• 1 مئی, 2024

آپ کہہ دیں، جو ہوں پسند، الفاظ

آپ کہہ دیں، جو ہوں پسند، الفاظ
پر نہ پہنچائیں وہ گزند، الفاظ

لمبے چوڑے سنے ہیں وعظ، مگر
دل کو اچھے لگے ہیں چند الفاظ

دھیمی آواز، نرم لہجہ ہو
بولیں پر وہ جو ہوں بلند الفاظ

لاکھ کہتے رہو نہ ہو تاثیر
ہو عمل، تب ہوں نفع مند الفاظ

بند کوزے میں جیسے ہو دریا
ایسے ہوتے ہیں سود مند الفاظ

سب کے ایسے تو ہو نہیں سکتے
اس کے شیریں تھے جیسے قند ، الفاظ

نفرتوں کے جو کھولیں دروازے
بولتے ہیں وہ شر پسند، الفاظ

لائے پیغام ہم محبّت کا
پیار کے لے کے من پسند الفاظ

ہم سے راضی خدا تبھی ہو گا
ذکر کے جب کریں بلند الفاظ

گر مناسب ہوں سر بلند کریں
کر دیں طارق! یہ ارجمند الفاظ

(ڈاکٹر طارق انور باجوہ۔ لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ