• 16 مئی, 2024

سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے دورہٴ زائن (Zion) امریکہ2022ء کی چند جھلکیاں

سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ
کے دورہٴ زائن (Zion) امریکہ2022ء کی چند جھلکیاں

آج سے ایک سو بیس سال پہلے الیگزینڈر ڈوئی جیسے ایک جھوٹے دعویدار اور دشمن اسلام کی ہلاکت کی پیش گوئی اللہ تعالیٰ سے خبر پا کر حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمائی تھی۔ اس کے شہرزائن میں جس کے بارہ میں اس کا کہنا تھا کہ کوئی مسلمان یہاں داخل نہیں ہو سکتا جب تک وہ عیسائی نہیں ہو جاتا وہاں اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ کو مسجد فتح عظیم بنانے کی توفیق عطا فرمائی۔ امریکہ کی صد سالہ جو بلی کی تقریبات کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اس تاریخی شہر Zion میں تشریف لا کر مسجد فتح عظیم کا افتتاح فرمایا اور اور امریکہ کے خوش قسمت لوگوں کو شرف ملاقات بخشا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی زائن (Zion) میں مصروفیات کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

26؍ستمبر 2022ء بروز سوموار

26؍ستمبر 2022ء کا دن جماعت احمدیہ امریکہ کی تاریخ میں ایک تاریخ ساز اور انتہائی مبارک دن ہے۔ آج کے دن حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے امریکہ کے لیے اپنا پانچواں سفر اختیار فرمایا۔ حضور انور کے اس انتہائی مبارک دورہ کا آغاز امریکہ کے شہر زائن (Zion) سے ہوا۔

حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا زائن (Zion) کی سر زمین سے شروع ہونے والا یہ دورہ انتہائی غیر معمولی برکتوں اور کامیابیوں کا حامل دورہ ہے۔ جان الیگزینڈر ڈوئی کے شہر Zion میں ’’مسجد فتح عظیم‘‘ کی تعمیر بھی امریکہ کی صد سالہ جوبلی کی تقریبات کا ایک انتہائی اہم پروگرام ہے۔ اس تاریخی مسجد کا افتتاح اس دورہ میں ہوا اور اس کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کی عظیم الشان ترقیات اور فتوحات کے دروازے کھلنے والے ہیں۔ ان شاء اللّٰہ

یو نائیٹڈ ایر لائن کی پرواز UA959 تین بجکر بیس منٹ پر ہیتھرو ایر پورٹ لندن سے شکاگو (امریکہ) کے لیے روانہ ہوئی۔ قریباً ساڑھے آٹھ گھنٹے کی مسلسل پرواز کے بعد شکاگو کے مقامی وقت کے مطابق پانچ بجکر 53منٹ پر جہاز شکاگو کے O,Hare انٹر نیشنل ایر پورٹ پر اترا۔

امیر صاحب یو ایس اے مکرم صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب اور نائب امیر یو ایس اے مکرم ڈاکٹر نسیم رحمت اللہ نے جہاز کے دروازہ پر حضور انور کو خوش آمدید کہا۔

چھ بجکر چالیس منٹ پر ایئرپورٹ سے روانہ ہو کر قریباً ایک گھنٹہ کے سفر کے بعد سات بجکر چالیس منٹ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا زائن جماعت میں ورود مسعود ہوا۔ مسجد ’’فتح عظیم‘‘ کو بجلی کے رنگ برنگے قمقموں سے سجایا گیا تھا جس کے باعث مسجد کے ارد گرد کا وسیع احاطہ بھی روشن تھا۔

آخر وہ انتہائی با برکت اور ہر ایک کے لیے یاد گار اور تاریخ ساز لمحہ آپہنچا اور ٹھیک سات بجکر 35منٹ پر حضور انور کی گاڑی بیرونی گیٹ سے اندر داخل ہوئی۔ حضور انور گاڑی سے باہر تشریف لائے اور اپنا ہاتھ بلند کر کے سب کو السلام علیکم کہا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے قیام کا انتظام ’’مسجد فتح عظیم‘‘ کے بیرونی احاطہ میں واقع گیسٹ ہاؤس میں کیا گیا تھا۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

27؍ستمبر 2022ء بروز منگل

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مختلف دفتری امور کی ادائیگی کے بعد دوپہر ایک بجے مسجد فتح عظیم سے ملحقہ نمائش ہال میں تشریف لا کر نمائش کا معائنہ فرمایا۔

نمائش کی ایک اہم چیز وہ Kiosk تھا جس میں 160 اخباری تراشے جمع کئے گئے تھے اور world map کے مختلف حصوں کو Touch کرنے سے یہ تمام تراشہ جات 60انچ کی سکرین پر واضح طور پر پڑھے جاسکتے ہیں۔ حضور انور یادہ اللہ تعالیٰ نے اس نمائش کے معائنہ کے دوران اس Kiosk کو لانچ Launch کیا اور مختلف اخبارات کے تراشوں کا مطالعہ فرمایا۔

نقاب کشائی اور مینارۃ المسیح

نمائش کے معائنہ کے بعد حضور انور نے مسجد کی بیرونی دیوار پر لگی تختی کی نقاب کشائی فرمائی اور دعا کروائی۔

بعد ازاں حضور انور نے مینارہ کا سنگ بنیاد رکھا۔ شہر کی انتظامیہ کی طرف سے مسجد کے ساتھ مینارۃ المسیح کی طرز پر ایک مینارہ تعمیر کرنے کی بھی منظوری ملی ہے۔

اس کے بعد حضور انور نے ’’مسجد فتح عظیم‘‘ اور اس سے ملحقہ ہال اور دفاتر کو ایک نقشہ کی صورت میں ایک بورڈ پر آویزاں کیا گیا ہے ان نقشہ جات کو ملاحظہ فرمایا۔ اس کے بعد مسجد سے ملحقہ ہال اور دفاتر اور گراؤنڈ فلور (Basement) میں بھی تشریف لے گئے اور معائنہ فرمایا۔

اس روز شام کے وقت حضور انور کی مختلف جرنلسٹس سے ملاقات تھی۔ حضور انور نے ان کے سوالوں کے جوابات عنایت فرمائے۔

شام چھ بجے کے بعد حضور انور نے مختلف فیملیز کو ملاقات کا شرف بخشا۔ اس دن 32 فیملیز کو ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔

28؍ستمبر 2022ء بروز بدھ

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح پانچ بجکر پچاس منٹ پر ’’مسجد فتح عظیم‘‘ میں تشریف لا کر نماز پڑھائی۔

پروگرام کے مطابق گیارہ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنے دفتر تشریف لائے اور فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں۔

آج صبح کے اس سیشن میں 42 فیملیز کے 186 افراد نے اپنے پیارے آقا سے شرف ملاقات پایا۔

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد کے بیرونی احاطہ میں تشریف لاکر پودا لگایا۔ اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

پروگرام کے مطابق چھ بج کر دس منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد کے مردانہ ہال میں تشریف لائے جہاں مرد احباب کا ایک گروپ کی صورت میں اجتماعی ملاقات کا پروگرام تھا۔ اس گروپ میں شامل افراد کی تعداد 27 تھی جو مقامی جماعت Zion کے علاوہ دیگر چودہ جماعتوں سے آئے تھے۔

بعد ازاں حضور انور ایک دوسرے ہال میں تشریف لے گئے جہاں لجنہ گروپ کی حضور انور کے ساتھ اجتماعی ملاقات تھی۔ خواتین کی تعداد 80 تھی جو کہ جماعت زائن (Zion) کے علاوہ دیگر سترہ مختلف جماعتوں اور علاقوں سے آئی تھیں۔ حضور انور نے خواتین سے ان کا تعارف اور تعلیم اور کیرئیر کے بارے میں دریافت فرمایا۔ طالبات کو حضور انور نے ازراہ شفقت قلم عطا فرمائے اور چھوٹی بچیوں کو چاکلیٹ عطا فرمائیں۔

بعض خواتین نے حضور کی خدمت میں اپنی ’’الیس اللّٰہ بکافٍ عبدہ‘‘ کی انگوٹھیاں تبرک کرنے کی درخواست کی حضور نے ازراہ شفقت اس درخواست کو قبول فرمایا۔

29؍ستمبر 2022ء بروز جمعرات

بروز جمعرات حضور انور نے 6فیملیز کے 27افراد اور مختلف گروپس جن میں لجنہ اماء اللہ کے 4گروپس اور مرد حضرات کے 4گروپس کوجو زائن کی مختلف جماعتوں سے آئے تھے ملاقات کا شرف بخشا۔

ان ملاقاتوں کے پروگرام کے بعد احمدیہ مسلم سائنٹسٹ ایسوسی ایشن کی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ ملاقات تھی۔ اس ملاقات کا انتظام ایک ہال میں کیا گیا تھا۔

حضور انور نے خاص طور پر ریسرچ کرنے والوں سے ان کے کام کے نتائج اور معاشرے پر اس کے اثرات کے بارے میں پوچھا۔

آخر پر ایسوسی ایشن نے حضور انور کی خدمت میں ایک آسٹرو لیب پیش کیا۔ ایک ایسا آلہ جو پہلے زمانوں میں فلکیاتی پیمائش کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ ابتدائی مسلمان سائنس دانوں نے اسے ایجاد کیا تھا۔

30؍ستمبر 2022ء بروز جمعہ

آج جمعۃ المبارک کا دن ایک تاریخ ساز دن تھا جو احمدیت کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ حضور انور کے نماز جمعہ پڑھانے کے ساتھ ڈاکٹر الیگزینڈر ڈوئی کے شہر زائن (Zion) میں مسجد فتح عظیم کا افتتاح ہوا اور اس شہر زائن کی سرزمین سے خلیفۃ المسیح کا پہلا خطبہ جمعہ تھا جو ایم ٹی اے کے ذریعہ ساری دنیا میں براہ راست لائیو نشر ہوا۔ ڈاکٹر ڈوئی نے تو اپنے اس بسائے ہوئے شہر زائن میں اسلام کی آواز کو ہمیشہ کے لیے بند کرنا چاہا تھا مگر اب وہاں اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس شہر میں اسلام کی آواز گونج رہی ہے۔

پروگرام کے مطابق ایک بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد فتح عظیم تشریف لائے اور خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔

اس خطبہ کا خلاصہ 3؍اکتوبر کو الفضل آن لائن اور قدرے تفصیل سے خلاصہ مکرم عبد الماجد طاہر ایڈیشنل وکیل التبشیر یو کے کی ر پورٹ با بت 30؍ستمبر میں شائع ہوا بعد ازاں خطبہ کا مکمل متن 17؍ستمبر 2022ء میں شائع ہو چکا ہے۔ اب اسے (مسجد فتح عظیم نمبر) کا بھی حصہ بنا دیا گیا ہے۔

یکم اکتوبر 2022ء بروزہفتہ

پروگرام کے مطابق 5 بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نمائش ہال میں تشریف لائے جہاں ’’Lake County NewsSun‘‘ اخبار کی ایک صحافی خاتون Yadira Sanchez Olson صاحبہ حضور انور سے انٹرویو کے لیے آئی ہوئی تھیں۔ ان کے ساتھ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 13 افراد اس ملاقات میں شامل تھے۔

اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فتح عظیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت فرمائی۔ اس تقریب میں مختلف جماعتوں اور ممالک سے آنے والے، عہدیداروں اور نمائندوں کے علاوہ 161 غیر مسلم اور غیر از جماعت مہمانوں نے شرکت کی۔

بعد ازاں زائن شہر کے مئیر آنریبل Billy Mckinne نے استقبالیہ ایڈریس پیش کیا اور بعد میں موصوف نے حضور انور کی خدمت میں زائن شہر کی چابی پیش کی۔

شہر کے مختلف معززین کی تقاریر کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نے خطاب فرمایا۔

2؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار

آج پروگرام کے مطابق Zion سے Dallas کے لیے روانگی تھی۔ صبح سے ہی زائن اور دیگر مختلف جماعتوں سے آئے ہوئے احباب جماعت، مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد اپنے پیارے آقا کو الوداع کہنے کے لیے جمع تھی۔

11 بج کر 10 منٹ پر حضور نے دعا کروائی اور سب کو السلام علیکم کہا اور قافلہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ شکاگو کے لیے روانہ ہوا۔

12 بج کر 5 منٹ پر حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ کی شکاگو ایئرپورٹ پر تشریف آوری ہوئی۔

اس سفر کے لیے جو بورڈنگ کارڈ مہیا کیا گیا تھا اس پر Khilafat Flight 2022 لکھا ہوا تھا۔ فلائٹ کا نمبر KF.2022 تھا۔ بورڈنگ کارڈ کے ایک طرف یہ الفاظ درج تھے:

Ahmadiyya Muslim Community USA (100) 1920 – 2020
Centennial Khilafat Flight
in the company of
Hazrat Mirza Masroor Ahmad
Khalifatul Masih 5 (aba)

12 بج کر 50 منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ جہاز پر سوار ہوئے۔ 12 بج کر 58 منٹ پر جہاز شکاگو کے انٹرنیشنل O,Hare ایئرپورٹ سے ڈیلس کے لیے روانہ ہوا۔

(یہ رپورٹ مکرم ایڈیشنل وکیل التبشیر کی رپورٹس سے خلاصہ کے طورپر مسز عائشہ چوہدری آف جرمنی نے تیار کی ہے۔ فجزاھا اللّٰہ تعالیٰ)

(مرسلہ: عائشہ چوہدری۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی