• 2 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

ایڈیٹر کے نام خط
الفضل ہمارے بچپن کا منی گوگل

  • مکرمہ سعدیہ طارق لکھتی ہیں۔

آج مورخہ چار اپریل کے الفضل کا اداریہ ’’آئینہ کے اوصاف‘‘ پڑھ کر خیال آیا کہ یہ بات کتنی حقیقت کے قریب ہے ہمیں بچپن سے الفضل کے مطالعہ کی عادت ہے اور الفضل نے ہمارے دینی علم کے ساتھ ساتھ دنیاوی معلومات میں بھی اضافہ کیا۔ الفضل کے پہلے صفحہ کو سب سے پہلے پڑھنا بائیں طرف کونے پر حضرت خلیفة المسیح کی صحت اور مصروفیات،دوسری طرف حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات پڑھنے کو ملتے گویا جس عمر میں ہمیں حضرت مسیح موعودؑ کی تحریر کی سمجھ بھی نہیں تھی اس وقت سے یہ خزانہ ہمارے دل و دماغ میں زخیرہ ہونا شروع ہوگیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ حقائق عمر اور عقل کے مطابق کھلتے گئے اور ابھی تک کھل رہے ہیں۔

الفضل میں موقع کی مناسبت سے 23 مارچ، 14؍اگست، 11؍ستمبر وغیرہ کے مضامین بھی چھپتے جو ہماری تاریخ میں اضافہ کرتےورنہ ہمیں تاریخ دانی میں کوئی دلچسپی نہ تھی۔ اس کی وجہ سےہمیں کچھ نہ کچھ تاریخ بھی یاد ہوگئی، پھر دعائیہ اعلانات ہوتے تھے جن سے کئی واقف کاروں کے نکاح، پیدائش،بیماری اور وفات کا پتہ چلتا تھا۔ اسی طرح لوگوں کی وصیت کے اعلان پڑھنے کا ایک اپنا مزا ہوتا تھا۔ الفضل گویا ہمارے لئے اپنے زمانے کا گوگل ہی تھا ہمیں گھر بیٹھے پورے پاکستان بلکہ بیرون پاکستان سے جوڑے رکھتا تھا۔

الفضل ایک دن پہلے شام کو چھپ جاتا تھا اور شائد کچھ گھروں میں شام کو تازہ کاپی پہنچائی جاتی تھی، جن میں ہمارا گھر بھی شامل تھا۔ باقی گھروں میں اگلے دن صبح الفضل تقسیم ہوتا تھا۔ہمارے گھر شام پانچ بجے کے قریب الفضل آتا تھا۔ ہم بڑے دوبہن بھائی شام پانچ بجے باہر کے دروازے کے اردگرد ٹہلتے تھے، جونہی الفضل دیوار کے اوپر سے لہراتا نظر آتا تو ہم دونوں بھاگ کر ایک دوسرے سے پہلے اچکنے کی کوشش کرتے تھے۔

اگر کبھی بھائی یا ابا جان عصر کی نماز کے لئے نکلتے ہوئے باہر ہی اخبار وصول کر لیتے تو وہ ایک گھنٹہ گزارنا مشکل ہو جاتا تھا کہ کب یہ لوگ گھر واپس آئیں اور ہمیں اخبار پڑھنے کو ملے۔ الفضل ملتے ہی تفصیل سے مطالعہ کیا جاتا تھا تاکہ اگلے دن اسکول کالج میں دوستوں کوان سے پہلے باخبر ہونے کا بتاسکیں۔

الفضل نےہم میں اخبار بینی اور مطالعہ کی عادت ڈال دی اس کا فائدہ آج تک ہم اٹھا رہے ہیں۔ مولویوں نے ہمارے اس ’’منی گوگل‘‘ پر قدغن لگانے کی کوشش کی تو اللہ تعالیٰ نے بڑی شان اور آن بان کے ساتھ ہمارے اس منی گوگل کو آن لائن جاری فرما کر نہ صرف ہمارے دلوں کی ڈھارس باندھی بلکہ مضامین، معلومات کے اعتبار سے بہت وسعت دے دی کہ ہم تمام بہن بھائی اور عزیزواقارب اس کو آپس میں شیئر کرنے اور لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے اس منی گوگل کو ترقیات سے نوازتا رہے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 اپریل 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ