• 24 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ لٹویا کی خدمت انسانیّت

آجکل پوری دنیا کو کرونا جیسی ہلاکت خیز وبا نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے نتیجہ میں ہر مُلک اور ہر قوم کے لوگ بُری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ خاص طور پر بعض چھوٹے اورغریب ممالک کے عوام کے معاشی حالات مشکلات کا شکار ہیں جس کی وجہ سے کئی خاندانوں کے لئےاپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لئے روزمرّہ کی اشیائے خورونوش کا حصول بھی ایک بڑا سنگین مسئلہ بنتا چلا جارہا ہے۔ ایسے میں دُکھی اور پریشان حال مخلوق خدا کے دُکھ درد بانٹنے کے لئے جماعت احمدیہ مسلمہ مُلک مُلک، شہر شہر اور قریہ قریہ مخلصانہ کوشش کررہی ہے۔ بہت سے دوسرے ممالک کی طرح جماعت احمدیہ لٹویا بھی حسب استطاعت خدمت خلق اور خدمت انسانیّت کے میدان میں پیش پیش ہے۔ اگرچہ جماعت احمدیہ لٹویا اپنے قیام کے لحاظ سے ابھی بالکل نئی ہے مگر آہستہ آہستہ ’’مرا مقصود و مطلوب و تمنا خدمتِ خلق است‘‘ [کی عظیم شاہراہ پر گامزن ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذٰلِکَ۔

گذشتہ چند ماہ کے دوران لٹویا کے دارالحکومت Riga سے تقریبًا 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع Inčukalns کے علاقے میں اس علاقے کی ایک مشہورسوشل ورکر محترمہ Ligita Steina صاحبہ کے تعاون سے 2 غیر مسلم فیملیزکو اُن کے خستہ حال مکانات کی مرمت کےلئے تعمیراتی میٹریل فراہم کیا گیا۔ اسی طرح آس پاس کے مختلف دیہات میں جاکر 6 غیر مسلم فیملیز کو راشن مہیّا کیا گیا جس میں خوردنی تیل، آٹا، چینی، دودھ دہی، بسکٹ وغیرہ شامل تھے۔ ان کے بچوں کو چاکلیٹ بھی دی گئیں۔ اس پر محترمہ Ligita Steina صاحبہ نےکچھ تصاویر اپنے فیس بُک Page پر شیئر کرتے ہوئے Latvian زبان میں لکھا :
’’یقین جانیں کہ معجزہ ہوا ہے ۔۔۔ یہ کرسمس کا وقت ہے ۔۔۔ Sindija اور Andra فیملی جن کے تین بچّے ہیں کو تعمیراتی میٹریل مہیّا کیا گیا ہے، اب اُن کا گھر گرم ہوجائے گا (یاد رہے کہ یہاں سردیوں میں بہت برف باری ہوتی ہے اور شدید سردی ہوجاتی ہے)۔ ہم ’’ایسو سی ایشن احمدیہ مسلم جماعت لٹویا‘‘ کے پیارے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہیں‘‘۔

اس کے کچھ عرصہ بعد لٹویا کی ایک مقامی فلاحی تنظیم Labdaribas lapa کے ذریعہ 10 فیملیز کو راش مہیّا کیا گیا۔ ان فیملیز کے لئے تیار کئے گئے Food باکسز میں خوردنی تیل، آٹا، چاول، چینی،نمک، corn flakes، سوجی، مکرونی، چائے وغیرہ روزمرّہ استعمال کی اشیاء شامل تھیں۔ چند روز بعد اس فلاحی تنظیم نے ان الفاظ میں جماعت احمدیہ لٹویا کا شکریہ ادا کیا:
’’ہم ایسو سی ایشن احمدیہ مسلم جماعت لٹویاکا شکریہ ادا کرتے ہیں جو انہوں نے Labdaribas lapa تنظیم کو ڈونیشن دی ہے۔ آپ کی طرف سے دی گئی امدا لٹویا کے بچوں والے ضرورت مند اور مستحق خاندانوں کے لئے بہت اہم ہے‘‘۔

گذشتہ ماہ دوبارہ Inčukalns کے علاقہ میں واقع مختلف دیہات میں جاکرمزید 6 غیر مسلم فیملیز کو راشن (خوردنی تیل، آٹا، چاول، چینی، دودھ دہی، چائے، کافی ، گوشت، پھل وغیرہ) مہیّا کیا گیا ۔ جب ان لوگوں کو راشن دیا گیا تو خوشی و ممنونیّت اُن کے چہروں سے چھلک رہی تھی اور باربار شکریہ ادا کررہے تھے۔ ان میں سےبعض بڑی حیرت کا اظہار کرہے تھے کہ مسلمان لوگ غیر مسلموں کی مدد کررہے ہیں۔ ایک دو فیملی کے بچوں نے فورًا کاغذ پر دل کا نشان بناکر نیچے لکھا کہ ’’ان تحائف کے لئےآپ کا شکریہ ،ہم آپ لوگوں سے محبّت کرتے ہیں‘‘۔ اسی طرح محترمہ Ligita Steina صاحبہ نے اس موقع کی بعض تصاویر بھی اپنے فیس بُک Page پر شیئر کیں اور لکھا :
’’ان تحائف کے لئے میں بہت خوش ہوں اور ’’ایسو سی ایشن احمدیہ مسلم جماعت لٹویا‘‘ کے مخلص ممبران کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ Inčukalns کے علاقے کی بعض فیملیزنے فوڈ باکسز وصول کئے ہیں جو اُن کی روزمرّہ زندگی میں کچھ آسانی پیدا کرنے کا باعث بنیں گے۔ ان تحائف کے موقع پر بچوں نے greeting کارڈ بناکر پیش کئے‘‘۔

یہاں ایک دلچسپ بات کا ذکر کردوں کہ جب ہم سُپرسٹور سے سامان خرید رہے تھے تو کاؤنٹر پر بیٹھے ایک بڑی عمر کے Latvian آدمی نے پوچھا کہ اتنا زیادہ سامان آپ لوگ کیوں خرید رہے ہیں؟ ہم نے جوابًا کہا کہ ضرورت مند لوگوں کی امداد کے لئے خرید رہے ہیں۔ اس پر ہم جماعت کا مختصرتعارف کروایا تو انہوں نے کہا کہ آپ لوگ صرف مسلمانوں کی امداد کرتے ہیں؟ ہم نے کہا کہ نہیں ہم بلاتفریق مذہب وملّت اور رنگ ونسل سب کی مدد کرتے ہیں۔ ہمارا جواب سن کر وہ بہت خوش ہوئے اور کہنے لگے کہ آپ بہت اچھا کام کررہے ہیں۔ پھر ہم نے اسلام احمدیّت کا مزید تعارف کروانے کے لئے اُن کو لٹوین زبان میں جماعت کو لٹریچر دیا جسے انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے قبول کرلیا۔ اس طرح اللہ تعالیٰٰ کے فضل سے اسلام احمدیّت کا پیغام پہنچانے کا موقع بھی مل گیا۔ الحمد للہ

اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزانہ دعا کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ مسلمہ لٹویا کی ان کاوشوں کو قبول فرمائے اور جماعت کو زیادہ سے زیادہ توفیق دے کہ وہ دُکھی انسانیّت کے دُکھ درد بانٹ سکے۔ آمین

(بشارت احمد شاہدؔ ۔مبلغ سلسلہ و صدر جماعت لٹویا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 جولائی 2021