• 3 مئی, 2024

اے اولی الایدی! آپ کے ہاتھ اور قلم نہ رکیں

اے اولی الایدی! آپ کے ہاتھ اور قلم نہ رکیں
ہمیں روزنامہ الفضل کے ذریعہ اسلام و احمدیت کی اشاعت کرنی چاہیے

کچھ عرصہ قبل خاکسار نےاداریہ بعنوان ’’لوہے کی قلم‘‘ تحریر کیا تھا جو الفضل آن لائن میں شائع ہوچکا ہے۔

اُس میں خاکسار نے حضرت مسیح موعودؑ کے اس ارشاد کو بنیاد بنایا تھا۔ آپؑ فرماتے ہیں:
’’میں بھی سارے مضمون لوہے کے قلم ہی سے لکھتا ہوں۔ مجھے بار بار قلم بنانے کی عادت نہیں ہے۔ اس لئے لوہے کی قلم استعمال کرتا ہوں۔ آنحضرت ﷺ نے لوہے سے کام لیا۔ ہم بھی لوہے ہی سے لے رہے ہیں اور وہی لوہے کی قلم تلوار کا کام دے رہی ہے۔‘‘

(ملفوظات جلد سوم صفحہ448-447)

اس اداریہ کے شائع ہونے کے بعد بہت سے قلمکار حضرات اور اردو ادب کے کھلاڑی میدان میں اُترے اور انہوں نے اپنے قلموں کواپنی درازوں سے نکالا اور صاف کرکے تیز کیا اور روزنامہ الفضل آن لائن کے لئے استعمال کیا۔ بہت سے مضامین/آرٹیکلز اور منظوم کلام کو بغرض اشاعت بھجوایا۔ اورتا حال بھجوا رہے ہیں۔ فَجَزَاھُمُ اللّٰہُ خَیْراً وَّ اَیَّدَھُمْ۔

مطالعہ کے دوران مجھے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ایک اور اہم ارشاد بھی ملا۔ جس میں آپؑ نے سورۃ صٓ کی آیت46 یعنی اُولِی الۡاَیۡدِیۡ وَالۡاَبۡصَارِ سے یہ استنباط فرمایا ہے کہ انبیاء ہاتھ سے کام لیتے ہیں یعنی اپنی بصیرت کو اپنے قلم کے ذریعہ اپنے متبعین کے سامنے لاتے ہیں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام‘‘دلائل سے بھی کام لو’’ کے تحت فرماتے ہیں:
’’اگر چہ فیصلہ دُعاؤں سے ہی ہونے والا ہے مگر اس کے یہ معنی نہیں کہ دلائل کو چھوڑ دیا جاوے۔ نہیں دلائل کا سلسلہ بھی برابر رکھنا چاہیے اور قلم کو روکنا نہیں چاہیے۔ نبیوں کو خدا تعالیٰ نے اِ سی لئے اُولو الۡاَیۡدِیۡ وَالۡاَبۡصَارِ کہا ہے کیونکہ وہ ہاتھوں سے کام لیتے ہیں۔ پس چاہیے کہ تمہارے ہاتھ اور قلم نہ رُکیں اس سے ثواب ہوتا ہے۔ جہاں تک بیان اور لسان سے کام لے سکو لئے جاؤ اور جو جو باتیں تائید دین کے لئے سمجھ میں آتی جاویں انہیں پیش کئے جاؤ وہ کسی نہ کسی کو فائدہ پہنچائیں گی‘‘

(ملفوظات جلد ششم صفحہ328 ایڈیشن 1984ء)

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بیان فرمودہ بابرکت و پُرمعارف ملفوظات جہاں احمدیوں کی اخلاقی حالتوں کو صیقل کرتے ہیں وہاں روحانیت کے لئے مصلح کا کام دیتے ہیں،اس پر مستزاد یہ کہ ان کا مطالعہ کرنے اور ان میں موجود احکامات بجا لانے والوں کے علم میں بھی چمک کاکام دیتے ہیں۔ کیونکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام بہت ہی نکتہ رس تھے۔ نئے نئے معرفت کے نکات آپؑ کے قلم سے آشکار ہوتے تھے۔

جیسے نفس کی اصلاح اور حصول تقویٰ کی مشق کرنے کو ایک عمدہ مثال کے ذریعہ نہایت احسن انداز میں بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
’’ہماری جماعت کو چاہیے کہ نفس پر موت وارد کرنے اور حصول تقویٰ کے لئے وہ اوّل مشق کریں جیسے بچّے خوش خطی سیکھتے ہیں تو اوّل اوّل ٹیڑھے حرف لکھتے ہیں لیکن آخر کار مشق کرتے کرتے خود ہی صاف اور سیدھے حروف لکھنے لگ جاتے ہیں۔ اسی طرح ان کو بھی مشق کرنی چاہیے۔ جب اللہ تعالیٰ ان کی محنت کو دیکھے گا تو خود ان پر رحم کرے گا‘‘

(ملفوظات جلد ششم صفحہ341-340 حاشیہ ایڈیشن 1984ء)

پس ہم میں سے ہر ایک کو انبیاء کی تقلید میں اُولیِ الْایِّدیْ یعنی ہاتھوں سے کام لینے والا ہونا چاہیے اور حضرت مسیح موعودؑ کے اس ارشاد کی روشنی میں کہ: ’’ہمیں اپنے قلم کو روکنا نہیں چاہیے‘‘ اور ’’چاہیے کہ تمہارے ہاتھ اور قلم نہ رُکیں اس سے ثواب ہوتا ہے‘‘ ہم میں سے ہر ایک کو مستعدی سے اپنے ہاتھوں میں قلم پکڑ کر اپنی بصیرت کو آواز دیتے ہوئے روزنامہ الفضل کے ذریعہ اسلام و احمدیت کی اشاعت کرنی چاہیے تاکہ ہمیں ثواب، اصلاح نفس اور حصول تقویٰ کی صورت میں ملتا رہے۔

امید ہے۔ قارئین الفضل اپنی بصیرت کو استعمال میں لاتے ہوئے اپنا زورِ قلم روزنامہ الفضل آن لائن کے لئے دکھلاتے چلے جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی عمر، صحت اور قلم کی طاقت کو بڑھاتا رہے۔ آمین

کَانَ اللّٰہُ مَعَکُمْ وَ اَیَّدَکُمْ

(ابو سعید)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 اگست 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 اگست 2021