ہمیں سب غم اٹھانے ہیں لوائے مصطفیٰ ؐ تھامے
مگر پھر گیت گانے ہیں لوائے مصطفیٰ ؐ تھامے
خدا نے جو اتاری ہے اسی مشعل کی جگ مگ سے
اندھیرے سب مٹانے ہیں لوائے مصطفیٰ ؐ تھامے
چلے ہیں عزم یہ لے کر سبھی رستے صداقت کے
زمانے کو دکھانے ہیں لوائے مصطفیٰ ؐ تھامے
خلافت کی اطاعت کے، محبت کے، عقیدت کے
میسر سب خزانے ہیں لوائے مصطفیٰ ؐ تھامے
پڑے ہیں آج بھی، یارو! جو غفلت کے لحافوں میں
وہ سوئے سب جگانے ہیں لوائے مصطفیٰ ؐ تھامے
نہ رکنا ہے، نہ جھکنا ہے کسی بھی ظلم کے آگے
قدم آگے بڑھانے ہیں لوائے مصطفیٰ ؐ تھامے
سنو زاہد! سدا جاری ہیں اب چشمے خلافت کے
یہ ہم نے راز جانے ہیں لوائے مصطفیٰ ؐ تھامے
(سید طاہر احمد زاہد)