• 27 اپریل, 2024

درودوں کے تحفے پیارے نبی ؐ پر

محمدؐ اور آلِ محمدؐ پہ برسے سدا میرے مولا کی رحمت کی بارش
جو برسی تھی حضرت ابوالانبیاءؑ پر برستی رہے اُس کی برکت کی بارش
اے ایمان والو !سدا دل سے بھیجو درودوں کے تحفے پیارے نبی ؐ پر
خدا اور فرشتے بھی کرتے ہیں ہر دم درود و سلام و محبت کی بارش
نہیں تھا حسیں کوئی بھی آپؐ جیسا نہ ہے اور نہ ہوگا کبھی آپؐ جیسا
حسیں نامِ نامی لبوں پر جو آیا ہوئی میری آنکھوں سے مدحت کی بارش
متانت، شرافت، فراست، مودّت، سکینت، وجاہت،مروت سراپا
ہر اک خُلق کی آخری حد پہ فائز مسلسل ہوئی حسنِ سیرت کی بارش
بُلایا خدا پاک نے آپؐ کو تو ہمارے لئے ایک تصویر چھوڑی
کلامِ الٰہی کی صورت میں نازل ہوئی آپؐ کے رنگ و صورت کی بارش
ہوں ماں باپ میرے نثار آپ پر ذرہ ذرہ مرا ہو فدا آپ پر ہی
میں کہنے لگی نعتِ خیرالبشرؐ تو ہوئی میرے دل پر سکینت کی بارش
خدا یا نصیبوں میں میرے بھی لکھ دے زیارت مقدس مقامات کی تو
وہ منظر فضائیں میں آنکھوں سے چوموں جہاں پر ہوئی تھی ہدایت کی بارش
اللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی اٰلِ مُحَمَّدٍ وَ بَارک وسلم اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْد

(امۃ الباری ناصر۔ امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 ستمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ