• 26 اپریل, 2024

خلاصہ خطبہ جمعہ فرمودہ 12؍اگست 2022ء

خلاصہ خطبہ جمعہ

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 12؍اگست 2022ء بمقام مسجد مبارک، اسلام آبادٹلفورڈ یو کے

53 ممالک بذریعہ انتظام لائیو اسٹریمنگ یُوکے جلسہ میں شامل ہوئے۔ ویب سائٹس ،پرنٹ میڈیا ، سوشل میڈیا، مختلف ٹی وی چینلز اور ریڈیو کے ذریعہ 7.55 ملین لوگوں تک جلسہ کی کوریج ہوئی۔۔۔پس الله تعالیٰ کے فضل سے جلسہ کے بے شمار پھل ہیں جو الله تعالیٰ نے ہمیں عطاء فرمائے۔۔۔
الله تعالیٰ ہر احمدی کے ایمان و ایقان میں ترقی دے اور جلسہ کے اثرات دائمی ہوں اور وقتی نہ ہوں

حضور انور ایدہ الله نے تشہد، تعوذ اور سورۃالفاتحہ کی تلاوت کے بعدارشاد فرمایا! الحمدلله الله تعالیٰ نے ہمیں جلسۂ سالانہ برطانیہ منعقد کرنے کی توفیق عطاء فرمائی، ہم نے تین دنوں میں الله تعالیٰ کے فضلوں کو برستے دیکھا۔ جلسہ کا بڑا اور سارا سال انتظار رہتا ہے، بڑی تیاریاں بھی انتظامیہ کو کرنی پڑتی ہیں لیکن پھر جب جلسہ شروع ہوتا ہے تو پتا ہی نہیں چلتا کہ یہ تین دن کس طرح پلک جھپکتے میں گزر گئے۔

الله تعالیٰ نے تمام تحفظات اور خوفوں کو امن میں بدل دیا

اِس سال لوگوں اور مجھے بھی مختلف حوالوں سے بعض تحفظات تھے، بعض نے خط لکھے اور فکر کا اظہار کیا۔ لوگ خود، مَیں اور افراد جماعت بھی دعائیں کر رہے تھے، بہرحال الله تعالیٰ نے تمام تحفظات اور خوفوں کو امن میں بدل دیا۔ پھیلی وباء Covid بھی ایک وجہ تھی، بہرحال اِس کا کچھ اثر تو بعض شاملین پر ہولیکن عمومی طور پر الله تعالیٰ کا بہت فضل ہے۔

بندوں کی شکرگزاری ہی الله شکرگزاری کی طرف لے کر جاتی ہے

حضور انور ایدہ الله نے جلسہ کے اگلے خطبہ کی مناسبت سے کارکنان کے شکریہ، شاملین کے تاثرات نیز الله تعالیٰ کے فضلوں کی بابت ارشاد فرمایا! پہلے تو مَیں تمام کارکنان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے تیاری جلسہ سے لے کر وائنڈ اَپ تک بے لوث ہو کر کام کیا اور اب تک کسی نہ کسی صورت میں جاری وائنڈ اَپ کا کام کر رہے ہیں۔ پھر دوران جلسہ مختلف شعبہ جات میں کارکنان اور کارکنات نے عمومًا اپنی صلاحتیوں کے مطابق اچھا کام کیا جس کے لئے تمام شاملین کو شکرگزار ہونا چاہئے۔

بعض خامیاں اور کمزوریاں بھی سامنے آئی ہیں

اتنے بڑے نظام میں یہ کمزوریاں ہو جاتی ہیں لیکن انتظامیہ کا کام ہے کہ اِن کمزوریوں اور خامیوں کو دُور کرے، مثلًا لجنہ کے کھانا کھلانے کے شعبہ کی بعض شکایات یا بعض اور باتیں ہیں۔ لوگوں کے خطوط جو اِس بارہ میں آئے ہیں وہ مَیں ساتھ ساتھ انتظامیہ کو بجھوا رہا ہوں، اِس کے مطابق جائزہ لے کراپنی لال کتاب میں یہ کمیاں درج کر کے اگلے سال ہر شعبہ میں بہتر انتظام کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔

ایم ٹی اے نےبھی بہت اچھی کوریج دی ہے

اِس دفعہ اسٹوڈیو بھی تمام کا تمام اِنہوں نے خود تیار کیا اور اِس سے کئی ہزار پاؤنڈز کی بچت بھی ہوئی۔اِس سال یہ بھی تھا کہ بہت سے ترقی یافتہ اور غیر ترقی یافتہ ملکوں کو جلسہ کی کاروائی کے دوران ملا دیا، جس سے یہاں بیٹھے ہوئے لوگ بھی دوسرے ملکوں میں بسنے والے اپنے بھائیوں کو دیکھ رہے تھے، ایک وحدت تھی جس کا نظارہ ہم نے ایم ٹی اے کے کیمرہ کی آنکھ کے ذریعہ کیا۔ یہ الله تعالیٰ کا خاص فضل ہے، ایم ٹی اے کے کارکنان اِس بات پر شکریہ کے مستحق ہیں کہ اُنہوں نے جماعت احمدیہ کی اکائی کو ایم ٹی اے کے ذریعہ سے تمام دنیا کو دکھا کر اُن کےمنہ بند کئے۔

الله تعالیٰ کے فضلوں کا تفصیلی تذکرہ

بعدازاں حضور انور ایدہ الله نے بعض اپنوں، غیروں، نومبائعین اور صحافیوں کے متفرق تاثرات کی روشنی میں الله تعالیٰ کے فضلوں کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ بذریعہ جلسہ کس طرح الله تعالیٰ نے دنیا میں پیغام اسلام پہنچایا۔

لوگوں کا خلیفۂ وقت سے پیار اور محبت کا تعلق

نائیجر کے غیر احمدی عالم ونیامے شہر کی ایک مسجد کے امام ابوبکر صاحب کہتے ہیں کہ مجھے سب سے زیادہ جس بات نے متاثر کیا وہ لوگوں کا خلیفۂ وقت سے پیار اور محبت کا تعلق ہے اور کس طرح لوگ خلیفۂ وقت کے ایک اشارے پر کامل اطاعت کا مظاہرہ کر رہے تھے (تقریروں کے دوران مکمل خاموشی اور سکوت طاری تھا) یوں گمان ہوتا ہے کہ یہ محبت خود خدا تعالیٰ نے لوگوں کے دلوں میں ڈالی ہے کیونکہ اِس میں بناوٹ کا کوئی شائبہ نہیں۔

کوئی مانے یا نہ مانے آج حقیقی اسلام احمدیت ہی ہے

برکینا فاسو کے ایک غیر ازجماعت دوست اسحٰق صاحب کہتے ہیں۔ آپ کا جلسۂ سالانہ بہت شاندار تھا اِس کی مثال نہیں ملتی، اتنے لوگوں کا ایک جگہ جمع ہونا کسی معجزہ سے کم نہیں اور ایک امام کی پیروی، یہ جلسہ اپنی مثال آپ ہے۔ کوئی مانے یا نہ مانے آج حقیقی اسلام احمدیت ہی ہے اور وہ دن دُور نہیں جب لوگ اِس حقیقت کو پہچان لیں گے اور اِس میں داخل ہو جائیں گے۔

مَیں احمدیہ خلیفہ کا خطاب سن کر بہت متاثر ہوا ہوں

لائبیریا کے ایک غیر مسلم مہمان کہتے ہیں۔ مَیں احمدیہ خلیفہ کے خطاب کو سن کر بہت متاثر ہوا ہوں۔۔۔ اِس سے پہلے مَیں نے سن رکھا تھا کہ احمدیہ جماعت بڑی منظم جماعت ہے، آج اپنی آنکھوں سے بھی دیکھ لیا ہے کہ کس طرح احمدیہ جماعت ایک لیڈرکے ہاتھ پر متحد اور دنیا میں امن کی کوشش میں مصروف ہے۔

آج خلیفۂ وقت کاخطاب سن کر میرا نظریہ بدل گیا

زیمبیا کے ایک عیسائی پادری صاحب جلسہ کے آخری روز حضور انور ایدہ الله کا اختتامی خطاب سن کر بہت متاثر ہوئے نیز اپنے جذبات کا اظہار کیا کہ آپ کے خلیفہ کا خطاب بہت حیرت انگیز تھا۔۔۔ مَیں یہی سمجھتا تھا کہ اسلام نے عورت کے حقوق ضبط کئے ہیں اور عورت کو کسی قسم کی آزادی نہیں دی مگر آج یہ خطاب سن کر میرا نظریہ بدل گیا ہے اور مَیں اِس بات کو کرتے ہوئے قطعًا نہیں شرماؤں گا کہ اسلام نے عورت کو جو حقوق دیئے ہیں وہ عیسائیت نے نہیں دیئے۔

آج خلیفہ کے ہاتھ پر لوگوں کو بیعت کرتا دیکھ کر دل پر گہرا اَثر ہوا

آئیوری کوسٹ کے ایک زیر تبلیغ دوست کہتے ہیں کہ اُنہوں نے پہلی مرتبہ کوئی جلسہ بذریعہ ٹی وی براہ راست دیکھا اور انتظامات جلسہ دیکھ کر بہت متاثر ہوئے، اتنی بڑی تعداد کا منظم اور با سلیقہ طریق پر ایک پروگرام میں شرکت کرنا بتاتا ہے کہ خلافت کی تربیت کا اُن پر گہرا اثر ہے۔ اُنہیں معلوم تو نہیں تھا کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے ہاتھ لوگ کیسے بیعت کرتے ہیں لیکن آج خلیفہ کے ہاتھ پر لوگوں کو بیعت کرتا دیکھ جو گہرا اَثر دل پر ہوا اَور جو کیفیت ہے وہ ناقابل بیان ہے۔

ہماری خوش قسمتی کہ ہمارے پاس ایم ٹی اے ہے

جلسہ کے تینوں دنوں سے استفادہ کرنے والی کیمرون کی مقامی جماعت کی ایک خاتون نے اختتام جلسہ پر لوگوں کو نصیحت کی! ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے پاس ایم ٹی اے ہے، یہ ایک ٹی وی چینل نہیں بلکہ ایک اسکول اور یونیورسٹی ہے جہاں انسان روزانہ علم سیکھتا ہے، ہم نے بھی اِن تین دنوں میں بہت علم پایا ہے۔۔۔ہر ایک کو اِس سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور باقاعدگی سے گھروں میں اِسے دیکھنا نیز بچوں کو بھی دکھانا چاہئے تا کہ سب کا اسلامی علم بڑھے، خاص طور پر خلیفۂ وقت کے خطبات اور خطابات ضرور سنیں تاکہ ہمارا ایمان بڑھے۔

جلسۂ سالانہ یُوکے سے مجھے تحریک ہوئی

ایک البانین زیر تبلیغ مسلم لڑکی کہنے لگیں کہ جلسۂ سالانہ یُوکے ایک عظیم الشان جلسہ تھا جس میں شاملین کی تعداد غیر معمولی تھی، مَیں ابھی تک جماعت میں شامل تو نہیں ہوئی لیکن اِس جلسہ سے مجھے تحریک ہوئی کہ مَیں اِس کی اہمیت اور سچائی کے متعلق سنجیدگی سے غور کروں۔

کاروائی جلسہ دیکھ کر لوگوں میں مضبوطی ایمان بھی پیدا ہوتی ہے

آسٹریلیا کے ایک نو مبائع کہتے ہیں کہ عالمی بیعت میرے لئے ایک حیرت انگیز تجربہ تھا ، اِس وقت مَیں جس روحانی کیفیت سے گزرا اِس سے قبل مَیں نے وہ کیفیت کبھی محسوس نہیں کی، ایک ایسا روحانی ماحول تھا جس نے مجھے اطمنان قلب اور سکون عطاء کیا۔

جلسہ کی کاروائی دیکھی ایسا لگتا تھا کہ ہم جنت میں ہیں

یمن سے شیما قاسم صاحبہ کہتی ہیں کہ ہم نے جلسہ کی کاروائی دیکھی ایسا لگتا تھا کہ ہم جنت میں ہیں، اسلام کا سورج ہم پر دوبارہ طلوع ہوا ہے اور ہمارے دلوں اور روح کو تازگی بخشی ہے۔ ہم میں حقیقی ایمان، محبت و وحدت اور اخلاق کی روح پھونکی گئی ہے، ہم اپنے آپ سے دُور تھے لیکن ہمارے دل آپ کے ساتھ تھے، ہم ایک ہی گھر میں موجود تھے، ایک احمدی کے سواء کوئی اور اِس تعلق کو محسوس نہیں کر سکتا۔۔۔ مولیٰ کریم خلافت کو دَوام بخشے اِس کے بغیر نہ ہمارا کوئی وجود ہے نہ مقصد۔

مجھے لگ رہا تھا کہ اِس قدر احساس خوشی سے میرا دل پھٹ جائے گا

کبابیر کی ایک عرب خاتون دعا صاحبہ کہتی ہیں کہ بیعت کے وقت مجھے احساس تھا کہ ہم حقیقت میں خلیفۂ وقت کے ساتھ ہیں اور ہمارے درمیان نہ کوئی ملک اور نہ کوئی سمندر ہے۔

آئندہ بھی آپ لوگوں کے ساتھ کام کروں گا

نمائندہ جرنلسٹ بی بی سی ساؤتھ ایڈورڈ سالٹ نے کہا کہ مَیں نے جلسہ میں بہت اچھا وقت گزارا، مہمان نوازی بہت عمدہ تھی۔ مختلف تقاریر سن کر بھی بہت اچھا لگا، آئندہ بھی آپ لوگوں کے ساتھ کام کروں گا۔

تین مرحومین کا تذکرۂ خیر و اعلان برائے نماز جنازہ غائب

حضور انور ایدہ الله نے خطبۂ ثانیہ سے قبل مکرمہ نصرت قدرت سلطانہ صاحبہ اہلیہ مکرم قدرت اللہ عدنان صاحب آف کینیڈا، نصف صدی سے زائد خدمت سلسلہ کی توفیق پانے والے واقف زندگی مکرم چوہدری لطیف احمد جھمٹ صاحب اور مکرم مشتاق احمد عالم صاحب ابن مکرم محمد عالم صاحب آف میرپور آزاد کشمیر کا تذکرۂ خیر کیا نیز بعد از نماز جمعۃ المبارک اِن کی نماز جنازہ غائب بھی پڑھانے کا اعلان فرمایا۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ