• 3 مئی, 2024

فقہی کارنر

صبح کے وقت زیارت قبور سنت ہے

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے سفر دہلی کا ذکر کرتے ہوئے ایڈیٹر صاحب اخبار بدر لکھتے ہیں:
صبح حضرت مسیح موعود علیہ السلام مردانہ مکان میں تشریف لائے۔ دہلی کی سیر کا ذکرر درمیان میں آیا۔

فرمایا:
لہو و لعب کے طور پر پھرنا درست نہیں البتہ یہاں بعض بزرگ اولیاء اللہ کی قبریں ہیں۔ ان پر ہم جائیں گے۔ فرمایا:
ایسے بزرگوں کی فہرست بناؤ تا کہ جانے کے متعلق انتظام کیا جائے۔

حاضرین نے یہ نام لکھے۔ (1) شاہ ولی اللہ صاحب (2) خواجہ نظام الدین صاحب (3) جناب قطب الدین صاحب (4) خواجہ باقی باللہ صاحب (5) خواجہ میر درد صاحب (6) نصیرالدین صاحب چراغ دہلی۔

چنانچہ گاڑیوں کا انتظام کیا گیا اور بمع خدام گاڑیوں میں سوار ہو کر سب سے اوّل حضرت خواجہ باقی با للہ کے مزار پر پہنچے۔ راستہ میں حضرت نے زیارت قبور کے متعلق فرمایا:
’’قبرستان میں ایک روحانیت ہوتی ہے اور صبح کا وقت زیارت قبور کے لئے ایک سنت ہے۔ یہ ثواب کا کام ہے اور اس سے انسان کو اپنا مقام یاد آ جاتا ہے۔ انسان اس دنیا میں مسافر ہے۔ آج زمین پر ہے تو کل زمین کے نیچے۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ جب انسان قبر پر جاوے تو کہے۔

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ یَا اھْلَ الْقُبُوْرِ مِنَ الْمُو مِنِیْنَ وَالْمُسْلِمِیْنَ وَاِنَّا اِنْ شَاءَ اللّٰہُ بِکُمْ لَاحِقُوْنَ

(بدر 31 اکتوبر 1905ء صفحہ1)

(مرسلہ: داؤد احمد عابد۔ استاد جامعہ احمدیہ برطانیہ)

پچھلا پڑھیں

مسجد فتح عظیم امریکہ

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 اکتوبر 2022