• 29 اپریل, 2024

اپ ڈیٹ Covid19

16 اپریل2020ء

دنیا بھرمیںCovid19 متاثرین کی تعداد20 لاکھ اور ہلاکتوں کی تعداد1لاکھ30ہزار سے تجاوز کرگئی

عالمی ادارہ صحت کی امداد بند، 76ممالک کو قرض کی ادائیگی میں مہلت اوریورپی یونین کا اٹلی سے معافی مانگنے کا اعلان

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے تجزیوں کے مطابق کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 133,572 جبکہ متاثرین کی تعداد20لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں امریکہ میں  2,330جبکہ فرانس میں1,438افراد وفات پاگئے  ہیں ۔وباء سے سب ذیادہ متاثرہ ممالک میں امریکہ، سپین،اٹلی ،فرانس ،جرمنی برطانیہ،چین ، ایران اور ترکی شامل ہیں ۔اس وباء کے بارہ میں دنیا کے مختلف اداروں  کی تحقیقات اور تجزیوں پر مشتمل تازہ ترین انتخاب الفضل  آن لائن کے قارئین کے لئے پیش ہے ۔

جاپان  میں ہنگامی حالت کا نفاذ

جاپان کی Hokkaido Universityکے پروفیسر Nishiuraصاحب نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جاپان میں مکمل احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو جاپان میںCovid19سے ہلاک ہونے والے کی تعداد 4لاکھ تک جا سکتی ہے ۔اسی دوران مرض کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے حکومتِ جاپان نے 17۔اپریل سے ملک بھر میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے ۔

ترکی کے مذہبی ادارہ نے رمضان پالیسی کا اعلان کردیا

            ترک نیوز ایجنسی Daily Sabah کے مطابق ترکی کے مذہبی ادارہ DIBنے اعلان کیا ہے کہ رمضان کے روزے فرض ہیں لہذا وبائی مرض کی وجہ سے رمضان کے روزہ سے گریز درست نہیں ۔ معاشرتی فاصلوں کو قائم رکھتے ہوئے رمضان گزارنے اور صحت مند افراد کو روزہ رکھنے کی ترغیب دلاتے ہوئے ادارہ نے اعلان کیا ہے کہ صحت مند افراد کے روزہ رکھنے سے بیماری بڑھنے کا کوئی خدشہ نہیں ہے ۔

آئی ایم ایف نے 76ممالک کے قرض کی ادائیگی منجمد کردی

            مختلف ممالک کے بگڑتے ہوئے معاشرتی حالات کے پیش نظر آئی ایم ایف نے G20 ممالک سے مشاورت کے بعد 76ممالک کے ذمہ 40ارب ڈالرز کے قرض کی ادائیگی ایک سال کے لئے مؤخر کر دی ہے ۔آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان سمیت 76ممالک اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ قرضے منجمد کرنے کا مقصد متاثر ممالک کو صحت ومعاشی مسائل میں مدد دینا ہے ۔

عالمی ادارہ ء صحت کی امداد بند کرنے کا اعلان

            کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر مختلف ممالک اور ادروں کے مابین کشمکش کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کے لیے امریکی فنڈنگ روکنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا ذمہ دار WHO ہے۔ ردعمل میں اقوام متحدہ نے عالمی ادارہ صحت کا دفاع کیا ہے۔

وبائی مرض کے باوجود جنوبی کوریا میں عام انتخابات کا انعقاد

            سخت احتیاطی تدابیر اور معاشرتی فاصلوں کو قائم رکھتے ہوئے مؤرخہ 15۔اپریل2020ء کو جنوبی کوریا میں 21ویں عام انتخابات کا انعقاد ہوا ۔ جنوبی کوریا ان ممالک میں شامل ہے جہاں وبائی مرض کی روک تھام میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔موجودہ حکمران جماعت نے عوامی اعتماد حاصل کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی 300میں سے 160سے ذیادہ سیٹیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کر لی ہے ۔

یورپی یونین نے مدد نہ کرنے پر اٹلی سے معافی مانگ لی

بی بی سی اردوکے مطابق یورپی کمیشن کی صدر ارسلا ون ڈی لین نے اٹلی کی مدد نہ کر پانے پر یورپ کی جانب سے روم سے معافی مانگی ہے۔انھوں نے جمعرات کی صبح یورپی پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے کہا:

’’ہاں، یہ سچ ہے کہ ہم اس کے لیے تیار نہیں تھے۔ یہ بھی سچ ہے کہ ہم شروع میں اٹلی کے ساتھ نہیں کھڑے تھے، جب انھیں ہماری مدد کی واقعی ضرورت تھی اور اس کے لیے پورا یورپ آپ سے تہہ دل سے معافی مانگتا ہے۔‘‘

            جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق اٹلی میں اب تک 21 ہزار سے زائد افراد وائرس کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں جو کہ یورپ میں ہلاک ہونے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

کورونا وائرس کے اثرات 2022ء تک جاری رہ سکتے ہیں

            ہارورڈ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق موجودہ صورتحال سے اخذ ہونے والے نتائج سے پتا چلتا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں ہونے والے لاک ڈاؤن اور ہنگامی حالات کا نفاذ کسی نہ کسی صورت میں 2022ء تک جاری رہ سکتا ہے ۔ اس تحقیق کے مطابق بیماری کے اثرات کو ختم کرنے کے لئے ایک لمبی جدوجہد اور مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے ۔

ہیومنٹی فرسٹ کی خدمات کا سلسلہ جاری

            ہیومنٹی فرسٹ انٹرنیشنل کے ذرائع کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں رضاکارانہ خدمات کا سلسلہ جاری ہے ۔ مؤرخہ 12اپریل 2 020کے اعداد وشمار کے مطابق 58ہزار لوگوں میں راشن  اور 36سے زائد سینیٹائزرزتقسیم کئے جاچکے ہیں ۔جبکہ 1,729رضا کار خدمت خلق کی سرگرمیوں میں شریک ہیں ۔

(انیس احمد ندیم ۔جاپان)

نمائندہ روزنامہ الفضل لندن (آن لائن)

پچھلا پڑھیں

وبائی امراض اور بيماريوں سے بچنے كے لئے دعا

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ