• 26 اپریل, 2024

اقوام متحدہ کا عالمی جائزہ اجلاس برائے تحفظ انسانی حقوق

اقوام متحدہ کا مرکزی دفتر نیویارک امریکہ میں قائم ہے۔ جبکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے تحفظ کے ادارے HRC ہیومن رائٹس کمیشن کا دفتر جنیوا سوئٹزرلینڈ میں واقع ہے۔ اس ادارے کے فرائض میں شامل ہے کہ وہ تمام دنیا کے ممالک میں انسانی حقوق کو بحال کرنے کی کوشش کرے۔ ان امور کا جائزہ لینے کے لیے اس کمیشن کے باقاعدہ اجلاس ہوتے ہیں جس کو UPR سیشن کا نام دیا جاتا ہے۔ اس اجلاس میں آپ پوری دنیا میں مختلف ممالک میں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بھی بلند کر سکتے ہیں اور اسی طرح اگر کسی ملک نے انسانی حقوق کو قائم کرنے میں اصلاحات کی ہیں تو ان کا اعلان بھی اس فورم پر کیا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اپنے ملک میں صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے کیا اقدامات کئے ہیں۔

UPR کا قیام 15؍ مارچ 2006ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک قرار داد کے ذریعہ عمل میں آیا جس کا مقصد انسانی حقوق کا تحفظ اور حقائق اور رپورٹس کی بنیاد پر ان ممالک کوتوجہ دلانا ہے۔ UPR کے ایک سال میں کم از کم تین اجلاسات منعقد ہوتے ہیں اور ہر اجلاس میں 14 ممالک کا جائزہ لیا جاتا ہے اور یوں سال بھر میں 42 ممالک کا جائزہ مکمل ہوتا ہے۔

امسال 30؍ جنوری 2023ء کو جنیوا میں یہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان میں ہونے والے مظالم کا ذکر ہوا جس میں بچوں کے حقوق، عورتوں کے حقوق، اقلیتوں کے حقوق، سزائے موت اور توہین رسالت جیسے قوانین کو ختم کرنے کی توجہ دلائی گئی۔ خاکسار کو احمدیہ مسلم جماعت سوئٹزرلینڈ کے نمائندہ کے طور پر اس اجلاس میں شام ہونےکا موقع ملا۔ امریکہ، سوئٹزرلینڈ، بھارت، سیرالیون اور کیمرون نے پاکستان میں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کی اور توجہ دلائی کہ وہ ان ظالمانہ قوانین کو ختم کرکے بنیادی انسانی حقوق کو بحال کریں۔ ان پانچ ممالک کے علاوہ تین دیگر ممالک جو اقوام متحدہ کی اصطلاح میں TROIKAکہلاتے ہیں (یعنی گیمبیا، ارجنٹائن اورنیپال) بھی شامل تھے۔ ان ممالک کا کام حقائق، رپورٹس، تجاویز اور سفارشات جمع کرنا ہوتا ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے ملک کو بنیادی انسانی حقوق قائم کرنے، صبر،برداشت اور بھائی چارہ کی فضاء قائم کرنے اور ایک مثالی اسلامی ملک بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(محموالرحمن انور۔نیشنل سیکرٹری اُمور خارجہ سوئٹزرلینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ