• 20 مئی, 2024

مجلس انصاراللہ اسکاٹ لینڈ کے ریجنل تربیتی فورم کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے مورخہ 15 ستمبر 2020ء بروز منگل شام ساڑھے آٹھ بجےمجلس انصاراللہ اسکاٹ لینڈ کے ریجنل تربیتی فورم کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی کامیابی کیلئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر العزیز کی خدمت میں دعائیہ خط کے ساتھ تیاری شروع کی گئی اور سارے ریجن میں انصار بھائیوں سے زعیم حلقہ کے ذریعہ رابطہ کیا گیا۔ مکرم ومحترم مولانا فضل الرحمٰن صاحب قائد تربیت انصاراللہ برطانیہ کے ساتھ ساتھ مکرم طاہر نسیم احمد صاحب ناظم اعلیٰ اسکاٹ لینڈ نے بھی رہنمائی اور مددکی۔ پروگرام کا انعقاد سوشل میڈیا پر کیا گیا تھا اور موبائل ایپ، یوٹیوب اور فیس بک کے ذریعہ اس پروگرام کو لائیو دیکھا اور سنا گیا۔ یہ اس نوعیت کا پہلا پروگرام تھا جس کیلئے مکرم احسان احمد صاحب ریجنل امیر نے اپنی میڈیا ٹیم کے ذریعے بھرپور مدد کی اور تکنیکی معاونت کی وجہ سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا جس سے احباب کو بہت آسانی کے ساتھ گھروں میں رہ کراس پروگرام کو سننے کا موقع ملا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو ڈاکٹرجمیل احمد سنوری صاحب نے کی اور نظم مکرم سیّد کامران حیدر صاحب نے پیش کی۔ افتتاحی کلمات از ناظم اعلیٰ کے بعد قائد صاحب تربیت نے مولانا مرزا نصیر احمد صاحب استاذ جامعہ احمدیہ برطانیہ سے درخواست کی کہ وہ اپنے عملی میدان میں پیش آنے والے کچھ واقعات سنائیں۔ مکرم مرزا صاحب نےاپنےبرما اور افریقہ میں تعیناتی کے دوران پیش آنے والے ایمان افروز واقعات سنائے جس میں تائیدات الہٰیہ اور خلافت سے وابستہ رہنے کی برکات کا ذکر تھا۔ اس کے بعد ایک دلچسپ سوال و جواب کی مجلس کا انعقاد کیا گیا جس میں نہ صرف اسکاٹ لینڈ بلکہ برطانیہ کے دوسرے ریجنز سے بھی احباب نےاردو اور انگریزی میں سوالات بھجوائے جس کے جواب دونوں معزز مربیان سلسلہ نے دیے۔کچھ سوالات اس طرح تھے کہ شادی کرنا کیوں ضروری ہے اور اسلام اس بارے میں کیا حکم دیتا ہے؟ محمدی بیگم والی پیش گوئی کس طرح پوری ہوئی؟حضرت حسن اور حضرت حسین رضی اللہ عنہما کی زندگی کے بارے کافی تفصیل ملتی ہے مگر آنحضرت ﷺ کے دوسرے نواسے نواسیوں کی تفصیل کیوں نہیں ملتی؟ ہماری نوجوان نسل یہاں مغرب میں تعلیم حاصل کر رہی ہے تو ان کو یہاں کے عیسائی معاشرے کی بدرسوم اور عادات سے کیسے بچایا جائے؟ پروگرام کے اس حصہ میں سب احباب نے بہت دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور پورے پروگرام کو آخر تک دلجمعی سے سنا۔

آخر میں قائد صاحب تربیت نے مختصر خطاب کیا اور انصار بھائیوں کا شکریہ ادا کیا جو پورے برطانیہ سے 65سے زائداس آن لائن پروگرام میں شامل ہوئے اور فائدہ اُٹھایا۔ مکرم و محترم داود احمد قریشی مشنری اسکاٹ لینڈ نے دُعا کروائی اور یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔ بہت سے انصار بھائیوں نے بعد میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پروگرام کی پسندیدگی کے متعلق مشورے دئے۔

(رپورٹ: ارشد محمود۔ گلاسگو۔ سکاٹ لینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 اکتوبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 اکتوبر 2020