• 26 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

• مکرمہ بشریٰ نذیر آفتاب۔ سسکاٹون ، کینیڈا سے لکھتی ہیں۔
18ستمبر2021ء کے روزنامہ الفضل میں کمپوزنگ اور پروف ریڈنگ کے بارے ہدایات بعنوان ’’ہدایات بابت کمپوزنگ و پروف ریڈنگ‘‘ پڑھا۔ آپ نے کمپوزنگ اور پروف ریڈنگ سے متعلق پچاس راہنما اصولوں کوبیان کر کے یقیناً میرے جیسے نئے لکھنے والوں پر بڑا احسان کیا ہے۔ اُمید کرتی ہوں کہ یہ محنت شاقہ سے لکھے گئے تمام نکات روز نامہ الفضل آن لائن کے تمام قلمی معاونت کرنے والوں اور قارئین کے لیے ہر لحاظ سے ممد و معاون ثابت ہونگے۔ ان شاءاللہ !اللہ تعالیٰ ہمیشہ آپ کے ساتھ ہو اور اس کارِ خیر میں آپ کا معاون و مددگار بھی۔ آمین

• مکرمہ عائشہ چوہدری ۔جرمنی سے لکھتی ہیں :
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدام الاحمدیہ (یوکے) کے اجتماع میں شمولیت کی تصاویر اور وڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھی تھیں مگر آپ نے جس انداز میں ان لمحات کا ذکر کیا ہے وہ ان لائیو وڈیوز اور تصاویر سے کہیں زیادہ خوبصورت اور متاثر کن ہے ۔اللہ تعالی ہم سب کو اپنے پیارے حضور ایدہ اللہ تعالی کی ہر بات ہر لفظ ہر حکم کو اپنے اندر اتارنے کی توفیق دے اور ہم سب ان کی اطاعت کرنے والے ہوں ۔آمین

• مکرمہ شمیم اختر ۔مسی ساگا ،کینیڈا سے لکھتی ہیں :
محترم ایڈیٹر صاحب !خدا تعالی آپ کو اور آپ کی ٹیم کو بہترین جزا دےجس محنت سے آپ الفضل کے مختلف شعبہ جات میں کام کررہے ہیں اور معلومات کانئے سے نیا ذخیرہ ہم تک پہنچا رہے ہیں اس کی جزا تو بے شک خدا ہی آپ کودے گا ۔الفضل اخبار میں اردو کے اسباق کا سلسلہ بہت ہی فائدہ مند ہے ہم اردو بولنے والے بھی جن کے قوائد و ضوابط سے نا آشنا تھے بہت فائدہ اٹھا رہے ہیں خدا اس زبان سے محبت اور اسکو سیکھنے کا شوق ہماری نئی نسلوں میں بھی پیدا کرے۔ آمین ۔

• مکرمہ صفیہ بشیر سامی ۔کینیڈا سےلکھتی ہیں ۔
جزاکم اللہ آپ مجھے یاد رکھتے ہیں اور میں آپ کی دعا ئوں میں ہوں۔ جزاک اللہ ۔اچھا لگتا ہے کہ میں لندن سے ایک دن پہلے یہاں اپنا الفضل پڑھ لیتی ہوں اور جب آپ کی طرف سے ملتا ہے تو اور بھی اچھا ہی لگتا ہے ۔اللہ تعالیٰ آپ کی نیکیوں اور دن رات کی محنت کو قبول فر مائے آمین

• مکرم طاہر احمد ۔ فن لینڈ لکھتے ہیں :
جزاکم اللہ احسن الجزاء اس مضمون بعنوان ’’صحابہ سے ملا جب مجھ کو پایا‘‘ کے سلسلے کو لکھنے کا۔خاکسار کی عادت ہے کہ اگر تو کسی وجہ سے جاگ رہا ہوں تو یا توفن لینڈ وقت کے مطابق 2 بجے کا انتظار کرتا ہوں تاکہ الفضل اول وقت میں پڑھ کر سو سکوں یا پھر صبح نماز وغیرہ کی ادائیگی کےبعد ناشتے سے قبل الفضل پڑھنے کی عادت ہے۔ اور الحمد اللہ سال ہا سال سے مطالعہ کتب کی عادت ہونے کے باعث پڑھنے کی سپیڈ کافی تیز ہو چکی ہے اس لئے الفضل بہت جلدی ختم ہو جاتا ہے اور تشنگی رہ جاتی ہے لیکن اس تشنگی کو بعض مضامین یا اقتباسات دوبارہ پڑھ کر دور کر لیتا ہوں۔

آپ کا یہ مضمون بھی ایسا ہی ہے اور جو باتیں آپ اس مضمون میں بیان کر رہے ہیں ،اس کا اس سے بہتر کوئی عنوان نہیں ہو سکتا تھایعنی ’’صحابہ سے ملا جب مجھ کو پایا‘‘ اور اس قسط میں موجودہ دور کی اور موجودہ نسل کی مثالیں دے کے آپ نے اس مضمون سے جو تعلق باندھا ہے وہ بہت خوب ہے اور آنحضرتﷺ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی قوت قدسی کا بہت بڑا ثبوت ہے کہ یہ اثر زمانے کی طوالت کے باوجود نسل در نسل خلافت کی برکت کے منتقل ہو رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی قوت تخیل و قلم میں ہمیشہ مزید برکت ڈالتا رہے اور اس اثر انگیزی سے لوگوں کو مستفیض ہونے کی توفیق دے۔ آمین۔

• مکرم بشارت احمد شاہد ۔مبلغ سلسلہ لٹویا تحریر کرتے ہیں :
الفضل کا معیار بہت اچھا اور معیاری ہے۔ معلومات سے بھر پور۔ربوہ کی کمی دور ہوگئی ہے ۔اسے دیکھ کر ربوہ کا سابقہ دور یاد آجاتا ہے جب ہر روز اخبار گھر میں آتا تھا ۔میں روزانہ 100سے زائددوستوں اور عزیزوں کو اخبار بھجواتا ہوں ۔اگر کسی دن تاخیر ہوجائے تو فوراً میسجز آنے شروع ہوجاتے ہیں ۔جس سے اسکی مقبولیت اور چاہت کا اندازہ ہوتا ہے ۔میں روزانہ ہی تقریبا الفضل کے کسی ایک آرٹیکل کاقرغیز اور ازبک زبان میں ترجمہ کرکے اپنی ویب (web) پر ڈال دیتا ہوں ۔جس پر جانے سے الفضل لنک تک براہ راست رسائی ہوجاتی ہے اور یوں براہ راست اخبار بھی پڑھا جاسکتا ہے ۔اللہ تعالیٰ الفضل کو دن دونی رات چوگنی ترقیات عطا کرتا رہے ۔

(نوٹ از ایڈیٹر)

جزاہم اللہ تعالیٰ خیرا ً ۔اللہ تعالیٰ نے کیسے کیسے لوگ جماعتی آرگن الفضل سے پیار اور محبت رکھنے والے دیئے ہیں کہ وہ الفضل کی اشاعت کا نئے سے نیا طریق ایجاد کرتے رہتے ہیں اور یوں الفضل دنیا کے کونے کونے میں پیغام حق پہنچانے کا ذریعہ بنتا ہے ۔امید ہے باقی قارئین جن کو دنیا بھر کی مختلف زبانوں میں مہارت حاصل ہے اس ذریعہ کو اپنا کر پیغام حق پہنچانے والے ہوں گے ۔اس سے قبل مکرمہ ڈاکٹر امینہ طارق نے امریکہ سے بعض حصوں کا انگریزی میں ترجمہ کرنے کا کام شروع کیا تھا۔ کان اللہ معہم۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 اکتوبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ