• 19 اپریل, 2024

جلسہ یوم مسیح موعودؑ جماعت احمدیہ یونان

وقت تھا وقت مسیحا نہ کسی اور کا وقت
میں نہ آتا تو کوئی اور ہی آیا ہوتا

(درثمین صفحہ 160)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یونان کو مورخہ 20؍مارچ 2022ء بعد از نماز ظہر و عصر بوقت ڈیڑھ بجے ایتھنز مشن ہاؤس میں جلسہ یوم مسیح موعودعلیہ السلام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ

پیارے آقا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت اس جلسہ کے لئے مکرم مولانا راجہ برہان احمد صاحب استاد جامعہ احمدیہ یوکے کی منظوری بطور مرکزی مقرر عنایت فرمائی۔

جلسہ کو کامیاب بنانے کے لئے مورخہ 27؍فروری 2022ء کو ایک میٹنگ مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ کی صدارت میں ہوئی جس میں مختلف احباب کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔ جلسہ سے پہلے سب احباب جو یونان کے مختلف شہروں میں مقیم ہیں کو انفرادی طور پر بذریعہ ٹیلی فون اور گروپ میں میں مسیج کر کے اطلاع کی گئی۔ جو احباب ایتھنز یا گردو نواح میں رہتے ہیں وہ مشن ہاؤس تشریف لے آئے لیکن جو احباب دوسرے شہروں میں مقیم ہیں وہ بذریعہ زوم اور واٹس ایپ جلسہ میں شامل ہوئے۔

اس جلسہ کی صدارت مکرم مولانا راجہ برہان احمد صاحب استاد جامعہ احمدیہ یوکے نے کی۔ جلسہ کا آغاز جماعتی روایت کے مطابق تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم میں مکرم عقیل احمد بھٹی صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یونان نے سورۃالجمعہ کی آیت نمبر1 تا 5 پیش کیں اور ان کا اردو ترجمہ بھی پیش کیا۔

حدیث نبوی مکرم راحیل احمد گھمن صاحب نے پیش کی۔اقتباس از تحریرات حضرت مسیح موعود علیہ السلام اردو میں مکرم ادریس احمد کاہلوں صاحب اور انگریزی میں مکرم شمس الدین ادریس صاحب نے پڑھ کر سنایا۔

اس جلسہ کی پہلی تقریر یونانی زبان میں تھی جو مکرم مبارک احمد بشیر صاحب نائب صدر خدام الاحمدیہ یونان نے بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام ازروئے بائبل‘‘ پیش کی۔ دوسری تقریر بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام از روئے قرآن‘‘ جو مکرم مشتاق احمد صاحب قائد مال مجلس انصار اللہ یونان نے کی۔ پہلی نظم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام ’’حمد و ثناء اسی کو‘‘ مکرم داؤد احمد جنجوعہ صاحب نے خوش الحانی سے پڑھ کر سنائی جس کے بعد تیسری تقریر انگریزی زبان میں مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ یونان نے بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام از روئے قرآن و بائیبل‘‘ کی۔ دوسری نظم کلام حضرت مسیح موعودؑ کے چند اشعار مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے ’’نشاں کو دیکھ کر انکار کب تک پیش جائے گا‘‘ پیش کئے۔ اس پروگرام کی اختتامی تقریر مہمان خصوصی مکرم مولانا راجہ برہان احمد صاحب نے بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام‘‘ پیش کی اور اختتامی دعا بھی کروائی۔دعا کے بعد مسجد میں حاضرین کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔

جلسہ میں ایتھنز کے علاوہ آسپرو پرگوس، تھیوا، کاتیرینی، یاننا، تھیسالونیکی، سکیرو، آملیادا وغیرہ شہروں کے احباب آن لائن جلسہ میں شامل ہوئے۔ جلسہ میں حاضر احباب کی تعداد 20 رہی جبکہ آن لائن 24 احباب نے جلسہ سے استفادہ فرمایا اس طرح کل حاضری 44 رہی۔ الحمد للّٰہ علی ذالک۔

اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیم کے فیضان سے خود بھی فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے اور نیز اسے یونان کے ہر اک کونے میں پھیلانے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: ارشد محمود۔یونان)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ