مکرم منیر احمد جاوید ،پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 5فروری 2022ء بروز ہفتہ 11.15 بجے صبح دونماز جنازہ حاضر اور کچھ نماز جنازہ غائب پڑھائے۔ جن کی تفصیل یہ ہے۔
نماز جنازہ حاضر
1. مکرمہ ڈاکٹر قمر اعجاز صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری اعجاز احمد وڑائچ صاحب (سربٹن ۔یوکے) 27 جنوری 2022 کو 89 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت چوہدری غلام حسین وڑائچ صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام (آف لویری والا) کی پوتی اور مکرم چوہدری عبد الرحمٰن صاحب ایڈووکیٹ (سابق صدر قضاء بورڈ ربوہ) کی بھابھی تھیں۔ مرحومہ صوم و صلوۃ کی پابند، دیندار، بُہت ہمدرد، غُرباء کا خیال رکھنے والی اور خلافت کے ساتھ گہری وابستگی رکھنے والی ایک نیک بزرگ خاتون تھیں۔ مرحومہ کی اپنی کوئی اولاد نہ تھی لیکن اپنے خاندان کے بچوں سے ہمیشہ بہت پیار کا سلوک رکھا۔ آپ نے بڑی سادہ اور درویشانہ زندگی گزاری۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ ایک ہمشیرہ (مقیم امریکہ) شامل ہیں۔
2. مکرمہ سکینہ شاہین صاحبہ اہلیہ مکرم قریشی مبارک احمد صاحب (سابق کارکن دفتر صدر۔ صدر انجمن احمدیہ ربوہ۔ حال یوکے) 29جنوری 2022 کو 68 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ اپنے شوہر کے ساتھ قریباً چھ ماہ قبل پاکستان سے یوکے آئی تھیں۔ آپ کے شوہر کو دفتر صدر صدر انجمن احمدیہ ربوہ میں 50 سال تک سلسلہ کی خدمت کا موقع مِلا۔مرحومہ صوم و صلوۃ کی پابند، پرہیز گزار، ملنسار، غریب پرور اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی بہت نیک خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔
نماز جناز ہ غائب
1. کرم عبدا للہ چوہدری صاحب (چٹا گانگ۔بنگلہ دیش)
24 دسمبر 2021 کو 87سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے کئی سال جماعت چٹا گانگ میں سیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم ایک سادہ مزاج ، مخلص، نیک اور باوفا انسان تھے اور خلافت کے ساتھ والہانہ عشق رکھتے تھے۔ خلافت کی ہر تحریک پر لبیک کہتے تھے۔مرحوم موصی تھے۔
2. مکرم عبد اللطیف چوہدری صاحب ابن مکرم عبد الرحیم چوہدری صاحب (آٹواہ۔کینیڈا)
12 جنوری 2022 کو 95 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم ایک اچھے Athlete تھے اور گورنمنٹ کالج لاہور کی Rowing ٹیم کے کپتان بھی رہے۔ آپ ایک Veteran بھی تھے اور دوسری جنگ عظیم میں انڈین ایئر فورس میں خدمات بجالاتے رہے۔ 1957ء میں کینیڈا ہجرت کی۔ اس لحاظ سے آپ کینیڈا کے ابتدائی احمدیوں میں سے تھے ۔قرآن کریم اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کا گہرا علم رکھتے تھے اور گھر میں ایک بڑی لائبریری بھی بنا رکھی تھی۔ خلافت کے ساتھ پیار ومحبت اور اخلاص کا تعلق تھا۔ عہدیداران اور مربیان کا بہت احترام کرتے تھے۔ کینیڈا میں مانٹریال اور آٹواہ میں صدر جماعت کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ نمازوں اور چندوں کی ادائیگی میں بہت باقاعدہ تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں دو بیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔
3. مکرمہ ناصرہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد علی خان صاحب
14؍اگست 2021 کو 94 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، تہجد گزار، رو زانہ تلاوت قرآن کریم کرنے والی، باقاعدگی سے ایم ٹی اے دیکھنے والی، مہمان نواز اور ایک بااخلاق نیک خاتون تھیں۔ خلافت سے گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ جماعتی تحریکات کے علاوہ صدقہ وخیرات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم ماجد علی خان صاحب آجکل امیر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ ایک پوتے مربی سلسلہ ہیں اور آجکل جامعہ احمدیہ میں استاد ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین
(ادارہ کی طرف سے پسماندگان تعزیت قبول کریں)