے نمایاں تھے۔ جس میں غیر از جماعت احباب نے بھی خوش دلی سے حصّہ لیا۔ دورانِ پروگرام مہمانوں کیلئے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
آخر میں تمام مہمانانِ گرامی اور احبابِ جماعت کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ وہ ہم سب کو خلافت احمدیہ کے ساتھ ہمیشہ وفا اور خلوص کے ساتھ وابستہ رکھے اور ہماری تمام تر مساعی میں بے انتہا برکت عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین
(رپورٹ: خالد سیف اللہ۔ سیکریٹری تربیت و وقف جدید Ewell برطانیہ)