• 26 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

امتحانات ایک کلاس سے اگلی کلاس میں جانے کے لیے ہوتے ہیں

مکرم شاہ زیب رانا۔لیسٹر، یوکے سے لکھتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے مجھے جماعت احمدیہ جیسی عظیم نعمت سے نوازا ہے۔ خاکسار گزشتہ کچھ عرصہ سے بیمار ہے اور اسی وجہ سے اس سال عید الفطر کی نماز بھی مسجد میں ادا نہیں کر سکا۔ بہت سے دوستوں کے فون آئےاور بہت سے دوست گھر پر ملنے کے لیے آئے ، لیکن پھر ایسا ہوا کہ جو آپ صرف مذہبی راہنماؤں کی طرف سے بیانات یا تقاریر میں سنتے ہیں لیکن اس کا عملی مظاہرہ کبھی کسی نے نہیں دیکھا اور یہ بات میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ اس کا عملی مظاہرہ صرف اور صرف جماعت احمدیہ میں ہی دیکھا جا سکتا ہے۔ ہوا یہ کہ ہمارے صدر صاحب جو کہ ایک افریقی ہیں، (یہاں میں نے افریقہ کا ذکر اس لیے کیا ہے کہ آپ کو پتہ چلے کہ جماعت احمدیہ میں رنگ و نسل سے بڑھ کر صرف محبت اور بھائی چارے کا رشتہ ہے) عید کی نماز کے بعد گھر تشریف لائے اور سب جماعت کی طرف سے مجھے عید کی مبارکباد پیش کی، پھر کہنے لگے کہ آپ اس سال خرابی صحت کی وجہ سے مسجد میں نماز ادا کرنے نہیں آ سکے، ہم لوگ آپ کو بہت مِس کر رہے تھے، میں جماعت احمدیہ کی طرف سےآپ کے لیے عید کارڈ اور کچھ عیدی لے کر آیا ہوں، (صدر صاحب کے بقول یہ کچھ عیدی، اتنی زیادہ تھی الحمدللّٰہ کے میرے آدھے مہینے کا راشن آرام سے آ سکتا ہے) کچھ دیر بات کی، دعائیں دیں ،چونکہ انہوں نے اور بھی کچھ گھروں میں جانا تھا اس لیے اجازت طلب کر کے رخصت ہو گئے اور جاتے ہوئے اتنی خوبصورت اور گہری بات کرکے گئے کہ اس کا اثر اب تک مجھ پر ہے۔ صدر صاحب نے کہا کہ امتحانات اس لیے ہوتے ہیں کہ آپ ایک کلاس کو پاس کر کے اگلی کلاس میں جائیں، اسی طرح اللہ تعالیٰ بھی امتحانات میں ڈالتا ہے تاکہ آپ کے روحانی درجے کو بلند کرے اور آپ امتحانات میں پاس ہو کر روحانیت کو بڑھاتے چلے جائیں، بظاہر یہ بہت چھوٹی بات ہے لیکن بہت زیادہ گہری ہے، کبھی اپنے لئے وقت نکال کر سنجیدگی سے اس جملے پر غور کریے گا۔ اس وقت روئے زمین پر تمام مذاہب میں صرف اور صرف اسلام احمدیت وہ واحد مذہبی جماعت ہے جو عملی طرز زندگی کو فروغ دیتی ہے، باتیں تو سب لوگ کرتے ہیں، لیکن عمل کوئی نہیں کرتا۔

عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی

جو لوگ احمدی مسلمان ہیں ان کو دن میں کم از کم ایک ہزار مرتبہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ بد رسومات اور بدعات، رمضان میں ناچ گانے، چاند رات پر ہلڑ بازی، نفرت، شدت پسندی، مذہبی، سیاسی و معاشی بحران کے بجائے الحمدللّٰہ ثم الحمدللّٰہ ایک خلیفہ وقت کی اطاعت کرتے ہوئے ایک ہاتھ پر اللہ اور اس کے رسول حضرت اقدس محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقوں پر چلنے کی توفیق پا رہے ہیں، اس سب میں ہمارا کوئی کمال نہیں بلکہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل ہے جس نے ہمیں اپنے چنے ہوئے لوگوں میں شمار کیا ہے۔ اور جو لوگ احمدی نہیں ہیں ان کو چاہئے کہ سنجیدگی سے اس بات کی تحقیق کریں کہ آج اس روئے زمین پر وہ کونسی واحد جماعت ہے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے طرز زندگی پر عمل پیرا ہے۔جواب آپ کو خود مل جائےگا۔

تمام قارئین سے ان کی کامل و عاجل شفا یابی کے لئے دعا کی درخواست ہے۔ ایڈیٹر

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ