• 25 اپریل, 2024

دعاؤں کی تحریک

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے 29 رمضان المبارک میں جو درس القرآن کے آخر پر دعاؤں کی تحریک کی وہ پیش ہے۔ (5 جون 2017ء)

ہمارے پیارے امام سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

میں چند دعاؤں کی طرف توجہ دلاؤںگاپھر ہم اجتماعی دعا کریں گے۔

  • اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو یہ توفیق عطا فرمائے کہ وہ ہر قسم کی دینی کمزوریوں سے بچنے والوں ہوں اللہ تعالیٰ کے پیغام کو سمجھتے ہوئے حضرت مسیح موعود کی آمدکے مقصد کو سمجھیں اور پہنچانیں۔ اور آپ کی بیعت میں آنے کی اپنی تمام تر طاقتوں سے صلاحیتوں سے کوشش کریں۔ اسی طرح تمام احمدیوں کے لئے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان کو ایمان اور ایقان میں ترقی عطا فرمائے۔
  • عالم اسلام کے لئے عمومی دعا کریں کہ خدا تعالیٰ انہیں باہمی اتحاد اور ہمدردی عطا فرمائے۔ آپس کی پھوٹ کی وجہ سے دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے ۔ ان کے وسائل اور ان کی دولتیں جو اللہ تعالیٰ نے انہیں دی ہیں ان سے دشمن فائدہ اُٹھا رہا ہے۔ اور یہ اس کے آگے بیوقوف بنے ہوئے ہیں ۔ اللہ کرے کہ اللہ تعالیٰ کے آگے جھکتے ہوئے اور توبہ کرتے ہوئے اس کی رحمت کے طالب ہوں تا کہ اللہ تعالیٰ ان پر رحم کی نظر کرے۔ آمین

• نظام جماعت عالم گیر کے لئے اور تمام احباب جماعت اور احباب و خواتین کے لئے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ سب کو حفاظت میں رکھے ہر شر سے بچائے۔ بعض ملکوں میں مخالفین کی وجہ سے بعض سختیاں ہیں اللہ تعالیٰ ان سے بچا کر رکھے اور انہیں ثبات قدم عطا فرمائے۔نظام جماعت سے سب کو چمٹائے رکھے ۔ نظام خلافت کا فہم و ادراک عطا کرتے ہوئے اس سے جوڑے رکھے۔ آمین

• واقفین کے لئے دعا کریں اللہ تعالیٰ ان کو میدان عمل میں اپنے وقف کے عہد کو نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔وقف نو کے مجاہدین کے لئے دعا کریں جن کو اللہ تعالیٰ اس وقت میدان عمل میں لے آیا ہے اور خدمت کی توفیق دے رہا ہے اللہ تعالیٰ ان کو حقیقی رنگ میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ جو ابھی زیر تعلیم ہیں ان کو اپنا عہد پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

• اللہ تعالیٰ دجال کے فتنہ کے شر سے ہم سب کو بچائے ۔ ہمیشہ ان کی چالوں اور خطر ناک منصوبوں سے اور برے ارادوں سے ہمیں بچائے رکھے۔ آمین

• شہدائے احمدیت کے لئے ان کے پسماندگان کے لئے دعا کریں اللہ تعالیٰ ان کو اپنی حفاظت میں رکھے اور ہر شر سے بچائے آئندہ ہر پریشانی سے انہیں بچائے۔آمین

• اسیران راہ مولیٰ کی جلد آزادی کے لئے دعا کریں اللہ تعالیٰ ان کے اہل و عیال کو بھی صبر اور حوصلہ عطا فرمائے، اسی طرح مختلف مصائب میں دو چار لوگوں کے لئے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان کی پریشانیاں دور کرے۔ بیماروں کو شفا دے۔ مختلف لوگ مختلف قسم کے کاروبار وںمیں چٹیوں میں پڑے ہوئے ہیں بے شمار خطوط آتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کے بھی نااہلی کی وجہ سے یا کسی بھی وجہ سے جو ان کے مالی نقصان ہوئے ہیں یا قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اللہ تعالیٰ ان سے نجات دے۔سب مصیبت زدگان کے لئے دعا کریں چاہے وہ سیاسی ظلموں کی وجہ سے نشانہ بنائے جا رہے ہیں یا مذہبی ظلموں کی وجہ سے نشانہ بنائے جا رہے ہیں یا قومی تعصبات کی وجہ سے نشانہ بنائے جا رہا ہیں اللہ تعالیٰ ان سب کے لئے آسانیوں کے سامان پیدا فرمائے ۔ آمین

• دنیا کے ہر شخص کے لئے دعا کریں اللہ تعالیٰ ان کو اقتصادی بدحالی سے بچائے مختلف مردوں اور عورتوں کے جھگڑے ہیں اور یہ بڑھتے چلے جا رہے ہیں اب جماعت میں بھی اور دنیا میں بھی۔ اللہ تعالیٰ مردوں اور عورتوں کے ازدواجی اور خاندانی جھگڑوں کو دور فرمائے۔ اور انہیں عقل و سمجھ دے اور آپس میں پیار محبت سے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

• بیوگان اور یتامیٰ کے لئے اور حقوق سے محروم لوگوں کے لئے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان کی پریشانیاں دور فرمائے۔ آمین

• ایسی بچیوں کے لئے جن کے رشتوں میں تاخیر ہو رہی ہے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ جلد ان کی پریشانیاں دور کرے۔ بے اولاد لوگوں کے لئے ، طلبا کے لئے ،بے روزگاروں کے لئے، کاروباری لوگوں کے لئے، ذمہ داروں کے لئے ، مقدمات میں پھنسے ہوئے لوگوں کے لئے ان سب کے لئے دعا کریں اللہ تعالیٰ ان کی پریشانیاں دور فرمائے۔ آمین

• درویشان قادیان اوراہل ربوہ کے لئے دعا کریں اللہ تعالیٰ ان کے لئے بھی آسانیوں کے سامان پیدا فرمائے۔ اسی طرح آج کل سب سے زیادہ مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے جماعت احمدیہ کے افراد کو وہ الجزائر ہے۔ وہاں کے احمدیوں کے لئے بھی اللہ تعالیٰ ان کوثبات قدم عطا فرمائے اور ان کی پریشانیاں دور فرمائے۔ ا ٓمین

• دکھوں سے چور انسانیت کے لئے دعا کریں اللہ تعالیٰ ان کے دکھ دور فرمائے۔ جماعت کے ابتلاؤں کے دور ختم ہونے کے لئے عمومی دعائیں ہیں خصوصا یہ دعا بھی اکثرہمیں کرنی چاہئے کہ

اللّٰھُمَّ ! مَزِّقْھُمْ کُلَّ مُمَزَّقٍ وَّسَحِّقْھُمْ تَسْحِیْقًا
اَللّٰھُمَّ اِنَّا نَجْعَلُکَ فِیْ نُحُوْرِھِمْ وَ نَعُوْذُبِکَ مِنْ شُرُوْرِھِمْ

• اسی طرح تحریک جدید اور وقف جدید اور دیگر مالی تحریکات میں قربانیاں کرنے والوں کے لئے دعا کریں پھر مختلف حیثیتوں سے جماعت کی خدمت کرنے والوں کے لئے دعا کریں اللہ تعالیٰ ان کی خدمت کی توفیق کو بھی بڑھائے اور ایمانداری سے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین

• ایم ٹی کے کارکنا ن کے لئے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان پر بھی اپنا فضل فرمائے اور رحمت فرماتا رہے۔ اور بہت سارے لوگ والنٹیئر کر رہے ہیں دنیا میں ہر جگہ اللہ تعالیٰ ان رضاکاروں کو بھی جزا دے اس خدمت کی۔ آمین

• مختلف جو آفات ہیں آسمانی آفات یا حوادث ہیں ان سے بچنے کے لئے جہاں بھی لوگ متاثر ہو رہے ہیں ان سے اللہ تعالیٰ ان کی پریشانیاں دور کرے اور ان کو حوادث سے بچائے۔ آمین

• ایک دعا کرب کے وقت کی ہے لَا اِلٰہَ الاَّاللّٰہُ الْعَظِیْمُ الْحلیم، لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ ، رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ ، لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ، رَبُّ الْسَّمٰوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ۔

ترجمہ: اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ عظمتوں والا ہے بڑا ہی بردبار ہے۔ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہی عرش کا رب ہے۔ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو کہ آسمان وزمین اورعرش کریم کا رب ہے۔

• پھر یہ دعا بھی پڑھنی چاہئے۔ اللّٰھُمَّ اِنِّی أَسْأَ لُکَ حُبَّکَ وَحُبَّ مَنْ یُّحِبُّکَ وَالْعَمَلَ الَّذِی یُبَلِّغُنِی حُبَّکَ اللَّھُمَّ اجْعَلْ أحَبَّ اِلیَّ مِنْ نَفْسِی وَأَھْلِی وَمِنَ الْمَائِ الْبَارِد۔

ترجمہ: اے میرے اللہ! میں تجھ سے تیری پناہ مانگتا ہوں اور ان لوگوں کی محبت جو تجھ سے پیار کرتے ہیں اور اس کام کی محبت جو مجھے تیری محبت تک پہنچا دے۔ اے میرے خدا ایسا کر کہ تیری محبت مجھے اپنی جان اہل و عیال اور ٹھنڈے شیریں پانی سے زیادہ پیاری اور اچھی لگے۔

• اے دلوں کو پھیرنے والے میرے دل کو اپنے دین پر ثابت قدم رکھ۔

• پھر یہ دعا بھی پہلے بھی کئی دفعہ تحریک کر چکا ہوں کہ ’’اے اللہ میں تیری ناراضگی سے تیری رضا کی پناہ میں آتا ہوں اور تیری سزا سے تیری معافی کی پناہ میں آتا ہوں۔ میں خالص تیری پناہ چاہتا ہوں، میں تیری تعریف شمار نہیں کر سکتا۔ بے شک تو ایسا ہی ہےجس طرح تو نے خود اپنی تعریف آپ کی ہے۔‘‘

• پھر یہ دعا ہے۔اَللّٰھُمَّ لَا تَقْتُلْنَا بِغَضَبِکَ ، وَلَا تُھْلِکْنَا بِعَذَابِکَ وَعَافِیْنَا قَبْلَ ذَالِکَ

ترجمہ:اے اللہ تو اپنے غضب سے ہمیں قتل نہ کر اپنے عذاب سے ہمیں ہلاک نہ کرنا اور اس سے پہلے ہمیں بچا لینا۔ آمین

اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَعُوْذُبِکَ مِنْ زَوَالِ نِعْمَتِکَ ، وَتَحَوُّلِ عَافِیَتِکَ، وَفُجْائَۃِ نِقْمَتِکَ ، وَجَمِیْعِ سُخْطِکَ

ترجمہ:اے اللہ میں تیری نعمت کے زائل ہونے ، تیری عافیت کے ہٹ جانے ، تیری اچانک سزا اور سب باتوں سے پناہ مانگتا ہوں جن سے تو ناراض ہو۔

• حضرت مسیح موعودؑ نے فرمایا کہ یہ دعا جو حضرت آدمؑ کی دعا ہے یہ بھی ہر ایک کو ضرور پڑھنی چاہئے۔ کیونکہ یہ دعا آپ نے فرمایا کہ مقبول ہو چکی ہے۔ یعنی یہ پڑھو اللہ تعالیٰ قبول کرے گا اللہ تعالیٰ کے ہاں یہ مقبولیت کا درجہ پاچکی ہے۔ اور وہ دعا یہ ہے قرآن کریم کی کہ رَبَّنَا ظَلَمْنَآاَنْفُسَنَاوَاِنْ لَّمْ تَغْفِرْلَنَاوَتَرْحَمْنَا لَنَکُوْنَنَّ مِنَ الْخَاسِرِیْنَ(الأعراف:24)

ترجمہ :اے ہمارے رب! ہم نے اپنی جانوں پر ظلم کیا اور اگر تو ہمیں نہ بخشے اور ہم پر رحم نہ کرے تو ہم ضرورگھاٹا کھانے والوں میں سے ہوجائیں گے۔

• پھر یہ بھی دعا رَبَّنَا لَاتُزِغْ قُلُوْبَنَا بَعْد اِذْ ھَدَیْتَنَا وَھَبْ لَنَا مِنْ لَّدُنْکَ رَحْمَۃً ج اِنَّکَ اَنْتَ الْوَھَّابُ (آل عمران:9)

ترجمہ: اے ہمارے رب! ہمارے دلوں کو ٹیڑھا نہ کردینابعد اس کے کہ تو ہمیں ہدایت دے چکا ہو اور ہمیں اپنی طرف سے رحمت عطا کر- یقیناً تو ہی ہے جو بہت عطا کرنے والا ہے۔

• پھر حضرت مسیح موعودؑ نے یہ بھی فرمایا ایک وقت آیا تھا اور آج کل بھی ایسے حالات ہیں کہ ہماری جماعت ہر نماز کی آخری رکعت میں بعد رکوع مندرجہ ذیل دعا بکثرت پڑھے اور وہ دعا یہ ہے آپ التحیات میں بھی پڑھتے ہیں کہ رَبَّنَااٰتِنَافِی الدُّنْیَاحَسَنَۃً وَّفِی الْاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّقِنَاعَذَابَ النَّارِ (البقرہ:202)

اے ہمارے رب!ہمیں اس دنیا میں بھی آرام و آسائش کے سامان عطا فرما اور آنے والے جہان میں بھی آرام اور راحت عطا فرما اور ہمیں آگ کے عذاب سے بچا۔

• پھر حضور مسیح موعودؑ کی ایک یہ دعا ہے الہامی دعا ہے۔ رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ مِنَ السَّمَاءِ رَبِّ لَا تَذَرْنیِ فَرْدًا وَأَنْتَ خَیْرُالْوَارِثِیْنَ رَبِّ اَصْلِحْ اُمَّۃً مُحَمَّد رَبَّنَا افْتَحْ بَیْنَنَا وَبَیْنَ قَوْمِنَا بِالْحَقِّ وَاَنْتَ خَیْرُ الْفَاتِحِیْنَ۔

ترجمہ: اے میرے رب! مغفرت فرما اور آسمان سے رحم کر۔ اے میرے رب! مجھے اکیلا مت چھوڑ اور تو خیرالوارثین ہے ۔ اے میرے رب! امت محمدیہ ﷺ کی اصلاح کر۔ اے ہمارے رب ہم میں اور ہماری قوم میں سچا فیصلہ کر دے اور تو فیصلہ کرنے والوںسے بہتر ہے۔

(روحانی خزائن جلد1صفحہ266)

• پھر آپ کی یہ بھی دعا ہے :اے رب العالمین میں تیرے احسانوں کا شکریہ نہیں ادا کر سکتا ۔ تو نہایت ہی رحیم و کریم ہے تیرے بے غایت مجھ پر احسان ہیں۔ میرے گناہ بخش تا میں ہلاک نہ ہو جاؤں۔ میرے دل میں اپنی خالص محبت ڈال تا مجھے زندگی حاصل ہو اور میری پردہ پوشی فرما اور مجھ سے ایسے عمل کرا جن سے تو راضی ہو جائے۔ میں تیری وجہ کریم کے ساتھ اس بات سے بھی پناہ مانگتا ہوںکہ تیرا غضب مجھ پر وارد ہو۔ رحم فرما ، رحم فرما، رحم فرما اور دنیا اور آخرت کی بلاؤں سے مجھے بچا کیونکہ ہر ایک فضل و کرم تیرے ہی ہاتھ میں ہے۔

(مکتوبات احمدیہ جلد پنجم نمبر 4 صفحہ5)

• پھر یہ دعا ہے آپ کی تنہائی کی ’’اے میرے خدا! میری فریاد سن کہ میں اکیلا ہوں ۔ اے میری پناہ میری سپر میری طرف متوجہ ہو کہ میں چھوڑا گیا ہوں۔ اے میرے پیارے اے میرے سب سے پیارے مجھے اکیلا مت چھوڑ میں تیرے ساتھ ہوں اور تیری درگاہ میں میری روح سجدہ میں ہے۔‘‘

اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی اٰلِ مُحَمَّدٍ کَمَا صَلَّیْتَ عَلٰی اِبْرَاھِیْمَ وَ عَلٰی اٰلِ اِبْرَاھِیْمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِید اَللّٰھُمَّ بَارِکْ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی اٰلِ مُحَمَّدٍ کَمَا بَارَکْتَ عَلٰی اِبْرَاھِیْمَ وَ عَلٰی اٰلِ اِبْرَاھِیْمَ اِنَّکَ حَمِیْدً مَّجِیْد

بعد اس کے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے دعا کروائی۔


پچھلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ15۔مئی2020ء

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 مئی 2020