• 20 مئی, 2024

دو مبلغین کے اعزاز میں تقریب

جامعہ احمدیہ قادیان کے زمانے سے یہ روایت چلی آرہی ہے کہ جامعہ احمدیہ کے فارغ التحصیل شاہدین میں سے چند خوش نصیب طلباء کو اعلیٰ دینی تعلیم کے حصول کے لئے دیگر اسلامی ممالک میں قائم قدیم یونیورسٹی میں بھجوایا جاتا ہے۔ اب بفضل خدا دنیا کے دیگر ممالک میں قائم ہونے والے جامعہ احمدیہ اس روایت پر عمل پیرا ہیں۔

جامعہ احمدیہ جرمنی 2017ء میں شاہد کی ڈگری حاصل کرنے والے طالب علم اب پوری طرح میدان عمل میں سرگرم ہیں۔ اُن میں سے دو طالب علم مکرم عثمان احمد چیمہ اور مکرم انیق احمد کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے فیصلہ کے مطابق عربی کی اعلیٰ تعلیم کے حصول اور قدیمی درس گاہوں سے استفادہ کرنے کے لئے ایک ملک میں بھجوایا جا رہا ہے۔ ان دونوں شاہدین کی روانگی سے قبل شعبہ تبلیغ نے اُن کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام مورخہ 13 فروری 2020ء کو بعد نماز عشاء بیت السبوح میں کیا۔ جس میں مکرم شمشاد احمد قمر پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی، مکرم حمید احمد قمر ایم اے واقف زندگی، مکرم محمد الیاس منیر مدیر اعلیٰ اخبار احمدیہ جرمنی بھی شامل تھے۔

تقریب کے آغاز میں مکرم انیق احمد واقف زندگی نے تلاوت قرآن کریم کی۔ نیشنل سیکرٹری تبلیغ مکرم حافظ فرید احمد خالد نے تقریب کی غرض بیان کرتے ہوئے یاد دلایا کہ ہم نے یہ روایت دیکھی تھی کہ سلسلہ کے مبلغین کے دیگر ممالک کو روانہ اور وہاں سے واپس آنے پر تحریک جدید اور لوکل صدر عمومی کی طرف سے سادگی کے ساتھ تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس روایت کو زندہ رکھنے کےلئے ہم نے اپنے دو مبلغین کرام کے اعزاز میں اس مختصر تقریب کا اہتمام کیا ہے۔ مکرم مربی حفیظ احمد انچارج عربی ڈیسک نے دونوں نوجوان مبلغین کا مختصر تعارف کرواتے ہوئے دوران تعلیم دونوں کی تعلیمی استدادوں سے روشناس کروایا اور بتایا کہ آجکل دونوں عربی ڈیسک سے منسلک ہیں۔

مکرم شمشاد احمد قمر پرنسپل جامعہ احمدیہ نے مختصر تقریر میں کہا کہ انسان جتنی چاہے ڈگریاں حاصل کرلے لیکن علم سیکھنے کا عمل نہ کبھی ختم ہوا ہے اور نہ ختم ہو سکتا ہے۔ کوشش یہی ہونی چاہیے کہ علم کا پانی ٹھہرے نہیں ۔ مومن کا آج کا قدم گزرنے والے کل سے بہتر ہونا چاہئے، یہ کبھی خیال نہ کریں کہ منزل آگئی۔ مکرم صداقت احمد مبلغ انچارج جن کی صدارت میں یہ تقریب منعقد ہوئی نے کہا کہ تبلیغ کے کاموں اور جلسہ سالانہ کے حوالے سے دونوں مبلغین کا مشاہدہ کیا ہے دونوں خدا کے فضل سے محنتی کارکن ہیں۔ ان کو ہم اپنی دعاؤں کے ساتھ رخصت کرتے ہیں۔ اللہ کرے کہ یہ اس مقصد کو سامنے رکھنے والے ہوں جس کے لئے وہ اس نئے سفر پر روانہ ہورہے ہیں۔ شعبہ تبلیغ کی طرف سے دونوں مبلغین کی خدمت میں تحائف پیش کئے گئے۔ جس کے بعد دعا ہوئی اور تمام حاضرین جن کی تعداد 50 کے قریب تھی جن کو کھانا پیش کیا گیا۔
مکرم عثمان احمد چیمہ 1992ء میں بہاولنگر میں پیدا ہوئے اور 2006ء میں والدین کے ہمراہ جرمنی آگئے اور مقامی کالج سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد 2010ء میں جامعہ احمدیہ جرمنی میں داخل ہوئے اور 2017ء میں شاہد کی ڈگری حاصل کی۔ مکرم انیق احمد کی پیدائش 1992ء میں جرمنی میں پیدا ہوئے۔ مقامی تعلیم مکمل کرنے کے بعد 2010ء میں جامعہ احمدیہ جرمنی میں داخل ہوئے اور 2017ء میں شاہد پاس کرنے کے بعد شعبہ عربی اور ڈرائے آئش جماعت میں خدمت کررہے ہیں۔


(عرفان احمد خان ۔نمائندہ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 مارچ 2020