• 4 مئی, 2024

جلسہ یوم خلافت

خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نوئے ویڈ (Neuwied) کو مورخہ 27؍مئی 2022ء بروز جمعة المبارک جلسہ یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

بیت الرحیم نوئے ویڈ میں شام 7:30بجے اس مبارک جلسہ کا آغاز مکرم محمد عالم سوئل صاحب صدر جماعت کی زیرصدارت ہوا۔ اس اجلاس کا ایجنڈا مکرم فاروق اعظم صاحب سیکرٹری تربیت نے تیار کیا تھا۔ جس کے مطابق سورة النور کی آیات 53تا57 کی تلاوت مکرم عطاء النور باجوہ صاحب نے نہایت خوش الحانی سے کی اور ان کا اردو ترجمہ پیش کیا۔ اور جرمن ترجمہ عزیزم فرخ اعظم صاحب معاون قائد نے پیش کیا۔

نظم عزیزم فائز احمد دانیال صاحب نائب ناظم اشاعت نے نہایت ترنم سے پڑھ کر سنائی۔ جرمن ترجمہ نظم کا عزیزم اسامہ حسین صاحب نے پیش کیا۔

اس اجلاس کی پہلی تقریر جرمن زبان میں تھی۔جو مکرم یاسر احمدصاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ نے کی۔ آپ کی تقریر کا موضوع تھا:
’’مقام خلافت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘

اسی طرح پہلی اردو تقریر مکرم سعادت احمد خالد صاحب سابق صدر جماعت وحال سیکرٹری جائیداد کی تھی۔ آپ کی تقریر کا موضوع تھا:

’’میں خلافت سے اپنی وفا کیسے ثابت کر سکتا ہوں‘‘

آپ نے بڑے مؤثر رنگ میں تقریرکی اور حوالہ جات سے بھرپور مواد پیش کیا۔اس کے بعد مکرم نصراللہ احمد صاحب منتظم تعلیم القرآن مجلس انصاراللہ نے مکرم ثاقب زیروی صاحب مرحوم کا منظوم اردو کلام نہایت ترنم کے ساتھ پڑھ کر سنایا۔جس کا پہلا شعرتھا۔

سنی ہم نے جس دم نوائے خلافت
ہوئے جان ودل سے فدائے خلافت

اس منظوم اردو کلام کا جرمن ترجمہ مکرم مامون طاہر صاحب نائب ناظم تبلیغ نے پیش کیا۔

دوسری جرمن تقریر مکرم ارادش اویس احمدخالد صاحب قائد مجلس خدام الاحمدیہ کی تھی۔ موضوع تھا ’’خلافت سے محبت کے ایمان افروز واقعات‘‘۔ مکرم قائد صاحب کی تقریر کے بعد ناصرات الاحمدیہ نے ایک ترانہ پیش کیا۔ اس ترانے کے بعد اجلاس کی آخری اردو تقریر خاکسار (ریاض محمود باجوہ) کی تھی۔ سب سے پہلے خاکسار نے جماعت احمدیہ میں منائے جانے والے ایام کے متعلق مختصرابتایا کہ ’’یوم مصلح موعود‘‘ پہلی دفعہ 29 جنوری 1944ء کو قادیان میں منایا گیا۔ اسی طرح جماعتی ریکارڈ کے مطابق ’’یوم مسیح موعود‘‘ پہلی دفعہ 31 مارچ 1958ء اور ’’یوم خلافت‘‘ 27 مئی 1957ء کو ربوہ میں منائے گئے۔نیز خاکسار نے اپنی تقریر میں خلافت احمدیہ کے قیام کی مختصر تاریخ بھی بیان کی۔

اس کے بعد صدر اجلاس مکرم محمد عالم سوئل صاحب نے بعض اعلانات کئے۔ اجلاس کے آخر میں دعا ہوئی جو خاکسار نے کرائی۔ بعدازاں نماز مغرب وعشاء باجماعت ادا کی گئیں۔

نمازوں کی ادائیگی کے بعد احباب جماعت کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ نہایت اچھے اور خوشگوار ماحول میں اس مبارک اجلاس کا اختتام ہوا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ

اجلاس کی حاضری خداتعالیٰ کے فضل سے تقریبا 200 رہی۔

(رپورٹ: ریاض محمودباجوہ۔ نمائندہ الفضل آن لائن جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ