• 26 اپریل, 2024

جلسہ قرآن کریم

سال رواں کے آغاز میں کینیڈا بھر کی جماعتوں نے عشرہ تعلیم القرآن منایا جس میں قرآن کریم کی کلاسز اور خصوصی دروس کے علاوہ قرآن کریم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف پروگرام تشکیل دیے گئے۔ خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے شعبہ تعلیم القرآن و وقف عارضی مسی ساگا جماعت کے زیر اہتمام موٴرخہ 8؍جنوری 2023ء بروز اتوار قرآن کریم کی اہمیت اور اس کی برکات کے حوالے سے ’’جلسہ قرآن کریم‘‘ مسجد بیت الحمد مسی ساگا میں منعقد کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم حافظ رانا نواب احمد صاحب (حلقہ مسی ساگا ایسٹ) نے سورۃ الفرقان کی آیات 28تا31تلاوت کیں اوراردو ترجمہ پیش کیا بعد ازاں ان آیات کا انگریزی ترجمہ مسی ساگا نارتھ حلقہ کے ایک خادم مکرم عطاء الوہاب صاحب نے کیا۔مکرم سعید احمد صاحب صدر حلقہ مسی ساگا ویسٹ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم کلام ’’نور فرقان ہے جو سب نوروں سے اجلا نکلا‘‘ سے منتخب اشعار اپنی مسحور کن آواز سے پڑھے اور ان اشعار کا انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا۔اس کے بعد مالٹن حلقہ کے ایک طفل اسٹیج پر آئے اور اپنی معصومانہ آواز میں حدیث مع اردو و انگریزی ترجمہ پڑھی۔ پروگرام کی پہلی تقریر مکرم یاسر احمد صاحب سیالکوٹی مربی سلسلہ مالٹن حلقہ کی اردو زبان میں تھی۔آپ نے ’’حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا عشق قرآن‘‘ کے مو ضوع پر خطاب کرتے ہوئے آپ علیہ السلام کی حیات مبارکہ سے قرآن کے عشق کی بابت ایمان افروز واقعات بیان کئے۔بعدازاں خاکسار نے اس تقریر کا خلاصہ انگریزی زبان میں پیش کیا۔ مالٹن حلقہ کے ایک ناصر مکرم طاہر احمد خان صاحب نے انگریزی اور اردو زبان میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی تحریر سے ایک اقتباس پڑھ کر سنایا۔پروگرام کے مطابق ایک پاور پوائنٹ پریزینٹیشن بعنوان ’’قران کریم کی اہمیت اور اس کی برکات‘‘ کے حوالے سے انگریزی زبان میں تھی۔اس پریزینٹیشن کو مکرم آصف خان مجاہد صاحب مربی سلسلہ مسی ساگا جماعت نے پیش کیا۔ آپ نے نوجوانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آسان اور اثر انگیز مثالوں سےقرآن کریم کی اہمیت اور برکات کو اجاگر کیا۔آپ کی پریزینٹیشن کے دوران حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ کے اس خطبہ جمعہ کے ویڈیو کلپس جو آپ نے دورہ کینیڈا 1997ء کے موقعہ پر دیا حاضرین کو دکھائے گئے نیز حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ویڈیو کلپس بھی دکھائے گئے۔ اس کے بعد مکرم اسامہ سعید صاحب قائد خدام الاحمدیہ مسی ساگا ویسٹ نے حضور انور کا ایک اقتباس جو قران کریم کی باقاعدہ تلاوت کرنے کے بارے میں تھا پڑھ کر سنایا۔ اختتامی تقریر مکرم عبدالماجد قریشی صاحب لوکل امیر مسی ساگا جماعت کی تھی۔ آپ نے حضور انور کے خطبات کی روشنی میں قرآن کریم کی پاک تعلیمات کو کس طرح دنیا میں پھیلانا ہے اس کے بارے میں حاضرین جلسہ کو متوجہ کیا۔ نیز شعبہ تعلیم القران مسی ساگا کی مساعی کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا اور آخر پر آپ نے دعا کروائی اور اس طرح یہ بابرکت تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ شاملین جلسہ کے لئے پروگرام کے بعد عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

(خالد محمود شرما۔سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی۔مسی ساگا جماعت کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 فروری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی