• 12 جولائی, 2025

آج کی دعا

اللہ تعالیٰ کی مکمل ستاری اور مغفرت کے حصول کی دعا

اَللّٰهُمَّ اسْتُرْ عَوْرَاتِيْ، وَاٰمِنْ رَوْعَاتِيْ، اَللّٰهُمَّ احْفَظْنِيْ مِنْۘ بَيْنِ يَدَيَّ، وَمِنْ خَلْفِيْ، وَعَنْ يَّمِيْنِيْ، وَعَنْ شِمَالِيْ، وَمِنْ فَوْقِيْ، وَأَعُوْذُ بِعَظَمَتِكَ أَنْ أُغْتَالَ مِنْ تَحْتِي۔

(سنن ابی داؤد کتاب الادب باب ماذا یقول اذا اصبح۔ حدیث نمبر: 5074)

ترجمہ: اے اللہ ! میرے ننگ کو ڈھانپ دے (میرے عیب چھپا دے) اور میرے اندیشوں کو امن میں بدل دے۔ اے اللہ میری حفاظت فرما (ان خطرات سے) جو میرے آگے ہیں اور جو میرے پیچھے ہیں۔ جو میرے دائیں ہیں اور جو میرے بائیں ہیں اور جو میرے اوپر ہیں اور مَیں تیری عظمت کی پناہ میں آتا ہوں (ان خطرات سے) جو مجھے نیچے سے اچک لیں۔

یہ سید ومولیٰ، خیر البشر، رحمۃ للعالمین، آقائے دو جہاں، پیارے رسول حضرت محمدﷺ کی اللہ تعالیٰ کی مکمل ستاری اور مغفرت کے حصول کی اہم دعا ہے۔

حضرت عبداللہ ابن عمر ؓ فرمایا کرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ شام کو اور صبح کے وقت مندرجہ بالا دعا نہ چھوڑا کرتے تھے ہمیشہ پڑھا کرتے تھے۔

ہمارے پیارےقابل صد احترام آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اس دعا کی تحریک کرتے ہوئے فرماتے ہیں
پس اللہ تعالیٰ کی صفت ستّار کے حوالے سے اس سے مستقل یہ دعا مانگتے رہنا چاہئے کہ ہمیں اپنی ستّاری کی چادر میں ڈھانپ لے۔

آنحضرتﷺ نے جو دعائیں سکھائیں ان کے بارہ میں ایک روایت میں آتا ہے۔ حضرت جُبَیْر بِن مُطْعَمؓ روایت کرتے ہیں کہ مَیں نے حضرت ابن عمرؓ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ رسول اللہﷺ ان دعاؤں کو کبھی ترک نہیں کرتے تھے۔ جو یہ ہیں کہ اے اللہ میرے ننگ کو ڈھانپ دے اور میرے اندیشوں کو امن میں بدل دے۔ اے اللہ میری حفاظت فرما (ان خطرات سے) جو میرے آگے ہیں اور جو میرے پیچھے ہیں۔ جو میرے دائیں ہیں اور جو میرے بائیں ہیں اور جو میرے اوپر ہیں اور مَیں تیری عظمت کی پناہ میں آتا ہوں (ان خطرات سے) جو مجھے نیچے سے اچک لیں۔

(ابوداؤد۔ کتاب الادب باب ماذا یقول اذا اصبح۔ حدیث نمبر 5074)

یہ اللہ تعالیٰ کی مکمل ستاری اور مغفرت کی دعائیں ہیں۔ آنحضرتﷺ سے تو آپؐ کی ہر قسم کی حفاظت کے، ہر قسم کے گناہوں سے بچنے کے اللہ تعالیٰ کے وعدے تھے۔ بلکہ آپؐ نے فرمایا کہ میرا تو شیطان بھی مسلمان ہو گیا ہے۔

(صحیح مسلم کتاب صفات المنافقین واحکامھم باب تحریش الشیطان…حدیث: 7110)

یہ دعائیں تو اصل میں ہمیں سکھائی گئی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس روح کو سمجھتے ہوئے ان دعاؤں کو پڑھنے کی توفیق بھی عطا فرمائے اور اس کے مطابق عمل کرنے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔

(خطبہ جمعہ 27 مارچ 2009ء)

(مرسلہ:مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

مسجد نبوی میں افسوسناک واقعہ اور مساجد کی حرمت

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 مئی 2022