• 20 اپریل, 2024

ملکی اور عالمی امن کیلئے اونچاسویں (۴۹ویں) بین المذاہب دعا

عالمی امن فیڈریشن امریکہ نامی تنظیم نے مورخہ ۱۱ مارچ ۲۰۲۱ کو بذریعہ زوم اونچاسویں بین المذاہب دعا برائے ملک و دنیا کا انعقاد کیا۔ ۴۵ شرکا نے مختلف مذہبی تنظیموں کی نمائندگی کی۔ میٹنگ کی کاروائی کو فیس بک کے ذریعے لائیو نشر بھی کیا گیا۔

آرچ بشپ جورج سٹالنگز نے اجلاس کی میزبانی کے فرائض سر انجام دئے۔ ابتدائیے اور استقبال کے بعد جناب سٹالنگز نے پیساڈینہ کے یہودی کنیسہ کی دینی گلوکارہ محترمہ روتھ برمن ہارس کا تعارف کروایا۔ محترمہ نے آزادی اور خدا سے تعلق پر بات کی۔

کلیسیائے یسوع مسیح برائے مقدسین آخری ایام کی محترمہ جینی پرییس نے رحم اور معافی کے موضوع پر بات کی۔

پیسیاڈینا کے چرچ آف سائینٹولوجی کی محترمہ کارلا بارتھولومیو نے انسانی خدمت کے مختلف پروگراموں پر بات کی اور اس میں مختلف مذہبی تنظیموں کے لیڈران کی شرکت کا ذکر کیا۔ انھوں نے چرچ آف سائینٹولوجی کا مختصر تعارف بھی پیش کیا اور چرچ آف سائینٹولوجی کا عقیدہ بھی پڑھ کر سنایا۔

آرچ بشپ سٹالنگز نے شمشاد احمد ناصر کا تعارف بحیثیت امریکن مڈویسٹ مشنری برائے عالمگیر جماعت احمدیہ کروایا اور انکی بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے کی کثیر کوششوں کو سراہا۔ مشنری شمشاد احمد ناصر نے اپنے تاثرات کو تلاوت قرآن کریم اور رسول کریمﷺ کی چند دعاؤں سے شروع کیا۔ انھوں نے احمدیہ مسلم جماعت اور انکے بانی کا مختصر تعارف کروایا اور مسیح موعود علیہ السلام کی ان تعلیمات کا ذکر کیا جو کچھ عرصہ پہلے اخبار نیویارک ٹائمز میں اس سرخی سے شائع ہوئیں ’’مسیح موعود کے شفا دینے والے الفاظ‘‘۔ اسمیں انہوں نے کہا ’’خدا کو واحد لاشریک سمجھو اور خدا کے بندوں سے ہمدردی اختیار کرو۔ اور نیک چلن اور نیک خیال انسان بن جاؤ۔ ایسے ہو جاؤ کہ کوئی فساد اور شرارت تمہارے دل کے نزدیک نہ آ سکے۔ جھوٹ مت بولو، افترا مت کرو اور زبان اور ہاتھ سے کسی کو ایذا مت دو اور ہر قسم کے گناہ سے بچتے رہو اور نفسانی جذبات سے اپنے تئیں روکے رکھو۔ کوشش کرو کہ تا تم پاک دل اور بے شر ہو جاؤ ۔۔۔ چاہیے کہ تمام انسانوں کی ہمدردی تمہارا اصول ہو‘‘۔ از کشف الغطا، روحانی خزائن جلد ۱۴، صفحہ ۱۸۷۔۱۸۸

مشنری شمشاد احمد ناصر نے حضرت مرزا مسرور احمد خلیفتہ المسیح الخامس کے ارشادات بھی پڑھ کر سنائے، ’’آپ خدا سے اسوقت تعلق قائم کر سکتے ہیں جب آپ اسکی مخلوق سے محبت کرتے ہیں۔ اگر ہر کوئی اس تعلیم کو یاد رکھے اور عمل میں لائے تو کسی کے دل میں کوئی دشمنی باقی نہیں رہے گی۔ وہ دل کینہ سے پاک ہو جائے گا۔ اسطرح آپ دنیا میں امن قائم کر سکتے ہیں۔‘‘

مشنری شمشاد احمد ناصر نے تمام مذاہب کے لیڈران کو انکا عقیدہ اپنانے کی دعوت دی کیونکہ اسطرح وہ سچ پا کر آخر کار صحیح راستے کی طرف راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

آخر میں ڈاکٹر مائیکل جینکنز، صدر عالمی امن فیڈریشن نے اپنے مختلف بین المذاہبی تجربات کا ذکر کیا۔ ٹومیکو ڈوگان صاحب نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اجلاس کی کاروائی ختم ہوئی۔

(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر۔ امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 اپریل 2021