• 28 جنوری, 2023

آئرلینڈ میں چودھویں نیشنل بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد

خدا تعالیٰ کے فضل سے موٴرخہ 19؍نومبر 2022ء بروز ہفتہ جماعت احمدیہ آئرلینڈ کو مسجد مریم گولوے میں ’’خدا پر ایمان انسانیت پر کیسے اثر انداز ہو سکتا ہے اور کیسے امنِ عالم کا موجب ہو سکتا ہے؟‘‘ کے موضوع پر اپنی چودھویں نیشنل بین المذاہب کانفرنس کا کامیاب انعقاد کرنے کی توفیق ملی۔

اس پروگرام میں گولوے کے ڈپٹی میئر کونسلر مائک کبرڈ (Deputy Mayor Cllr Mike Cubbard) اور جماعت کے دیرینہ دوست اور سابقہ گورنمنٹ منسٹر ایمن اوکیو ٹی ڈی (Éamon Ó Cuív)کونسلرایلن چیورز (Cllr Alan Cheevers) دو عیسائی پادری، اور ساٹھ سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔

اس کانفرس کے لئے تیاریاں دو ماہ قبل شروع ہوئیں اور سینکڑوں فلائرز کی تقسیم کے علاوہ ریڈیو پر انٹرویو اور اخبارات کے ذریعہ بھی خوب تشہیر کی گئی۔ مسجد کی زیب و آرائش کے لئے بھی خاص اہتمام کیا گیا اور مسجد کے مینارے اور گنبد پر لائٹنگ لگائی گئی۔

کانفرنس کے روز مہمان دوپہر 3:30 بجے پہنچنا شروع ہو ئے۔جیسے جیسے مہمان تشریف لاتے گئے ان کو رجسٹرڈ کروانے اور ریفریشمنٹ پیش کرنے کے بعد گروپس میں مسجد کی زیارت کروائی گئی۔ مسجد میں قرآن کریم کی ایک خوبصورت نمائش بھی لگائی گئی۔ اسی دوران جب نماز کا وقت آیا تو مہمانوں کو امام ابراہیم نونن صاحب کی دلکش آواز میں اذان سننے اور بعدازاں نماز مغرب اور عشاء ادا ہوتے دیکھنے کا موقع بھی ملا۔ RTEکی ایک صحافی جو آئی ہوئی تھی نے کہا کہ اسے اذان نہایت سریلی اور پر اثر لگی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز 5:30پرصدر جماعت ایسٹ ڈاکٹر مامون رشید صاحب کے تعارفی کلمات کے بعد تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا جونیشنل جنرل سیکرٹری مکرم شہزاد ملک صاحب نے کی اور اس کا ترجمہ انگریزی اور آئرش زبان میں پیش کیا گیا۔ اس کے بعد نیشنل سیکرٹری تبلیغ مکرم یوسف بھنڈر صاحب نے ایک پریذنٹیشن اور ویڈیو کے ذریعہ جماعت احمدیہ اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تعارف پیش کیا۔

سب سے پہلے ڈپٹی میئر کونسلر مکرم مائک کبرڈ نے منبر پر آکر اظہارِ خیال کیا۔ آپ نے اپنی جماعت کے ساتھ لمبی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے گولوے کی احمدیہ جماعت کو اپنے موٹو ’’محبت سب کے لئے اور نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے مطابق محنت اور اخلاص سے کی جانے والی مساعی کو سراہا۔

اظہار خیال کرنے والے دوسرے سپیکرمکرم ایڈریئن کریسٹیا صاحب (Adrian Cristea) تھےجو ڈبلن بین المذاہب فرم کے صدر ہیں۔ انہوں نے بین المذاہب گفتگو کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کے بعد جماعت کے دیرینہ دوست اور سابقہ گورنمنٹ منسٹر مکرم ایمن اوکیو صاحب ٹی ڈی (ممبر آف پارلیمنٹ) نے اظہار خیال کیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی امن عالم کے لئے غیر معمولی کام کے حوالہ سے انہوں نے فرمایا کہ حضرت خلیفۃ المسیح ایک روشن چراغ ہیں۔ مزید فرمایا کہ آپ کی جماعت خلیفہ سے لے کر نیچے افرادِ جماعت تک ایک مشعل ہے…دنیا میں جہاں کہیں بھی ہو جو کہتی ہے وہی کرتی ہے۔ میں ہمیشہ آپ کے تمام پروگراموں سے انسپائریشن لیتا ہوں اور ان گہرے الفاظ کو محسوس کرتا ہوں کہ ’’محبت سب کے لئے نفرت کسے سے نہیں۔

سب سے پہلے مذہبی مقرر Jesuit Educational Specialist فادر جیکب سَنی صاحب (Father Jacob Sunny) تھے جنہوں نے اپنے نکتہٴ نظر سے اس موضوع پر تقریر کی۔ دوسرےمذہبی مقرر ریورینڈ ایلسٹر ڈوئل صاحب) Reverend Alistair Doyle) تھے جو گولوے کے سینٹ نیکولس کولیجیئٹ چرچ (St Nicholas Collegiate Church Galway)سے ہیں۔

آخری مقرر مشنری انچارج اور نائب نیشنل صدر آئرلینڈ مولانا ابرہیم نونن صاحب تھے۔ اپنے خطاب کے دوران آپ نے ذکر فرمایا کہ تقریباً تین سو سال قبل سے جسے یورپین روشن خیالی کا دور کہا جاتا ہے انسانیت نے خدا اور مذہب سے دور جانے کا سفراختیار کیا ہوا ہے اور اس کا نتیجہ انسانیت کے لئے نہایت مہلک ثابت ہورہا ہے۔اور اس طرح خدا کی طرف واپس لوٹنے کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔ آپ نے اپنے خطاب کے دوران رسول کریم ﷺ نے عرب کے وحشی لوگوں میں جو روحانی انقلاب پیدا کیا جس سے وہ باخدا انسان بن گئے اس کا ذکر کرتے ہوئے آپ کی زندگی سے بعض مثالیں پیش فرمائیں۔

تقاریر کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ آئرلینڈ مکرم ڈاکٹر رضوان احمد صاحب نے جون 2022ء میں منعقدہونے والی چیرٹی واک اورچیرٹی سائیکل واک سے اکٹھی کی جانے والی رقم کے بارے میں پریذنٹیشن دی۔ چنانچہ نیشنل صدر جماعت آئرلینڈ مکرم ڈاکٹر محمدانور ملک صاحب نے ریڈ کراس آئرلینڈ کے ایک نمائندے کو 11,398€ کا چیک پیش کیا اور بعد ازاں آپ نے تمام مہمانانِ خصوصی، سب شاملینِ کانفرنس اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور دعا کے بعد سب لوگ کھانے کی مارکی میں تشریف لے گئے جہاں انہیں عشائیہ پیش کیا گیا۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام پروگرام نہایت کامیاب رہا اور مہمانوں نے اچھے تاثرات کا اظہار کیا۔ فالحمد للّٰہ علیٰ ذلک

(رپورٹ: عطاء الرحمٰن خالد۔ نمائندہ الفضل آن لائن آئرلینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی