• 24 اپریل, 2024

ڈیٹرائٹ جماعت کی بین المذاہب دعا میں شرکت

اللہ کے فضل سے علاقہ کے مشنری مکرم شمشاد احمد ناصر صاحب نے ۵۳ویں بین المذاہب دعا کی تقریب میں جماعت ڈیٹرائٹ کی نمائندگی کی۔ یہ تقریب عالمی امن فیڈریشن امریکہ نامی تنظیم نے منعقد کروائی تھی اور جمعرات مورخہ 8 اپریل 2021ء کو اسکا انعقاد انٹرنیٹ پر زوم کے ذریعے ہوا۔تینوں بڑے مذاہب کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پروگرام کے میزبان آرچ بشپ جورج سٹالنگز نے اپنے تعارف سے پروگرام کا آغاز کیا اور شرکا ءکو خوش آمدید کہا اور مندوبین کا تعارف کرایا۔ پھر انہوں نے بہ ترتیب شریعت موسوی، عیسائیت اور اسلام کے نمائندوں دینی گائک راجر سکلی، بشپ کارٹز لگنز اور امام شمشاد ناصر کا تعارف پیش کیا۔

پھر انہوں نے دینی گائک راجر سکلی کو دعوت دی جنہوں نے عبرانی زبان میں دعائیں پیش کیں۔ دعاؤں کا موضوع اللہ کی حمد اور اسکا رحم اور شفقت مانگنا تھا۔ پھر انہوں نے کورونا وبا سے حفاظت کیلئے دعا کی۔ انہوں نے پروگرام میں دعوت دیے جانے پر عالمی امن فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا۔

پھر بشپ کارٹز لگنز کو خطاب کی دعوت دی گئی۔ وہ کینسز شہر کے بیت الدعا برائے تجدیدی امید کے سینئر پادری کی نمائندگی کر رہے تھے۔ انہوں نے عیسائی صحیفے اور روایات سے ملک، انسانیت اور دنیا کیلئے دعائیں پیش کیں۔

پھر میزبان نے جماعت احمدیہ کے نمائندہ امام شمشاد احمد ناصر صاحب کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور بتایا کہ وہ جماعت احمدیہ کی امریکہ میں عرصہ 48 سال سے خدمت کر رہے ہیں اور انہوں نے اسلام کی خدمت میں امریکہ اور دوسرے براعظموں میں دورے کیے ہیں۔

مشنری شمشاد ناصر صاحب نے تلاوت سورہ فاتحہ اور دوسری عربی دعاؤں سے ابتدا کی اور انکا ترجمہ پیش کیا۔ مربی صاحب نے میزبان کا تعارف کرانے کا شکریہ ادا کیا اور عالمی امن فیڈریشن کو پروگرام میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

پھر مربی صاحب نے کہا کہ جماعت احمدیہ کی طرف سے میں آپکو سلامتی کا پیغام دیتا ہوں جو اسلام کی مروجہ دعا ہے۔ پھر انہوں نے جماعت کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق جماعت احمدیہ سے ہے جسکی شاخیں دنیا کے 200 سے زائد ممالک میں ہیں۔ ہمارا ایمان اور دعوی ہے کہ وہ مسیح جس کےآنے کی خبر کئی مذاہب اور صحیفوں میں موجود ہے اسکا ظہور مرزا غلام احمد قادیانی کی صورت میں قادیان ، انڈیا میں ہو چکا ہے۔ آپ نے جماعت احمدیہ کی بنیاد 23 مارچ 1889ء کو رکھی۔

مربی صاحب نے مزید بتایا کہ ہم ایک خدا پر ایمان لاتے ہیں اور اسکے ساتھ کسی کو شریک نہیں کرتے۔ مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی تعلیمات میں تاکید کی ہے کہ ایک خدا کی عبادت کی جائے، دھوکا نہ دیا جائے، جھوٹ نہ گڑھا جائے، کسی کو نقصان نہ پہنچایا جائے اور اپنے جذبات پر قابو پایا جائے۔ مربی صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات سے اقتباسات پیش کیے۔

پھر مربی صاحب نے شرکا کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی تصاویر بھی دکھائیں ۔ نیز جماعت احمدیہ کا ماٹو محبت سب کیلئے نفرت کسی سے نہیں بھی پیش کیا۔

آخر میں ڈاکٹر مائیکل جینکنز، صدر عالمی امن فیڈریشن کو اپنے خیالات کے اظہار اور تنظیم کے تعارف کیلئے مدعو کیا گیا۔ آپ نے تمام مندوبین کا شکریہ ادا کیا ۔

اختتام پر عالمی امن فیڈریشن کی ٹومیکو ڈوگان صاحبہ نے تمام شرکا ء کا شکریہ ادا کیا۔

(رپورٹ : محمد احمد)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 مئی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 مئی 2021