• 30 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ مالٹا کی خدمت انسانیت

مالٹا میں عیسائی چر چ کے زیر انتظام معذور افراد کے لئے قائم ایک فلاحی ادارہ Dar tal-Providenza نے عطیات جمع کرنے کے لئے یکم تا تین جولائی 2022ء ایک چیرٹی پروگرام کا انعقاد کیا۔ گزشتہ دو تین سالوں سے جماعت باقاعدگی کے ساتھ اس ادارہ کے چیرٹی ایونٹس میں بھرپور تعاون پیش کررہی ہے۔ امسال بھی اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے ساتھ جماعت احمدیہ مالٹا نے اس چیرٹی ایونٹ میں بھرپور تعاون کیااوراپنی خدمات پیش کیں۔ اس تین روزہ پروگرام کے دوران Volleyball کے میچز بھی ہوتے رہے اور اس میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں اور رضاکارانہ طور پر خدمت کرنے والے افراد کے لئے اسی ادارہ کے کچن میں کھانا تیار کرنے کا پروگرام تھا۔ اس سلسلہ میں پروگرام کے دوسرے دن ناشتہ اور دوپہر کے کھانے کی تیاری میں سات افراد جماعت احمدیہ مالٹا بشمول مبلغ سلسلہ نے خدمت کی توفیق پائی۔ اس موقع پربعض افراد جماعت نے جماعت کے نام والی شرٹس پہن رکھی تھیں جن پر جماعت کا Logo اور جماعت کا ماٹو نمایاں طور پر پرنٹ تھا۔ جو مستقل تبلیغ کا ذریعہ ثابت ہوئیں اورتمام شاملین اور مہمانوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کراتی رہیں۔

اسی طرح تینوں دن شام کے وقت عطیات کے لئے موصول ہونے والی فون کالز کے جواب دینے کے لئے بھی تعاون پیش کرنے کی توفیق ملی اور ان مواقع پر کچھ بات کرنے کا موقع ملا جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خدمت انسانیت کے بارہ میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلامی تعلیمات پیش کی گئیں۔

مؤرخہ 3 جولائی کو اس چیرٹی ایونٹ کے اختتام سے قبل جماعتی تجویز پر ایک دعائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی۔ اس دعائیہ تقریب میں اس ادارہ کے سربراہ مکرم پادری مارٹن میکالف صاحب اور مبلغ سلسلہ احمدیہ مالٹا نے دعائیں پیش کیں۔ مبلغ سلسلہ نےدو قرآنی دعائیں خوش الحانی سے پیش کیں اور پھر ان کا مالٹی زبان میں ترجمہ کے ساتھ ساتھ تمام شاملیں، رضاکاروں اور عطیات دہندگان کے لئے دعائیں کیں۔

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم اور محبوب امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کی برکت سے یہ دعائیہ تقریب اب اس ادارہ کے چیرٹی ایونٹ کا بنیادی حصہ بن گئی ہے اور گزشتہ دو سالوں سے ان کے تمام چیرٹی کے پروگراموں میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ ادارہ ہر سال دو بڑے چیرٹی کے ایونٹ منعقد کرتا ہے۔

یہ پروگرام مالٹا کے سب ٹیلیویژن چینلز پر LIVE نشر ہوا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے صدقے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ جماعت کی عملی تبلیغ کا ذریعہ ثابت ہوا اور ملک بھر میں جماعت احمدیہ کے وسیع تعارف کا باعث بنا اور ہماری توقعات سے بہت بڑھ کر خداتعالیٰ نے فضل و احسان فرمایا۔ فالحمدللّٰہ رب العالمین۔

یہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل واحسان اور پیارے آقا کی دعاؤں کی برکت ہی ہے کہ جماعت کو تین دن کے لئے ایسا پلیٹ فارم میسر آیا کہ جس کے توسط سے مقامی لوگوں تک اسلام احمدیت کی خوبصورت تعلیم اور اس کا عملی اظہار پیش کیا جاسکے۔ ایں سعادت بزور بازو نیست۔ دل اللہ تعالیٰ کی حمدوثناء سے بھر جاتا ہے کہ ہماری ہر طرح کی کمزوریوں، کم عقلیوں اور ہمارے بے سروسامانی اور وسائل کی کمی کے باوجود اللہ تعالیٰ خود اپنی جناب سے ایسے سامان پیدا فرماتا ہے کہ عقل ورطہء حیرت میں ڈوب جاتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ وعدوں پر دل ایمان و یقین سے بھر جاتا ہے۔

اس پروگرام میں سیکرٹری تبلیغ مکرم جری اللہ خالد صاحب، جنرل سیکرٹری مکرم مصور احمد صاحب، سیکرٹری وصایا مکرم حافظ وقاص احمد صاحب، سیکرٹری تعلیم القرآن مکرم نعمان عاطف صاحب، مکرم حسن بشیر صاحب اور مکرم تنویرالظفر صاحب نے خصوصی تعاون کیا۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآء فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ

(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ مبلغ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ