• 2 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام ایک یادگار خط

؏ ملت کے اس فدائی پہ رحمت خدا کرے

مکرم نصیر احمد باجوہ ہمبرگ، جرمنی سے تحریر کرتے ہیں:
اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل و کرم کے ساتھ آپ کی خدمات، دعائیں، عبادتیں اور قربانیاں قبول فرمائے۔ آمین۔ الفضل آن لائن لندن کے اجراء کو 13؍دسمبر 2022ء میں تین سال ہو رہے ہیں۔ الحمدللّٰہ

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے ساتھ ادارہ الفضل آن لائن اس مناسبت سے ایک خصوصی اشاعت کا اہتمام کر رہا ہے جو کہ قارئین الفضل کو ایک اضافی علمی روحانی مائدہ تیار شدہ میسر آئے گا۔ جس سے قلب و روح تسکین حاصل کریں گے۔ ان شاء اللّٰہ تعالیٰ

الفضل اخبار تو ابتدا سے ہی احمدی گھرانوں کیلئے بہت زیادہ رونق اور برکت کا باعث رہا ہے۔ ربوہ کے ابتدائی ایام کی پیاری پیاری یادوں کا سرمایہ ہمارے اخبار و رسائل بھی ہیں۔

الفضل اخبار کے انتظار میں افراد خانہ کا عجب بے تابی کی سی حالت میں بار بار بیرونی صحن و گیٹ کی طرف جانا اور اخبار حاصل ہونے پر کمال انہماک سے مطالعہ میں مصروف و مشغول ہو جانا اس طرح سے گھر میں جو بھی بڑا، چھوٹا، بہن یا بھائی الفضل حاصل کرتا تو اسی وقت بڑی ہی دلچسپی کے ساتھ پڑھنا شروع کر دیتا اور آپس میں اوراق بانٹ کر پڑھے جاتے تھے پھر حاصل مطالعہ کا ساتھ ساتھ اظہار بھی کرتے جانا۔

ابتدائی شعور و ہوش کے ایام کی یادوں سے ربوہ گھر میں روزنامہ الفضل ربوہ اور بچوں کیلئے رسالہ ماہنامہ تشحیذالاذہان جس سے اطفال و ناصرات استفادہ کرتے، مجلس خدام الاحمدیہ کا رسالہ ماہنامہ خالد، مجلس انصار اللہ کا رسالہ ماہنامہ انصاراللہ، لجنہ اماء اللہ ممبرات کیلئے ماہنامہ مصباح نیز دیگر جرائد ماہنامہ تحریک جدید، ماہنامہ الفرقان اور ایک سہ ماہی عربی رسالہ شائد البشری سے مستفیض ہونے کی سب چھوٹے بڑوں کو مسلسل سعادت نصیب ہوتی رہی ہے۔ الحمد للّٰہ

روزنامہ الفضل ربوہ سے تو ربوہ گھر میں افراد خانہ ابتدائی ایام سے لیکر الفضل ربوہ کی بندش کے آخری پرچہ (6؍دسمبر 2016ء) تک بڑے ذوق و شوق کے ساتھ اس نعمت سے فیض حاصل کرنے کی حسب استطاعت کوشش کرتے رہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل و کرم اور رحم و احسان سے ہمارے ابا جان محترم چوہدری عبد العزیز باجوہ کو 1934ءمیں جب کہ آپ کی عمر کم و بیش 13 سال تھی اس وقت دعاؤں اور نشانات کے ساتھ حضرت اقدس خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیعت سے سلسلۂ عالیہ احمدیہ میں داخل فرمایا۔ الحمد للّٰہ رب العالمین

حضرت اقدس المصلح الموعود خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خواہش کے احترام میں ہمارے والد صاحب محترم نے ہمیں ابتدا میں ہی مرکز احمدیت ربوہ کے پاکیزہ روحانی ماحول میں ایک مکان خرید کر بسا دیا ہوا تھا جہاں بانیٴ ربوہ دارالہجرت حضرت اقدس المصلح الموعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی دعاؤں اور کرماں والی پیاری بستی ربوہ کے خوبصورت پیارے پاکیزہ روحانی نورانی ماحول کی برکت اور احمدیت کے نور سے بے حد و حساب اور بے شمار نعمتیں نصیب ہوئیں۔ الحمد للّٰہ علی ذالک

اللہ تعالیٰ الفضل کی معاونت پر مامور تمام معاونین کو دنیا و آخرت کی بے شمار حسنات سے نوازتا رہے۔ آمین اللہ تعالیٰ کےفضل و کرم کے باعث نظام خلافت کی برکت سے علمی روحانی مائدہ دنیا بھر میں جاری و ساری ر ہے۔

تحدیث نعمت کیلئے جرمنی کے اخبارات و رسائل کا ذکر یوں بھی ہے کہ:
جماعت احمدیہ جرمنی کا ماہانہ اخبار احمدیہ، احمدیہ بلٹن، اطفال الاحمدیہ کا رسالہ گلشن احمد، ناصرات الاحمدیہ کا رسالہ عائشہ، خدام الاحمدیہ کا رسالہ نورالدین، انصاراللہ کا رسالہ الناصر، لجنہ اماءللہ کا رسالہ خدیجہ اور حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خواہش اور ہدایت کے احترام میں جاری کردہ رسائل سے واقفین نو لڑکے رسالہ اسماعیل اور لڑکیاں رسالہ مریم سے استفادہ کرتے ہیں۔ نیز بذریعہ سرکلرز و دیگر ذرائع ابلاغ، رسل و رسائل مفید معلومات، ہدایات، پیغامات و اطلاعات بآسانی سبھی تک پہنچ رہے ہیں۔ الحمدللّٰہ۔ انسانی زندگی کے ہر دور اور معیار کی روحانی تسکین و تسلی کا لامحدود علمی خزانہ ہر لمحہ ہی میسر ہے۔ الحمد للّٰہ العلیم الخبیر۔ ہمارا رب ہم سب کا خاتمہ بالخیر فرمائے۔ آمین

ایک خواہش ہے کہ الفضل کا بآواز نظام بھی جاری ہو تاکہ ہمارے نابینا، ناخواندہ اور بوجۂ ضعیف العمری یا دیگر عوارض کے باعث محروم افراد بھی اس نعمت سے مستفیض ہوں اور ہم سب اس لحاظ سے بھی مل کر بانئ الفضل حضرت اقدس المصلح الموعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اس دعائیہ مصرعہ کا ورد کیا کریں کہ

؏ ملت کے اس فدائی پہ رحمت خدا کرے

جس عظیم پیاری ہستی نے ہمیں یوں دعائیں دیں کہ

میری تو حق میں تمہارے یہ دعا ہے پیارو
سر پہ اللہ کا سایہ رہے ناکام نہ ہو

اللہ تعالیٰ الفضل لندن ان لائن کی اس خصوصی اشاعت کو ہم سب کیلئے اور ہماری نسلوں کیلئے تاقیامت اپنے خاص فضلوں، رحمتوں اور برکتوں کا موجب بنائے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل کی اہمیت ،افادیت اور قلم کے استعمال کی ترغیب (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی