• 3 مئی, 2024

خلافت احمدیہ کی ہفتہ وار روحانی فلائٹ

خاکسار کو مسجد مبارک اسلام آباد برطانیہ میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتداء میں اکثر نماز جمعہ ادا کرنے کی توفیق ملتی رہتی ہے۔ موٴرخہ21؍اکتوبر 2022ء کو خاکسار نے ایک خاص نظارہ دیکھا اور وہ یہ تھا کہ حضرت صاحب کی مسجد میں تشریف لانے کی اطلاع پا کر اول مسجد میں موجود نمازیوں میں کھسر پھسر سنائی دی اور وہ اپنے آپ کو سیدھا کرنے لگے اور چاک و چوبند ہو کر بیٹھ گئے، تو اُدھر ڈیوٹی پر مامور خدام کو بڑی سرعت کے ساتھ جگہ تلاش کر کے بیٹھتے دیکھا۔ یہ سارا منظر دیکھ کر اچانک میرے ذہن میں خیال آیا کہ روحانی فلائٹ اپنی پرواز بھرنے کو تیار ہے اور پائلٹ اپنی سیٹ پر تشریف فرما ہونے والے ہیں اور یہ سارا نظارہ اس بات کی عکاسی کر رہا تھا کہ جس طرح مادی فلائٹ سے قبل تمام سواریاں اپنی اپنی جگہوں پر سیٹ بیلٹ باندھ کر سیدھے رُخ ہو کر تیار ہو جاتی ہیں اور اس فلائٹ کا عملہ (Crew) بھی اپنی اپنی ڈیوٹی سنبھالنے کے بعد سیٹیں تلاش کر کے بیٹھ جاتا ہے اور پورے جہاز میں ایک سکون اور خاموشی کا سماں اور ماحول بن جاتا ہے۔ یہی کیفیت بار بار میرے ذہن اور دل و دماغ میں بڑے زور سے اپنے نقوش چھوڑنے لگی اور اہم بات یہ کہ یہ کیفیت پورے خطبہ کے دوران مجھ پر طاری رہی کہ میں بہت سے نمازیوں کے ہمراہ روحانی فلائٹ پر سوار روحانی بلندیوں سے محظوظ ہو رہا تھا اور خلیفۃ المسیح اپنے ارشادات اور پُر معرفت و پُر اثر ملفوظات کے ذریعہ اس فلائٹ کو روحانی بلندیوں پر لے گئے اور یہی اس فلائیٹ کی Entertainment تھی جو Serve ہو رہی تھی۔

خاکسار نے اپنا یہ خدا داد آئیڈیا جمعہ کی نماز کے بعد تین مربیان کرام کے سامنے بغرض مشورہ رکھا انہوں نے میرے اس آئیڈیا کی بھرپور تائیدکی۔ جس سے مجھے یہ اداریہ قلمبند کرنے کا حوصلہ ملا۔

یہ خطبہ جمعہ جیسا کہ میں اوپر لکھ آیا ہوں موٴرخہ21؍اکتوبر 2022ء کا تھا۔ جس میں حضرت امیر الموٴمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے امریکہ کے کامیاب اور انقلابی دورہ سے واپسی پر اپنوں اور بالخصوص غیروں کے تاثرات بہت تفصیل سے بیان فرمائے۔ مجھے یوں لگا جیسے حضور کی مسجد آمد پر اذان کے ساتھ یہ روحانی طیارہ ٹیکسی کرتا ایسے مقام پر جا پہنچا جہاں طیارہ کچھ لمحات کے لیے رُک کر بڑی تیزی کے ساتھ پرواز کر جاتا ہے۔ اس طرح اذان کے بعد کچھ وقفہ کےلیے حضور اس روحانی فلائٹ کو فضا کی بلندیوں پر لے گئے۔

اس روحانی فلائٹ کے کچھ حصے قارئین کی خدمت میں پیش ہیں۔

ہر لحاظ سے الله تعالیٰ کے فضلوں کے نظارے دیکھنے میں آئے

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:
اپنوں پر بھی اِس دورہ کا نیک اثر قائم ہوا اور غیروں پر بھی… لوگوں، بچوں، عورتوں اور مَردوں کی ملاقات کے بعد جوجذباتی تأثرات ہوتے تھے، اِن کی اپنی ایک لمبی فہرست ہے۔ پھر زائن، ڈیلس اور میری لینڈ میں بھی نمازوں پر عورتوں، بچوں، مَردوں کی کافی تعداد میں حاضری ہوتی تھی اور جس طرح وہ میرے آتے جاتے وقت اپنے جذبات کا اظہار کرتے، صاف نظر آ رہا ہوتا تھا کہ اِن کے دلوں میں خلافت سے محبت وتعلق اور اخلاص و وَفا ہے۔پڑھے لکھے، امیر اور دنیاوی لحاظ سے مصروف لوگ بھی نماز کے لئے کئی کئی گھنٹے لائن میں آ کر لگ جاتے تھے تاکہ مسجد میں جگہ مِل جائے، یہ نہیں کہ فارغ لوگ ہیں جو آ گئے۔ یہ تبدیلی یا یہ رَویہ اِس بات کا اظہار ہےکہ الله تعالیٰ کے فضل سے دین اور جماعت کی محبت، خلافت سے تعلق اِن کے دلوں میں ہے۔

الله تعالیٰ نے غیروں کے دلوں پر بھی
غیر معمولی اثر ڈالا

حضور انور ایدہ الله تعالیٰ نے غیروں کے تأثرات بیان کرنے سے قبل ارشاد فرمایا:
الله تعالیٰ نے غیروں کے دلوں پر بھی غیر معمولی اثر ڈالا ہے، الله تعالیٰ اِن لوگوں کے سینے مزید کھولے اور یہ لوگ سچائی کو پہچاننے والے بھی بن جائیں۔زائن میں بننے والی مسجد فتح عظیم کے افتتاح کے موقع پراستقبالیہ تقریب میں 161غیر مسلم اور غیر ازجماعت مہمانوں نےشرکت کی، اِن میں کانگریس مین، کانگریس وومن، میئرز، ڈاکٹرز، پروفیسرز، ٹیچرز، وکلاء، اسکیورٹی اداروں کے نمائندگان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہوئے تھے۔

تو یہ امید غیروں کو بھی ہم سے ہو رہی ہے

حضور انور ایدہ الله تعالیٰ کی خدمت میں زائن شہر کی چابی پیش کرنے والے میئر آنریبل Billy McKinney کے تأثرات:
میرے لئے جماعت احمدیہ مسلمہ کے عالمی رہنما کو مسجد فتح عظیم کے موقع پر زائن شہر میں خوش آمدید کہنا اِنتہائی اعزاز کی بات ہے، یہاں زائن میں ہمارا نصب العین (Historic Past and Dynamic Future) ہے اور ہمارے شہر کے قلب میں یہ خوبصورت مسجد اِس ماٹو کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔ خواہش اور دعا ہے کہ یہ عبادت گاہ ہمیشہ ہمارے ماضی اور مستقبل کے درمیان ایک پُل کا کام کرے۔حضورانور ایدہ الله کو میئر شہر نےبڑے جذباتی انداز میں کہا!آج آپ نے مجھے speechless کر دیا اور آپ کی موجودگی کا احساس بہت عمدہ ہے۔

غیروں کو بھی اِس مقابلہ کا اچھی طرح پتا لگ گیا

حضور نے ممبر اِلینوئے جنرل اسمبلی آنریبل Joyce Mason کے تاثرات بیان کرتے ہوئے فرمایا:
یہاں زائن میں مسجد فتح عظیم کے افتتاح کی اِس تاریخی تقریب کا حصہ بننا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، زائن احمدیہ مسلم کمیونٹی کے لئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور آج اِس شہر کے لئے ایک خاص دن ہے۔ زائن ایک ایسی جگہ تھی جس کی بنیاد پچھلی صدی کے آغاز میں الیگزینڈر ڈووی نے رکھی تھی جو اِسے ایک تھیوکریٹک شہر بنانا چاہتا تھا، جس کے دروازے اُس کے ماننے والوں کے علاوہ باقی ہر ایک کے لئے بند تھے لیکن آج زائن شہر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا گھر ہے اور یہ مسجد متعصبین کے بارہ میں مؤمنوں کی دعاؤں کی فتح کی علامت ہے۔ مَیں احمدیہ مسلم کمیونٹی کو اِس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ امام جماعت احمدیہ امن کے فروغ کے لئے ایک سرکردہ عالمی رہنماء ہیں۔

نہ صرف جماعت احمدیہ بلکہ انسانیت کی بھی فتح

Dr. Katrina Lantos Swett (صدر لینٹس فاؤنڈیشن برائے انسانی حقوق و انصاف) کے تأثرات بیان کرتے ہوئے حضور نے فرمایا۔ مجھے ایسے محسوس ہوتا ہے کہ جب بھی مَیں احباب جماعت کے ساتھ ملتی ہوں تو میری روحانیت میں اضافہ ہوتا ہے۔یہاں زائن میں ہونے والے مباہلہ کے بارہ میں سُن کر بہت حیرت ہوئی کہ اُس زمانہ میں جبکہ موبائل فون، کمپیوٹر اور دیگر ذرائع مواصلات موجود نہیں تھے اُس وقت بھی اِس مقابلہ کو اتنی تشہیر ملی۔ ایک نظریہ ڈاکٹر جان ڈووی کا تھا جس کی بنیاد نفرت، باہمی تفریق اور تعصب پر تھی اور دوسرا نظریہ بانیٔ جماعت احمدیہ مرزا غلام احمد صاحب کا تھا جو کہ باہمی عزت اور بُردباری پر مشتمل تھا اور ایک ایسی شخصیت کی طرف سے تھا جنہوں نے اِس کا نتیجہ کلیتًاالله کے ہاتھ میں چھوڑ رکھا تھا، پھر نتیجتًا ہم جانتے ہیں کہ اِس مباہلہ میں کس کی فتح ہوئی اور یقینًا یہ مسجد جس کا اَب افتتاح ہونے جا رہا ہے، جس کا نام فتح عظیم مسجد رکھا گیا ہے، اِس کامطلب ایک عظیم الشان فتح ہے جو اُس مباہلہ میں جماعت احمدیہ اور بانیٔ جماعت احمدیہ کے حصہ میں آئی۔

عالمگیر جماعت نے امریکہ دورہ کے دوران ان روحانی لمحات کو ایم ٹی اے کے ذریعے نہ صرف محسوس کیا بلکہ بجلی کی سی حرارت اپنے اندر پیدا کر کے اپنی روحانیت کو بھی بڑھایا۔ یہ ایم ٹی اے بھی ہمیں روحانی بلندیوں کی طرف لے جانے کا موجب ہوا جو حقیقت میں ایک عظیم پیشگوئی کی تکمیل ہے۔

حضرت امام جعفر صادق ؒکی ایک پیشگوئی کے مطابق

’’آواز اور تصویر کو منتقل کرنے کے آلات اس قدر عام ہو جائیں گےاور آپ یعنی مہدی کے پیرو کار ان وسائل کو اتنی آسانی سے حاصل کر سکیں گے کہ اس حکومت کے دور میں ڈاکخانہ کی ضرورت محسوس نہ ہو گی۔‘‘

ایک اور مقام پرآپ فرماتے ہیں:
’’امام قائم کے زمانہ میں مومن مشرق میں بیٹھے بیٹھے اپنے بھائی کو مغرب میں اور مغرب کا باشندہ مشرق میں رہنے والے اپنے بھائی کو دیکھے گا۔‘‘

(منتخب الاثر صفحہ483)

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:
سب سے زیادہ ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ لوگ ہر جمعہ کو نشر ہونے والا خطبہ جمعہ باقاعدگی سے سنیں اور دیگر ایسے پروگرامز بھی دیکھیں جن میں میری شمولیت ہوتی ہے جیسا کہ غیر مسلموں سے خطابات ہیں، جلسہ پر کی جانے والی میری تقریریں ہیں یا دیگر مجالس وغیرہ۔ ان پروگرامز کو دیکھنا ان شاء اللّٰہ آپ لوگوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا اور اسی مقصد سے آپ لوگوں کو یہ پروگرامز دیکھنے چاہئیں۔‘‘

(اردو ترجمہ از اختتامی خطاب مجلسِ شوریٰ یوکے 16؍جون 2013ء بمقام مسجد بیت الفتوح، لندن)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
’’خلافت کی اطاعت اور خلیفۂ وقت کی ہدایات کی تعمیل کا ایک بہت اہم ذریعہ اللہ تعالیٰ کے ایک عظیم فضل و احسان کی صورت میں قائم کیا ہونے کا ذریعہ ہے اور وہ ایم ٹی اے ہے۔ اس لئے آپ جہاں کہیں ہوں آپ کو ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے کہ میرا ہر خطبہ ضرور سنیں خواہ وہ کسی بھی ذریعہ سے ہو۔ چاہے وہ ٹیلی وژن کے ذریعہ ہو، laptop کے ذریعہ ہویا آپ کے موبائل فون کے ذریعہ ہو۔ اِس دَور میں کوئی بھی یہ جائز عذر نہیں کر سکتا کہ وہ پیغام یا تعلیمات کو موصول کرنے سے قاصر رہا ہے۔ نشر و اشاعت کے جدید وسائل کی بدولت اب ہر چیز تک رسائی باآسانی اور فوراً ایک بٹن کے دبانے سے ممکن ہوچکی ہے۔ اس لئے جہاں تک میرے خطبات کا تعلق ہے ان تک بھی آپ کی رسائی اور دسترس مختلف ذرائع سے ہو سکتی ہے۔ آپ میرے خطبات ایم ٹی اے پر سن سکتے ہیں یا اس کے علاوہ آپ ایم ٹی اے کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اور ایم ٹی اے کی on demand سروس کے ذریعہ بھی میرے خطبات کو سن سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایم ٹی اے کے کئی دوسرے پروگرامز بھی آپ کے لئے دیکھنا بہت ضروری ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعہ آپ کا دینی علم بڑھے گا اور اس طرح آپ کا خلافت سے بھی تعلق پختہ اور مضبوط ہوگا۔

(نیشنل اجتماع واقفینِ نَو جماعت احمدیہ برطانیہ یکم مارچ 2015ء)

اللہ تعالیٰ ہمیں خلافت احمدیہ کی اس روحانی فلائٹ کا حصہ بننے اور اس کے تقاضوں کو پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(ابو سعید)

پچھلا پڑھیں

مسجد فتح عظیم کے افتتاح کے موقع پر

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 نومبر 2022