• 11 دسمبر, 2024

احمدیہ مرکز برازیل میں تقریب ظہرانہ

موٴرخہ 21؍ جنوری 2023ء بروز ہفتہ مشن ہاوٴس میں نئے سال کے حوالہ سے ایک ظہرانہ کی تقریب منعقد ہوئی اس میں شہر پیٹروپولس کی کونسل کے تمام کونسلرز اور میئر کی کیبنٹ کے تمام اراکین کو مدعو کیا گیا تھا اور ایک سپیشل دعوت نامہ تیار کر کے سب کوبھجوایا گیا تھا اس کے بعد بار بار یاد دہانی بھی کروائی جاتی رہی۔ چنانچہ اس پروگرام میں میئر کے خصوصی نمائندہ جناب Rafael Simão، میئر کی کیبنٹ کے 4 اراکین، شہر کی کونسل کے خصوصی نمائندہ جناب Octavio Sampaioجو نائب صدر بھی ہیں، 5 کونسلرز، دوکونسلرز کے نمائندوں نے شرکت کی ایک کونسلر جناب Hingo Hammes سابق صدر کونسل اور میئر بھی رہ چکے ہیں اور آئندہ الیکشن میں میئر کے لئے مضبوط امیدوار ہیں اسی طرح ایک صوبائی ممبر پارلیمنٹ Yuri Moura اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ایک خصوصی نمائندہ خاتون نے بھی شرکت کی۔ اسی طرح ایک نومبائع پروفیسر Leonardo بھی پہلی مرتبہ اپنی فیملی کے ساتھ کسی جماعتی فنکشن میں شامل ہوئے۔

برازیل کے کسی جماعتی پروگرام میں اتنی زیادہ تعداد میں پہلی بار سرکردہ افراد شامل ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہت اچھا اور کامیاب پروگرام ہوا تقریب کا باقاعدہ آغاذ تلاوت قرآ ن کریم سے ہوا جو عزیزم تکریم احمد ظفر نے کی اور پرتگیزی میں ترجمہ بھی پیش کیا جس کے بعدمکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود کا منظوم کلام مترنم آواز میں سنایا اور ترجمہ پیش کیا۔ مکرم ندیم احمد طاہر صاحب جنرل سیکریٹری نے سٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیتے ہوئے معزز مہمانوں کا تعارف کروایا۔ خاکسار نے اپنی گزارشات میں مختصراً جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کا بھی بتایا کہ جس مسیح موعود نے آنا تھا وہ آچکا ہے جو بانیٴ جماعت احمدیہ حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام ہیں اس موقع پر حاضرین کو آپ کی بڑے بینر پر آویزاں فوٹو بھی دکھائی نیز انسانیت کی خدمت کے لئے جماعتی کاوشوں کا بھی ذکر کیا میئر اور صدر کونسل کے نمائندگان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جماعت کا اس دعوت کے لئے بہت شکریہ ادا کیا نیز جماعتی ایکٹیویٹیز کو سراہا۔ ایک کونسلر نے ہمارے ماٹو ’’محبت سب کے لئےنفرت کسی سے‘‘ نہیں کو دہرایا کہ یہ بہت خوبصورت پیغام ہے۔ سٹیج کی طرف حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام اور پیارے حضور خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بڑے بینرز پر فوٹوز بھی آویزاں کی گئی تھیں۔ میئر اور کونسل کے نمائندگان نے بھی باری باری اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جماعت کی رواداری اور شہر کے ضرورتمند لوگوں کے لئے جماعتی خدمات کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا نیز ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

اس تعارفی تقریب کے بعد سب کی خدمت میں سپیشل کھانا پیش کیا گیا جو مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ اور ان کی زیر نگرانی لجنہ اماء اللہ نے بڑی محنت سے یہاں مشن ہاوس میں ہی تیار کیا تھا۔ سب نے کھانا بہت پسند کیا اور خوب کھایا بہت سے لوگوں کے لئے اس قسم کا کھانا کھانے کا پہلا موقع تھا۔ اس بارہ میں پوچھتے بھی رہے خاص طورپر تازہ روٹی، قوفتےاورکھیر سے سب بہت لطف اندوز ہوئے۔ کھانے کے دوران اور بعد میں بھی باہمی گفتگو کا سلسلہ جاری رہا اور سب اپنے اپنے رنگ میں مختلف نوعیت کے سوالات پوچھتے رہے جن کے جوابات دیئے جاتے رہے۔ انہیں مسجد کا بھی تفصیلی وزٹ کروایا اور انہوں نے لائیبریری بھی دیکھی جہاں خاص طورپر مختلف زبانوں میں تراجم قرآن کریم دیکھ کر بہت متاثر ہوئے۔ دیگر کتب کا بھی تعارف کروایا۔ اس موقع پر ہیومینیٹی فرسٹ کے تحت 50 خوردونوش کے پیکٹ۔ بچوں کے کھلونے اور دیگر امدادی سامان بھی موجود تھا انسانیت کے لئے اس خدمت پر سب بہت خوش ہوئے اور جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ اکثر نے رجسٹر میں اپنے رابطہ نمبرز بھی درج کئے اور کچھ نے اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ ایک کونسلر جناب Marcelo Chitão نے خاکسار کے نام کونسل کی طرف سے ایک خصوصی سپاسنامہ بھجوایا جس میں جماعت احمدیہ کی نمائندگی میں انسانیت کی خدمت کے لئے بہت عمدہ الفاظ میں خاکسار کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔

اس تقریب کے بعد شہر کی کونسل کے آفیشل اجلاس میں ایک کونسلر جناب Mauro Peralta نے سب کی نمائندگی میں اس تقریب اور ظہرانہ کا بہت خوبصورت انداز میں ذکر کیا اور جماعت کا بڑے اچھے رنگ میں تعارف کروایا۔ انہوں نے حیر ت انگیز طور پر اسلام کے پانچ ارکان کا ذکر کر کے اپنے مطابق ان کی کچھ تفصیل بھی بتائی۔ اسی طرح ہیومینیٹی فرسٹ کے ذریعہ جو انسانیت کی خدمت کے کام ہو رہے ہیں ان کا بھی ذکر کیا ( یہ ریکارڈنگ محفوظ ہے )

اس پروگرام کی تیاری میں مکرم ندیم احمد طاہر صاحب، مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب اور عزیزم تکریم احمد ظفر نے بہت محنت سے کام کیا ہے اللہ تعالیٰ انہیں جزاء خیر عطا کرے اور ہمیشہ جماعت اور خلافت احمدیہ سے جوڑے رکھے۔قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں میں برکت ڈالے جماعت کے تعارف میں وسعت پیدا ہو اور اس قوم کے دل بھی حق قبول کرنے کے لئے آمادہ ہوں۔ آمین

(وسیم احمد ظفر۔ مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ