• 20 اپریل, 2024

سیمینار۔ خلافت احمدیہ کی حفاظت

اللہ کے فضل و کرم سے نیشنل خدام الاحمدیہ یو ایس اے کی طرف سے ایک پروگرام مؤرخہ 29 مئی 2021ء کو منعقد کیا گیا جس کا عنوان تھا ’’خلافت احمدیہ کی حفاظت‘‘۔ اس پروگرام کی صدارت محترم و مکرم امیر جماعت یوایس اے مرزا مغفور احمد صاحب نے کی۔ اس پروگرام کا مقصد خدام الاحمدیہ یو ایس اے کو خلافت احمدیہ کا تعارف کروانا اور انکو خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق استوار کرنے اور اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور ان کے مقاصد کی یاد دہانی کروانا تھا۔ یہ پروگرام اللہ کے خاص فضل و کرم سے کامیاب رہا، اور 1055 شرکاء نے اس پروگرام کو زوم پر دیکھا-

پروگرام

اس پروگرام کا آغاز سورہ النور کی آیات 55تا57کی تلاوت سے ہوا، اسکے بعد ان آیات کا ترجمہ انگریزی زبان میں پیش کیا گیا، بعدازاں اردو نظم ’’خلافت کے امین ہم ہیں‘‘ پڑھی گئی- اس پروگرام کے پینل میں مکرم ابراہیم چوہدری صاحب، مکرم ظافر احمدصاحب، مکرم عثمان اعوان صاحب شامل تھے اور اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض مکرم ذیشان احمد صاحب نے ادا کئے- اس پروگرام کے پینل نے جن موضوعات پر بات کی، وہ مندرجہ ذیل ہیں:

  1. خلافت اور آسمانی پیشگوئیوں کا آغاز۔
  2. ایک سچے خدائی خلیفہ کی آسمانی گواہی اور مدد۔
  3. خلیفہ کا مقام۔
  4. خلافت کی اطاعت۔
  5. خلیفہ کےمعروف فیصلوں کی حقیقت۔
  6. خلافت احمدیہ کا امتیاز دوسرے دنیاوی اداروں کے مقابلہ میں

پینل کے شرکاء نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلاۃ والسلام کی تحریرات اور ان کے خلفاء کے ارشادات کی روشنی میں سوالوں کے جوابات دئیے- اور حضرت خلیفۃ المسیح کی کلاسوں اور خطابات سے بہت سارے ویڈیو کلپ بھی دکھائے گئے۔

اختتامی خطاب

پروگرام کا اختتامی خطاب محترم امیر جماعت مرزا مغفور احمد صاحب کا تھا محترم امیر صاحب جماعت نے اپنے خطاب کا آغاز یہ کہہ کر کیا کہ احمدی مسلمان ہونے کے ناطے ہمیں سب سے پہلے اس عظیم نعمت کو سمجھنے کی ضرورت ہے جو ہمیں خلافت کی صورت میں اللہ تعالی ٰنے عطا کی ہے۔ اس دنیا میں 7 ارب لوگوں میں سے صرف 100 ملین احمدی دنیا بھر میں خلافت کی نعمتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے ہومیوپیتھک علاج اور کریپٹوکرنسی کے متعلق جماعت کے ممبروں کے درمیان حالیہ بحثوں کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے فرمایا کہ یہ مباحثے نہ ہوتے اگر ہم نے واقعۃً اپنا خلافت سے مضبوط تعلق استوار کیا ہوتا۔

کریپٹوکرنسی کے بارے میں مزید تفصیل بیان کرتے ہوئے مکرم امیر صاحب نے بتایا کہ وکالت تبشیر ، اسلام آباد برطانیہ کی حالیہ رہنمائی ان احمدیوں کو متنبہ کرنے اور ان کی حفاظت کرنے کےلیے ہے جو ایسی کرنسیوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جب کہ ان سے غیر معمولی خطرات وابستہ ہیں۔ اس کے بعد محترم امیر صاحب نے خود ممبروں کو متنبہ کیا کہ بہت سے لوگوں کو کریپٹوکرنسی کے کاروبار میں شامل ہونے سے نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان کا ماننا ہے کہ جو لوگ ابھی بھی اس میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں ان کو اس سے بھی زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔

محترم امیر صاحب نے ایک اہم نکتہ کی طرف رہنمائی فرمائی کہ احمدیوں کو بیعت کے صحیح معنیٰ کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ بیعت میں داخل ہو کر ، ہم نے اپنے آپ کو خلافت کے لیے بیچ دیا ہے۔ اور اب ہمیں اپنی زندگی خلافت کی رہنمائی سے گزارنی ہے اور اس معاشرے میں جہاں انفرادیت ہی سب کچھ ہے اور جہاں ہر کوئی صرف اپنے بارے میں سوچتا ہے اور اجتماعیت کو پس پشت ڈال دیا ہے وہاں جب خلافت اجتماعیت اور خلیفہ کے حکم کے سر نگوں ہونے کا حکم دیتی ہے وہاں یہ آسان کام نہیں اور یہی آزمائش ہے اور اسی آزمائش پر پورا اتر کر ہم اللہ کی نظر میں حقیقی احمدی بن سکتے ہیں۔

محترم امیر صاحب نے مزید کہا کہ خدام الاحمدیہ خلافت کے ادارہ کو برقرار رکھنے اور ان کی حفاظت میں ایک عظیم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد خدام الاحمدیہ یو ایس اے کو ہدایت فرمائی کہ وہ نظام جماعت پر مبنی مزید پروگرام اور مباحثوں کا مزیدانتظام کریں تاکہ خدام الاحمدیہ کے سوالات کے جوابات دئیے جا سکیں اور ان کو خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھنے میں آسانی ہو۔

(پیش کش نیشنل خدام الاحمدیہ یو ایس اے)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 جولائی 2021