• 8 مئی, 2024

سلیبسز Syllabuses

خاکسار کو اپنے بیٹے کے ہاں قیام کے دوران جماعت کی تعلیم و تربیت اور اصلاح احوال کے لئے شعبہ تعلیم جماعت احمدیہ برطانیہ کے شائع کردہ نیشنل سلیبس دیکھنے کو ملے جس پر لکھا تھا کہ یہ خدام الاحمدیہ، انصار اللہ، لجنہ اِماء اللہ اور واقفین نو بچوں کے لئے Unified Syllabus ہے یہ تین Stages کاہے ۔ اس کے علاوہ شعبہ مرکزی وقفِ نو کا ایک سے 21 سال کے بچوں و بچیوں کا سلیبس بھی الگ نظر آیا۔ جب خاکسار نے ان سلیبسز پر تفصیل سے نگاہ ڈالی اور بعض جگہوں سے جستہ جستہ پڑھا تو میں نے اس کو حقیقت میں جماعت کے تمام عمر سے تعلق رکھنے والوں کے لئے مفید پایا کیونکہ ایک مربی ہونے کے ناطے یہ میرے لئے بھی بہت سی باتوں کی یاد دہانی کا موجب ٹھہرے۔ اور قرآنی حکم ’’فَذَکِّر‘‘ کے تحت دینی علوم کی یاددہانی کا عظیم ذریعہ متصوّر ہونے لگے۔

جوں جوں خاکسار اس کے مطالعہ میں آگے بڑھا توں توں ان سلیبس تیار کرنے والوں کے لئے دُعا نکلی کہ انہوں نے کمال حکمت اور فراست سے دنیا میں موجود روحانی اور دینی کھانوں کو ایسے طریق سے تیار کر کے ایک ہی جگہ پر سجا دیا ہے جیسے ایک ہی میز (Table) یا ٹرے پر دُنیوی کھانے ایک ہی جگہ پر مہمانوں کے لئے چُن دیئے جاتے ہیں۔ تا تمام کھانوں کو تھوڑا تھوڑا حسب توفیق چکھ کر نہ صرف لطف اندوز ہو اجائے بلکہ تیار کرنے والوں اور اُس اللہ کا شکر ادا کیا جائے جس نے یہ ایسے لذیذ مائدے انسانیت کے لئے تیار کئے۔

بعینہٖ یہ سیلبسز (Syllabuses) روحانی کھانوں کے مختلف ذائقوں پر مشتمل ہیں۔ جن سے محظوظ ہونا ضروری ہے۔

دنیا بھر کی مختلف جماعتوں نے بھی اپنے اپنے ہاں اس طرح کے علمی ،تربیتی، اخلاقی اور روحانی Syllabuses تیار کئے ہونگے۔ وقفِ نو کا مرکزی سلیبس تو تمام جگہوں پر Common طور پر دستیاب ہو گا۔ ہمارے بزرگوں اور بزرگ ماؤں کو چاہیئے کہ اپنے بچوں اور بچیوں خواہ ان کا تعلق ناصرات الاحمدیہ یا اطفال الاحمدیہ سے ہو ، خواہ خدام الاحمدیہ یا ممبرات لجنہ سے تعلق ہو اور خواہ وہ ناصر ہو یا واقفِ نوہو۔ انہیں ان سلیبسز کو خود بھی زیر مطالعہ رکھنا چاہیئے اور اپنے بچوں کو بھی ان کا باقاعدگی سے نہ صرف مطالعہ کروائیں بلکہ ان باتوں کو ازبر یاد بھی کروائیں تا ہماری نئی پود اسلامی و دینی تعلیم سے بہتر رنگ میں آراستہ رہے۔

ان سلیبسز کے مطالعہ سے ہمیں اپنے خالق حقیقی اللہ تعالیٰ سے لگاؤ بڑھے گا۔ اس کی طرف زیادہ جھکنے کی توفیق ملے گی۔ اس کی عبادت بالخصوص نماز،نوافل کے حقوق کماحقہ ادا کرنے کی توفیق حاصل ہوگی اس تعلیم کو حرزِ جان بنا کر دنیا میں پھیلی اس کی عنایات اور افضال و نعماء کودیکھ اور پڑھ کر تشکر کا موقع ملے گا۔

اللہ تعالیٰ کی پہچان کے بعد یہ سلیبسز اس کے پیارے رسول سیّدنا محمد ﷺ کے ساتھ عقیدت و محبت اور پیار بڑھانے کا موجب ہوں گے۔ اس عظیم نبی پر درود بھیجنے کا ذریعہ بنیں گے۔ قرآنی حکم ’’قُلۡ اِنۡ کُنۡتُمۡ تُحِبُّوۡنَ اللّٰہَ فَاتَّبِعُوۡنِیۡ یُحۡبِبۡکُمُ اللّٰہُ وَ یَغۡفِرۡ لَکُمۡ ذُنُوۡبَکُمۡ ؕ وَ اللّٰہُ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ‘‘ (آلِ عمران:32) کے تحت آنحضور ﷺ کی سنت پر عمل پیرا ہو کراللہ سے محبت بڑھے گی۔

قرآن کریم کی تعلیمات و احکامات سے آگاہی حاصل ہو گی اور تلاوت کی توفیق ملتی رہے گی۔ نماز کی درست ادائیگی، تاریخ اسلام و احمدیت سے آگاہی، اخلاقیات، دنیا میں زندگی گزارنے کے طریق اور چھوٹی چھوٹی دعائیں اور بہت سے فوائد ان سے حاصل ہونگے۔ اب تو یہ online بھی میسر ہونگے۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو صحیح اسلامی تعلیم سے آراستہ ہونے اور ان پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے۔ آمین

٭…٭…٭

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 جنوری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 جنوری 2021