نہ پہلے اس نے چھوڑا ہے نہ آئندہ وہ چھوڑے گا
ہمیں خود پیار سے وہ دامنِ رحمت میں بھر لے گا
خدا کا گھر کسی بھی نام سے ہو اس کی حرمت ہے
تم اس کا گھر گراتے ہو خدا تم کو گرا دے گا
وہ قادر ہے توانا ہے اسے ہر شے پہ قدرت ہے
وہ لشکر ہاتھیوں کا بے طرح پامال کردے گا
دکھادے گا مسیحا کی صداقت ساری دنیا کو
کوئی بولے نہ بولے وہ خدا مالک ہے بولے گا
گزر کے امتحانوں سے ہی اگلا درجہ ملتا ہے
ہمیں منزل بہ منزل قرب کی راہوں پہ ڈالے گا
لگا دیتے ہو فتوی کفر کا اللہ والوں پر
وہ دھیما ہے مگر اس ظلم کی تم کو سزا دے گا
خدا کی ڈھیل پر اترانے والو! کچھ سنبھل جاؤ
کبھی گستاخ لوگوں کو نہ بخشا ہے نہ بخشے گا
خدا کا فعل شاہد ہے بھلا کس کی صداقت پر؟
ذرا اس بات پر بھی ٹھنڈے دل سے غور کیجے گا
(امۃ الباری ناصر۔ امریکہ)