• مکرم محمود مجیب اصغر۔ سویڈن سے لکھتے ہیں:
آج (موٴرخہ 25؍نومبر 2022ء) کے الفضل میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ برطانیہ کا خطاب پڑھ کر دل باغ باغ اور اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا سے لبریز ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ نے جو وعدے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے کئے تھے وہ کس شان سے پورے کر رہا ہے اور احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا غلبہ نا مساعد حالات کے باوجود دنیا میں ہو رہا ہے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ پندرھویں صدی ہجری غلبہ اسلام کی صدی ہے۔ عرب و عجم میں خدا تعالیٰ نشان دکھلا رہا ہے اور خلافت احمدیہ کے ذریعہ امت واحدہ بننے کا تصور حقیقت میں بدلتا جا رہا ہے۔
اس کائنات کی حقیقت توحید باری تعالیٰ اور oneness of humanity ہے اور وہ مقصد خلافت کے ذریعے حاصل ہو رہا ہے۔ خدمت خلق اور رفاع عامہ کے کام جو بالخصوص افریقہ میں حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ کی قائم کردہ International Association of Ahmadi Architects and Engineers. اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی قائم کردہ Humanity First کے ذریعے ہو رہے ہیں وہ نہایت قابل رشک ہیں۔ کسی زمانے میں ملکہ زبیدہ نے عراق سے مدینہ تک کنویں کھدوا کر اور نہر زبیدہ بنوا کر بہت بڑا کارنامہ کیا تھا۔ اسی نہج پر جماعت احمدیہ اپنی مالی قربانیوں سے ویسی ہی خدمت افریقی ممالک میں سر انجام دے رہی ہے اور یہ سب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی قوت قدسیہ سے ہو رہا ہے۔ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَ بِحَمْدِہٖ سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیْمِ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلیٰ مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِ مُحَمَّدٍ
• مکرمہ زاہدہ راحت۔ بریمٹن کینیڈا سے لکھتی ہیں:
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل اور رحم سے روزنامہ الفضل آن لائن ترقی کے زینہ پر گامزن ہے۔ اس کامعیار بہت اعلیٰ اور تشنہ روحوں کو سیراب کرنے کا بہت مفید ذریعہ ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! یہ سب خلافت احمدیہ کی بر کات کا ثمر ہے۔