• 5 مئی, 2025

جماعت احمدیہ کبابیر (دیار مقدسہ) میں منعقد ہونے والی تقاریب

جلسہ سیرت النبی ؐ کا انعقاد

مورخہ 29 اکتوبر 2021ء کو جامع محمود کبابیر میں جلسہ سیرت النبیﷺ کا بابرکت انعقاد ہوا۔ اس موقع پر مکرم مناع عودہ صاحب سیکرٹری تربیت، مکرم عماد الدین مصری صاحب مربی سلسلہ اور مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت کبابیر نے علی الترتیب سیرت رسول کریم ﷺ ، رسول کریم ﷺ کا اسوہٗ حسنہ اور موجودہ معاشرہ میں رسول کریم ﷺ کی سنت کا قیام کے موضو عات پر تقاریر کیں۔ مسجد میں موجود حاضرین کے علاوہ گھروں میں بھی پروگرام براہ راست سننے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

ورزشی مقابلہ جات

مورخہ 22 اور 23 اکتوبر 2021ء کو مجلس خدام الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ کے زیر انتظام خدام واطفال کے لئے ورزشی مقابلہ جات کرائے گئے۔ کبابیر میں واقع سپورٹز ہال میں دو روزہ یہ دلکش پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کی شروعات میں مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کی معیت میں خاکسار نے دعا کروائی اور شرکاء کو کچھ نصیحتیں کیں۔ دراصل یہ پروگرام سالانہ اجتماع کے حوالے سے ہوا تھا مگر مقامی صورت حال کے مطابق اصل اجتماع سے کچھ دن قبل رکھا گیا تھا۔

سپورٹس ڈے ( sports day) لجنہ اماء اللہ

لجنہ اماء اللہ کے تحت ایک روز کا سپورٹز ڈے منایا گیا۔ لجنہ اماء اللہ کی رپورٹ کے مطابق خواتین بڑی دلچسپی سے شامل ہوئیں اور کرونا کے بعد یہ پہلی دفعہ انکو جمع ہونے کا موقع ملا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

مکرم امیر صاحب کبابیر کی اہم شخصیات سے ملاقات

مورخہ 27 اکتوبر 2021ء کو شہر یروشلم میں مکرم محمد شریف عودہ صاحب نیشنل امیر کبابیر کی ملاقات مکرم Felix Antoine Tshisekedi صاحب صدر مملکت کونگو کے ساتھ ہوئی جس موقع پر اسرائیل کے صدر مملکت بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مکرم امیر صاحب کو اسلام احمدیت کے تعارف کرانے اور جماعتی سوونیر پیش کرنے کا بہترین موقع میسر آیا۔

اسی طرح مورخہ 8 نومبر 2021ء کو مکرم Ivan Duque Marques صاحب صدر مملکت Colombia کے ساتھ بھی ملاقات کرنے اور اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کا موقع ملا۔

سالانہ اجتماع مجلس اطفال الاحمدیہ وخدام الاحمدیہ کبابیر

مورخہ 12 اور 13 نومبر 2021ء کو کبابیر میں مجلس اطفال الاحمدیہ اور خدام الاحمدیہ کا سالانہ اجتماع منعقد ہوا۔ اس موقع پر مختلف علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اطفال کے اجلاس میں مکرم ایقان احمد شمس صاحب مہتمم اطفال اور خاکسار نے تربیتی امور پر ایمان باللہ کی ضرورت اور اہمیت کے بارہ میں روشنی ڈالی۔ جبکہ خدام الاحمدیہ کے اجلاس میں مکرم عماد الدین صاحب مصری مربی سلسلہ اور مکرم امیر صاحب نے خدا تعالی سے محبت اور اسکے ساتھ زندہ تعلق قائم کرنے کے بارہ میں خدام کو قیمتی نصائح سے نوازا۔ مکرم احمد احسان عودہ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے بھی خدام کو نظام خلافت کے ساتھ مضبوط رہنے کی تلقین کی۔ اجتماع کے اخیر پر علمی وورزشی مقابلہ جات میں کامیابی حاصل کرنے والے خدام واطفال کے درمیان انعامات تقسیم کئے گئے۔ ضیافت کا بھی انتظام رہا۔ اللہ کے فضل سے دو روزہ یہ اجتماع بہت کامیاب رہا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ۔

(رپورٹ: شمس الدین مالاباری۔ نمائندہ الفضل ومشنری انچارج، کبابیر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ