• 3 مئی, 2024

سائیکل ٹور مجلس انصار اللہ ڈنمارک

مجلس انصار اللہ ڈنمارک کوگزشتہ سال کیطرح امسال بھی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے سائیکل ٹور کے انعقاد کی توفیق ملی۔ گزشتہ سال مسجد نصرت جہاں سے بیت الحمد ناکسکو 165 کلو میٹر کا سفر طے کیا گیاتھا جبکہ امسال موٴرخہ 4 اور 5 جون کو مسجد نصرت جہاں کوپن ہیگن ڈنمارک سے مسجد محمود مالمو سویڈن کا سفر کرنے کی توفیق ملی۔

موٴرخہ 4 جون صبح ساڑھے دس بجے یہ قافلہ مسجد سے دعا کے ساتھ روانہ ہوا اور کوپن ہیگن شہر کراس کرتے ہوئے شام چار بجے ہلسنگبورگ پہنچا۔ ڈنمارک کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہاں اکثر جگہ پر سائیکلز کے لئے علیحدہ راستے بنائے گئے ہیں۔ اور اکثر یہ راستے عام روٹ سے ہٹ کر ہوتے ہیں۔ یہ روٹ جس پر ہم نے سفر کیا یہ بھی نہایت خوبصورت تھا جوکبھی جنگل سے گزرتا یا کبھی سمندر کے کنارے سے ہوتا ہوا راستے میں آنے والے چھوٹے شہر وں کو کراس کرتا۔ کیونکہ کوپن ہیگن اور مالمو کے درمیان سمندر پر ایک پل تعمیر ہے جس پر سے صرف گاڑیاں اور ٹرین گزر سکتی ہیں اسلئے سائیکل سفر کا روٹ بناتے ہوئے کوپن ہیگن سے ہلسنگیور کا روٹ اختیار کیا گیا جو کے 51کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے جہاں سے سویڈن جانے کے لئے شپ چلتے ہیں۔ رات قافلہ کے ممبران نے اس شہر میں واقع ایک ہوسٹل میں قیام کیا اور اگلے روز بذریعہ شپ ہلسنگبورگ سویڈن پہنچے۔ اس طرح مسجد محمود مالمو تک 125کلو میٹر کا سائیکل سفر طے کیا گیا۔

اس سائیکل سفر کو مجلس نے اپنے سالانہ ایکٹیویٹی پروگرام میں شامل کیا تھا اور سال کے آغاز سے ہی ممبران مجلس کو اس میں شامل ہونے کے لئے توجہ دلائی جاتی رہی۔ اسی طرح موٴرخہ 7 مئی 2022 کو مسجد نصرت جہاں میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں فرسٹ ایڈ، فیزیو تھر پی اور سائیکل چلانے کے بارہ میں آگاہی دی گئی۔ اس پروگرام میں مسجد کے ہمسایہ میں رہنے والے سائیکل ٹرینز محترم کلاوس ماتھیز صاحب نے بھی شرکت کی۔ آپ نے سائیکل چلاتے وقت کن باتوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے اور خاص طور پر جب گروپ کی صورت میں چلائیں اور کس قسم کی ایکسرسائز کرنا چاہیے کے بارہ میں راہنمائی کی۔ اسی طرح ممبران کی طرف سے کئے جانے والے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ محترم کلاوس صاحب کیونکہ خود ایک کلب کے ٹرینر ہیں اس لئے انہوں نے بڑی خوشی کا اظہار کیا کے مسجد بھی سائیکل نگ کے پروگرام ترتیب دے رہی ہے۔ اسی طرح جس دن سفر کا آغاز کیا آپ اپنی ساری فیملی کے ساتھ باہر آکر ہاتھ ہلا کر الوداع کرتے رہے۔

مسجد محمود آمد پر محترم رضوان افضل صاحب مربی سلسلہ، صدر جماعت مالمو اور دیگر احباب نے ممبران کو خوش آمدید کہا اور نہایت پرتکلف کھانا پیش کیا گیا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد گاڑیوں کے ذریعہ واپسی ہوئی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ یہ دو دن موسم نہایت خوشگوار رہا۔ اس سفر کے لئے خاص طور ٹی شرٹس بنوائی گئی تھی جس پر محبت سب سے نفرت کسی سے نہیں ڈینش اور انگلش زبان میں میں تحریر تھا اسی طرح لوگو اور مسلم فور پیس بھی لکھا گیا تھا۔ ان ٹی شرٹس کی وجہ سے رستے میں ملنے والے لوگوں کو ہمارے بارہ میں تعارف حاصل ہوا۔ کئی احباب نے ان ٹی شرٹس پر لکھے پیغام کی تعریف کی۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ تمام احباب نے اس پروگرام کو پسند کیا۔ اللہ تعالیٰ مجلس کو مزید احسن طریق پر کام کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: محمد اکرم محمود۔ صدر مجلس انصار اللہ و نمائندہ الفضل ڈنمارک)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ